پنچایتی راج کی وزارت
خود کفیل پنچایتیں وکست بھارت کے سفر کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کریں گی:جناب وویک بھاردواج، سیکریٹری، وزارتِ پنچایتی راج
آتم نربھر پنچایت پروگرام کے تحت آگاہی و توسیعی ورکشاپ گاندھی نگر، گجرات میں منعقد
प्रविष्टि तिथि:
09 JUN 2026 6:59PM by PIB Delhi
9 جون 2026 کو گاندھی نگر میں وزارتِ پنچایتی راج، حکومتِ ہند نے محکمۂ پنچایتی راج، حکومتِ گجرات کے اشتراک سے آتم نربھر پنچایت پروگرام کے تحت ایک آگاہی و توسیعی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔

اس ورکشاپ میں اعلیٰ سرکاری افسران، مالیاتی اداروں کے نمائندگان اور گجرات بھر سے شرکاء نے شرکت کی۔ 100 سے زائد افراد نے ذاتی طور پر جبکہ 300 سے زیادہ افراد نے ورچوئل طور پر شرکت کی۔ شرکاء میں 78 پنچایت نمائندگان شامل تھے، جن میں وہ نمایاں نمائندے بھی شامل تھے جنہوں نے اپنی گرام پنچایتوں میں اپنے ذرائع آمدن(او ایس آر) پیدا کرنے میں قابلِ ذکر کارکردگی دکھائی۔

افتتاحی تقریرکرتے ہوئے جناب وویک بھاردواج ،سیکریٹری وزارتِ پنچایتی راج نے آتم نربھر پنچایتوں کے وژن اور ان کے آتم نربھر بھارت اور وکست بھارت کے طویل المدتی قومی اہداف کے حصول میں کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے نچلی سطح کی حکمرانی کی انقلابی صلاحیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ وژن خود کفیل اور بااختیار پنچایتوں کے ذریعہ حقیقت کا روپ اختیار کر سکتا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ پنچایتیں قومی تبدیلی کے اہم محرک ادارے ہیں، جو اپنی منفرد حیثیت کی وجہ سے عوام میں شعور بیدار کرنے اور اجتماعی کوششوں کو منظم انداز میں آگے بڑھا کر خود کفیل اور مضبوط کمیونٹیز کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہیں۔
LX28.jpeg)
انہوں نے پنچایت رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ اختراعی سوچ اپنائیں اور اپنے علاقوں میں بامعنی اور دیرپا اثرات پیدا کرنے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کریں، اور اس بات کی نشاندہی کی کہ حقیقی قیادت کی پہچان اس میراث سے ہوتی ہے جو وہ اپنے بعد چھوڑتی ہے۔
انہوں نے ترقی اور بہتری کے نئے مواقع کو بروئے کار لانے کے لیے درست نقطۂ نظر اپنانے کی اہمیت پر زور دیا اور شرکاء کو اس بات کی ترغیب دی کہ وہ خود کو تبدیلی کے محرک کے طور پر دیکھیں، تاکہ وہ بااختیار، مضبوط اور خود کفیل پنچایتوں کی تشکیل میں کردار ادا کر سکیں، جو 2047 تک وکست بھارت کے وژن کے حصول میں معاون ثابت ہوں۔

