کامرس اور صنعت کی وزارتہ
azadi ka amrit mahotsav

ڈی جی ٹی آر کی تجارتی  تحفظاتی اقدامات اور منصفانہ تجارتی طریقوں پر میڈیا بریفنگ کا انعقاد


ڈی جی ٹی آر گھریلو صنعت کے تحفظ میں ڈبلیو ٹی او فریم ورک کے اندر کلیدی کردار ادا کرتا ہے: ایڈیشنل سکریٹری اور ڈائریکٹر جنرل تجارتی ریمیڈی جناب امیتابھ کمار

ڈی جی ٹی آر کا تجارتی دفاعی شعبہ عالمی منڈیوں میں بھارتی برآمد کنندگان کے تحفظ کو مزید مضبوط بنا رہا ہے

ڈی جی ٹی آر کے اقدامات چھوٹے اور بہت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں(ایم ایس ایم ایز)اور بکھری ہوئی صنعتوں کے لیے تجارتی ریلیف میکانزم تک رسائی کو مزید آسان بنا رہے ہیں

प्रविष्टि तिथि: 10 JUN 2026 2:07PM by PIB Delhi

ڈپارٹمنٹ آف کامرس کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ٹریڈ ریمیڈیز (ڈی جی ٹی آر) نے آج نئی دہلی میں اپنے ہیڈکوارٹر میں ‘‘تجارتی علاج وتحفظات کے اقدامات:ہندوستانی صنعت کے لیے یکساں مواقع پیدا کرنا’’ کے موضوع پر میڈیا بریفنگ کا اہتمام کیا ۔ یہ بریفنگ اہم ادارہ جاتی کامیابیوں ، اصلاحات اور پالیسی اقدامات کو اجاگر کرنے کے لیے محکمہ تجارت کے میڈیا آؤٹ ریچ اقدام کے ایک حصہ کے طور پر منعقد کی گئی  ہے۔

میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکریٹری اور ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ ریمیڈیز(اے ایس اینڈ ڈی جی)جناب امیتابھ کمار نے ڈی جی ٹی آر کے کردار پر روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ ادارہ وزارتِ تجارت و صنعت کے تحت بھارت کی مربوط تجارتی دفاعی اتھارٹی کے طور پر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈی جی ٹی آر اینٹی ڈمپنگ، اینٹی سبسڈی اور سیف گارڈ تحقیقات کرتا ہے اور ملکی قوانین اور عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیو ٹی او)کے فریم ورک کے مطابق حکومت کو مناسب اقدامات کی سفارش کرتا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ تجارتی تحفظاتی اقدامات دراصل منصفانہ تجارت کے اوزار ہیں، نہ کہ درآمدات پر پابندیاں۔ یہ اقدامات اُن حالات میں استعمال کیے جاتے ہیں جب کم قیمت پر ڈمپنگ، سبسڈی شدہ درآمدات یا اچانک درآمدات میں اضافہ ملکی صنعت کو نقصان پہنچاتا ہے۔ ان کا مقصد منصفانہ مسابقت کو بحال کرنا اور بھارتی پیداوار کنندگان کے لیے  مساوی  میدان فراہم کرنا ہے، جبکہ جائز درآمدات کو منصفانہ قیمتوں پر جاری رکھنے کی اجازت دی جاتی ہے۔

جناب کمار نے ڈی جی ٹی آر کے شفاف اور شواہد پر مبنی تحقیقاتی عمل پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ تحقیقات میں درخواستوں کی جانچ، کارروائی کا آغاز، سوالناموں کے جوابات کا تجزیہ، معلومات کی تصدیق، زبانی سماعت، اہم حقائق کا انکشاف اور حتمی نتائج جاری کرنا شامل ہوتا ہے۔ تمام متعلقہ فریقین بشمول ملکی صنعت، برآمد کنندگان، درآمد کنندگان اور صارفین کو اپنا موقف پیش کرنے کا مکمل موقع دیا جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈی جی ٹی آر متوازن نقطۂ نظر اپناتا ہے اور صارف صنعتوں، ڈاؤن اسٹریم سیکٹرز اور صارفین کے مفادات کو بھی مدنظر رکھتا ہے۔ اس سلسلے میں  شراکت داروں  سے مشاورت، معاشی اثرات کا جائزہ اور ممکنہ ڈیوٹیز کے اثرات کا تجزیہ کیا جاتا ہے۔ ڈی جی ٹی آر ‘‘لیسر ڈیوٹی رول” پر عمل کرتا ہے، جس کے تحت صرف اتنی ہی ڈیوٹی تجویز کی جاتی ہے جتنی ملکی صنعت کو ہونے والے نقصان کو دور کرنے کے لیے ضروری ہو۔

ڈپارٹمنٹ آف کامرس کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ٹریڈ ریمیڈیز (ڈی جی ٹی آر) کی جانب سے منعقدہ میڈیا بریفنگ میں ایک اہم کامیابی کے طور پر ڈی جی ٹی آر کی ٹریڈ ڈیفنس وِنگ کے کردار کو اجاگر کیا گیا، جسے 2016 میں قائم کیا گیا تھا۔ یہ وِنگ بھارتی برآمد کنندگان کی اُن بین الاقوامی تجارتی کارروائیوں میں معاونت کرتی ہے جن میں اینٹی ڈمپنگ، کاؤنٹرویل نگ ڈیوٹی اور سیف گارڈ تحقیقات شامل ہوتی ہیں۔ یہ پلیٹ فارم مختلف اداروں،  وزارتوں ،ریاستی حکومتوں، بھارتی مشنز، برآمدی کونسلز، کموڈیٹی بورڈز، برآمد کنندگان اور قانونی ماہرین کے درمیان رابطہ کاری کا کام کرتا ہے تاکہ بیرونی ممالک میں بھارت کے تجارتی مفادات کا تحفظ کیا جا سکے۔

 جناب امتابھ کمار نے مزید بتایا کہ حالیہ اصلاحات میں “سیٹُو’’ (ایس ای ٹی یو)نظام ایک اہم پیش رفت ہے، جو 24 اکتوبر 2025 کو شروع کیا گیا تھا۔ اس نظام کے ذریعے تجارتی دفاعی کیسز کی مکمل ڈیجیٹل پروسیسنگ ممکن ہوئی ہے، جس میں آن لائن درخواستیں، منظم دستاویزات کی جمع آوری، ڈیجیٹل رابطہ اور محفوظ ریکارڈ مینجمنٹ شامل ہے۔ یہ پلیٹ فارم ملکی پروڈیوسرز، برآمد کنندگان، درآمد کنندگان اور غیر ملکی حکومتوں کے لیے ایک سنگل ونڈو ڈیجیٹل سہولت فراہم کرتا ہے۔

بریفنگ میں دیگر اقدامات میں اکنامک انٹرسٹ سوالنامہ، ہیلپ ڈیسک و فیسی لیٹیشن سینٹر، ٹریڈ ریمیڈیز ایڈوائزری سیل (ٹی آر اے سی) ، آگاہی پروگرامز اور بکھری ہوئی صنعتوں کے لیے آسان درخواست فارم شامل تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریڈ نوٹس نمبر 09/2021(مورخہ 29 جولائی 2021) کے تحت متعارف کرایا گیا آسان درخواست فارم خاص طور پر ایم ایس ایم ایز اور چھوٹی اور بکھری ہوئی صنعتوں کے لیے تجارتی تحفظاتی نظام تک رسائی کو آسان بنانے میں مددگار ثابت ہوا ہے۔

اختتامی کلمات میں  جناب کمار نے کہا کہ تجارتی تحفظاتی اقدامات منصفانہ تجارت کو یقینی بنانے، ملکی مینوفیکچرنگ کو مضبوط کرنے اور قواعد پر مبنی عالمی تجارتی نظام کی حمایت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نےڈی جی ٹی آر کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ادارہ شفاف تحقیقات، تمام فریقین کی شمولیت، ڈیجیٹل تبدیلی اور بھارتی صنعت و برآمد کنندگان کے لیے مؤثر تجارتی دفاعی معاونت جاری رکھے گا۔

*****

(ش ح  ۔ م م ع۔م ذ)

U. No. 8215


(रिलीज़ आईडी: 2271174) आगंतुक पटल : 8
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Gujarati , Tamil