سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیر وریندر کمار نے وینچر کیپیٹل فنڈ اور اے ایس آئی آئی ایم کے ذریعے بااختیار بننے والے کاروباریوں کی کامیابیوں کی کہانیاں پیش کرنے والے کتابچے کا اجراء کیا


’امنگ سے کامیابی تک‘: وزارت برائےسماجی انصاف و تفویضِ اختیارات نے کاروباری معاونت کے اقدامات کے انقلاب انگیز  اثرات پر روشنی ڈالی

प्रविष्टि तिथि: 03 JUN 2026 5:11PM by PIB Delhi

مرکزی وزیر برائے سماجی انصاف اور تفویضِ اختیارات ڈاکٹر وریندر کمار نے آج ایک کتابچہ ’’امنگ سے کامیابی تک: کاروباریوں اور اختراع کاروں کی کامیابی کی کہانیاں‘‘جاری کیا۔ اس کتابچے میں ان کاروباریوں کے متاثر کن سفر پر روشنی ڈالی گئی ہے جو درج فہرست ذاتوں (ایس سی)، پسماندہ طبقات (بی سی) کے لیے وینچر کیپیٹل فنڈ اور امبیڈکر سوشل انوویشن اینڈ انکیوبیشن مشن (اے ایس آئی آئی ایم) کے تحت فراہم کردہ تعاون کے ذریعے نمونۂ عمل بن کر ابھرے ہیں۔

اس تقریب میں محترم وزیرِ مملکت برائے سماجی انصاف اور تفویضِ اختیارات، جناب رام داس اٹھاولے، سکریٹری (وزارتِ سماجی انصاف اور تفویضِ اختیارات)، وزارت کے اعلیٰ حکام اور آئی ایف سی آئی وینچر کیپیٹل فنڈز لمیٹڈ کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے، مرکزی وزیر نے درج فہرست ذاتوں اور پسماندہ طبقات کے اراکین میں کاروبار، اختراع اور خود انحصاری کو فروغ دینے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کتابچے میں شامل کامیابی کی کہانیاں، خواہش مند طبقات کے لیے مواقع پیدا کرنے اور انہیں ملازمت کے متلاشیوں کے بجائے روزگار فراہم کرنے والا بنانے میں طے شدہ مالیاتی اور ادارہ جاتی تعاون کے انقلاب انگیز اثرات کی عکاسی کرتی ہیں۔

وزیر موصوف نے اس بات کا ذکر کیا کہ وینچر کیپیٹل فنڈز اور اے ایس آئی آئی ایم  انٹرپرائز کی ترقی کے ذریعے سماجی اور اقتصادی طور پر بااختیار بنانے کے وژن کو پورا کرنے کے اہم ذرائع ہیں۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ان اقدامات نے ہونہار کاروباریوں کو سرمایہ، رہنمائی ، انکیوبیشن سپورٹ اور مارکیٹ روابط حاصل کرنے میں مدد فراہم کی ہے، جس سے ہمہ جہت اقتصادی ترقی  میں مدد مل رہی ہے۔

یہ کتابچہ متعدد ایسے کاروباریوں اور اختراع کاروں کے سفر کی دستاویز ہے جنہوں نے مینوفیکچرنگ، ٹیکنالوجی، خدمات، صحت کی دیکھ بھال، زراعت اور سماجی کاروباری اداروں سمیت مختلف شعبوں میں اپنے کاروبار کو کامیابی کے ساتھ قائم اور وسیع کیا ہے۔ ان کے تجربات یہ ظاہر کرتے ہیں کہ کس طرح بروقت تعاون اور وسائل کی دستیابی کاروباری صلاحیتوں کو نکھار سکتی ہے اور پائیدار روزگار کے مواقع پیدا کر سکتی ہے۔

اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے، وزیرِ مملکت نے مستفیدین کے عزم اور حوصلے کی ستائش کی، جن کی کامیابیاں ملک بھر کے ابھرتے ہوئے کاروباریوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے سماجی اور اقتصادی طور پر پسماندہ طبقات کے لیے کاروباری ایکو سسٹم کو مزید مضبوط بنانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔

 وزارتِ سماجی انصاف اور تفویضِ اختیارات کےسکریٹری نے کاروباری فروغ کی اسکیموں کے دائرۂ کار اور اثرات کو وسعت دینے کے لیے وزارت کی مسلسل کوششوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے محروم طبقات کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے میں اختراع، استعداد کار میں اضافے اور مالی شمولیت  کی اہمیت پر زور دیا۔

اس کتابچے کا مقصد بہترین طور طریقوں کو عام کرنا، کاروباری پروگراموں میں وسیع تر شرکت کی حوصلہ افزائی کرنا اور وزارت کے اہم اقدامات کے مثبت نتائج کو سامنے لانا ہے۔ امید ہے کہ یہ کتابچہ ابھرتے ہوئے کاروباریوں اور اختراع کاروں کو پورے اعتماد کے ساتھ اپنے کاروباری خیالات کو آگے بڑھانے اور ملک کی اقتصادی ترقی میں اپنا تعاون پیش کرنے کی ترغیب دے گا۔

سماجی انصاف اور تفویضِ اختیارات کی وزارت مواقع تک مساوی رسائی کو فروغ دینے اور ایک ایسے ہمہ جہت کاروباری ماحول کو تیار کرنے کے لیے پُرعزم ہے جو ہر شہری کو اپنی مکمل صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے قابل بنائے۔

***

ش ح۔ ک ح۔ا ش ق

U. No. 7938


(रिलीज़ आईडी: 2268542) आगंतुक पटल : 10
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी