نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

جل شکتی کی وزارت  کی جانب سے نائب صدرِ جمہوریہ کو دریاؤں کو آپس میں جوڑنے اور پانی کے تحفظ کے بڑے اقدامات کے بارے میں جانکاری دی گئی


نائب صدرِ جمہوریہ کا بھارت کے آبی تحفظ کے لیے دریاؤں کو آپس میں جوڑنے اور زیرِ زمین پانی کی سطح بڑھانے کی ضرورت پر زور

’’دریاؤں کو جوڑنے میں پیسہ نہیں بلکہ سوچ سب سے بڑا چیلنج ہے‘‘:  نائب صدرِ جمہوریہ

نائب صدرِ جمہوریہ کی جانب سے پانی کے تحفظ کے لیے ’’جل سنچے جن بھاگیداری‘‘اقدام کی ستائش

प्रविष्टि तिथि: 09 JUN 2026 3:09PM by PIB Delhi

جل شکتی  کے مرکزی وزیرجناب سی۔ آر۔ پاٹل، جل شکتی کے  وزیر مملکت ڈاکٹر راج بھوشن چودھری اور جل شکتی کی  وزارت کے  محکمہ برائے آبی وسائل، ترقیِ دریا اور گنگا کی بحالی کے اعلیٰ حکام نے آج نائب صدرِ جمہوریہ ہند، جناب سی۔ پی۔ رادھا کرشنن سے اُپ راشٹرپتی بھون میں ملاقات کی۔  

میٹنگ کے دوران نائب صدرِ جمہوریہ جناب سی۔ پی۔ رادھا کرشنن کو ملک بھر میں پانی کے تحفظ اور آبی وسائل کے انتظام کو مضبوط بنانے کے لیے محکمہ برائے آبی وسائل، ترقیِ دریا اور گنگا کی بحالی کی طرف سے شروع کیے گئے مختلف اقدامات اور منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

نائب صدرِ جمہوریہ نے محکمے کے سب سے اہم اور بنیادی اقدام ’’جل سنچے جن بھاگیداری‘‘(جے ایس جے بی) کی ستائش کی، جو حکومتوں، برادریوں، صنعتوں اور سماجی تنظیموں کو شامل کر کے پورے معاشرے کی کوششوں کے ذریعے پانی کے تحفظ اور زیرِ زمین پانی کی سطح کو بڑھانے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔ انہیں بتایا گیا کہ اس مہم کے دوسرے مرحلے کے تحت، پانی کے تحفظ اور زیرِ زمین پانی کی سطح بڑھانے والے 1.55 کروڑ سے زیادہ ڈھانچوں کی تعمیر کی اطلاع ملی ہے، جو کہ مقررہ ہدف سے کہیں زیادہ ہے۔

بریفنگ کے دوران، نائب صدرِ جمہوریہ کو دریاؤں کو آپس میں جوڑنے کے بڑے منصوبوں کی پیشرفت سے بھی واقف کرایا گیا، جن میں کین-بیتوا لنک منصوبہ، پاروتی-کالی سندھ-چمبل لنک منصوبہ اور گوداوری-کاویری لنک منصوبہ شامل ہیں۔ جناب سی۔ پی۔ رادھا کرشنن نے اس بات پر زور دیا کہ دریاؤں کو آپس میں جوڑنا پانی کی قلت کو دور کرنے، قحط سالی کے اثرات کو کم کرنے، آبپاشی کے دائرہ کار کو بڑھانے اور متوازن علاقائی ترقی کو یقینی بنانے میں ایک انقلابی کردار ادا کر سکتا ہے۔

نائب صدرِ جمہوریہ نے تجویز دی کہ کین-بیتوا لنک منصوبے جیسے جاری بڑے قومی آبی بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کو دستاویزی فلموں اور تاریخی ریکارڈ کے ذریعے جامع طور پر محفوظ کیا جانا چاہیے، تاکہ آنے والی نسلیں ملک کی تعمیر کی ان تاریخی کوششوں کی قدر کر سکیں اور ان پر فخر محسوس کر سکیں۔

دریاؤں کو آپس میں جوڑنے کی حمایت میں کی گئی اپنی پرانی پد یاترا کو یاد کرتے ہوئے، نائب صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ دریاؤں کو جوڑنے کے منصوبوں پر عمل درآمد میں رقم یا فنڈز کی دستیابی سب سے بڑا چیلنج نہیں ہے۔ انہوں نے نوٹ کیا کہ سوچ اور ذہنیت سے جڑے مسائل اور سیاسی مصلحتیں اکثر رکاوٹ بن جاتی ہیں۔ انہوں نے وسیع تر قومی مفاد میں پانی کے انتظام و انصرام کے لیے دور اندیشانہ اور تعاون پر مبنی رویوں کی ضرورت پر زور دیا۔

جل شکتی کے مرکزی وزیر جناب سی۔ آر۔ پاٹل اور  جل شکتی کے  وزیر مملکت ڈاکٹر راج بھوشن چودھری نے نائب صدرِ جمہوریہ کو ستمبر 2026 میں منعقد ہونے والے ’بھارت بین الاقوامی ہفتہ برائے آب‘  (انڈیا انٹرنیشنل واٹر ویک )میں شرکت کی دعوت بھی دی۔

***********

ش ح۔م م ۔ ا ک م

U No. 8163


(रिलीज़ आईडी: 2270751) आगंतुक पटल : 13
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Bengali , Bengali-TR , Gujarati , Tamil , Kannada , Malayalam