جناب دھننجے دوییدی، پرنسپل سیکریٹری، پنچایت، دیہی ہاؤسنگ اور دیہی ترقی محکمہ، حکومتِ گجرات نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت کا خود کفالت کی طرف سفر مضبوط مالی بنیادوں پر قائم گرام پنچایتوں سے گہرا تعلق رکھتا ہے۔ انہوں نے اپنے ذرائع آمدن میں اضافہ، گرانٹس پر انحصار میں کمی، اور سرکاری فنڈز کے مؤثر استعمال کی ضرورت پر زور دیا۔ گجرات کی پیش رفت کو تسلیم کرتے ہوئے انہوں نے مزید جدت، حکمتِ عملی پر مبنی منصوبہ بندی اور بہترین طریقۂ کار اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے سرپنچوں کو تلقین کی کہ وہ اعلیٰ کارکردگی دکھانے والی پنچایتوں سے سیکھیں اور کامیاب ماڈلز کو اپنے علاقوں میں نافذ کریں اور اس بات پر زور دیا کہ اچھی حکمرانی کی بنیاد مقامی ملکیت، جوابدہی اور فعال عوامی شمولیت پر ہوتی ہے۔
اپنے خیرمقدمی خطاب میں ڈاکٹر گورو دیہیا، ایڈیشنل ڈویلپمنٹ کمشنر، حکومتِ گجرات نے اپنے ذرائع آمدن کو مضبوط بنانے کی اہمیت کو اجاگر کیا اور پنچایت نمائندگان کو مؤثر اور پائیدار مقامی حکمرانی کے لیے جدت پر مبنی طریقے اپنانے کی ترغیب دی۔ انہوں نے گجرات کی میونسپل کارپوریشنز کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں مضبوط بجٹنگ اور ریونیو سسٹمز قائم کیے گئے ہیں، اور اسی طرز پر پنچایتوں کو بھی مالی طور پر خود کفیل مقامی اداروں میں تبدیل ہونا چاہیے۔
ڈاکٹر پردیپ پراتے، جنرل منیجر، نابارڈ گجرات نے اس بات کی توثیق کی کہ وکست بھارت کا وژن دیہی برادریوں کو قومی ترقی کے ناگزیر شراکت دار کے طور پر تسلیم کرتا ہے۔ انہوں نے وزارتِ پنچایتی راج کی مسلسل کوششوں کو سراہا جو ملک بھر میں پنچایتی راج اداروں اور دیہی مقامی اداروں کو مضبوط بنانے کے لیے جاری ہیں۔ انہوں نے ادارہ جاتی ہم آہنگی کے ذریعے پنچایتوں کو اقتصادی ترقی اور خود کفالت کے مضبوط محرکات میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے نابارڈ کی جانب سے گرام پنچایتوں کو ایسے قابلِ عمل اور آمدنی پیدا کرنے والے منصوبوں کی تیاری میں تعاون کی پیشکش بھی کی، جو مقامی معاشی ترقی اور مالی پائیداری کو بہتر بنا سکیں۔
جناب ومل کمار ریجنل چیف، ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ کارپوریشن ہوڈکو(ایچ یو ڈی سی او)، احمد آباد نے خطاب کرتے ہوئے پنچایتی راج اداروں کے لیے تکنیکی معاونت، استعداد کار میں اضافے اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے ذریعے حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزارتِ پنچایتی راج کی تکنیکی ٹیم نے آتم نربھر پنچایت پروگرام کا تفصیلی فریم ورک پیش کیا اور آتم نربھر پنچایت پورٹل کا لائیو ڈیمانسٹریشن بھی کیا۔ اس سیشن میں درخواست کے پورے نظام اور ڈیش بورڈز کا تفصیلی عملی جائزہ پیش کیا گیا۔ جس سے شرکاء کو پروگرام کے مؤثر ڈیجیٹل نفاذ اور آپریشنلائزیشن کے حوالے سے عملی رہنمائی حاصل ہوئی۔
ورکشاپ میں ایک انٹرایکٹو سوال و جواب کا سیشن بھی شامل تھا۔ جناب وویک بھاردواج سیکریٹری، وزارتِ پنچایتی راج نے گجرات پنچایتی راج محکمہ کے اعلیٰ افسران کی موجودگی میں شرکاء سے تبادلۂ خیال کیا۔ اس سیشن نے سوالات کے جواب دینے، تجاویز پر گفتگو کرنے اور تعمیری مکالمے و علمی تبادلے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کیا۔
اس موقع پر محترمہ مکُتا شیخَر، جوائنٹ سیکریٹری، وزارتِ پنچایتی راج اور جناب ڈی این مودی، ڈویلپمنٹ کمشنر، حکومتِ گجرات بھی موجود تھے۔
یہ ورکشاپ ملک بھر میں خود کفیل، فعال اور مالی طور پر مضبوط پنچایتوں کے قیام کی سمت ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوئی، جس نے مکالمے، علم کے تبادلے اور صلاحیت سازی کو فروغ دیا۔
آتم نربھر پنچایت پروگرام
آتم نربھر پنچایت پروگرام کا مقصد اہل گرام پنچایتوں اور بلاک پنچایتوں کو ایسے مالی طور پر قابلِ عمل اور بینک ایبل منصوبے تیار کرنے اور نافذ کرنے میں معاونت فراہم کرنا ہے جو ان کے اپنے ذرائع آمدن(او ایس آر) کو مضبوط بنائیں۔ ایک شفاف قومی چیلنج عمل کے ذریعہ منتخب پنچایت تجاویز کو منصوبہ جاتی تیاری سے لے کر مالی بندش تک خصوصی تکنیکی معاونت فراہم کی جائے گی۔
اس معاونت میں پبلک-پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) کی سہولت، کارپوریٹ سوشل رسپانسبلٹی(سی ایس آر) فنڈنگ، بینک فنانس اور مختلف سرکاری اسکیموں کے ساتھ ربط شامل ہوگا۔
اس پروگرام میں کمیونٹی کی شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے گرام سبھا کی لازمی منظوری کو شرط قرار دیا گیا ہے۔ منصوبوں کے خیالات خود پنچایتوں کی جانب سے پیش کیے جائیں گے، جبکہ تکنیکی معاونت کے ذریعے ان تجاویز کو قابلِ عمل اور بینک سے مالی مدد حاصل کرنے کے قابل منصوبوں میں تبدیل کیا جائے گا۔چار سالہ مدت کے اس پروگرام کا مقصد ایک نئی نسل کی خود کفیل اور معاشی طور پر مضبوط پنچایتوں کی تشکیل ہے، جو یہ ثابت کریں کہ مالی خودمختاری اور مؤثر مقامی حکمرانی ساتھ ساتھ چل سکتے ہیں۔
*****
(ش ح ۔ م ح ۔ش ب ن)
U. No. 8199
(रिलीज़ आईडी: 2271020)
आगंतुक पटल : 6