بجلی کی وزارت
مرکزی وزیر جناب منوہر لال نے تریپورہ حکومت کے ساتھ بجلی کے شعبے اور شہری ترقی کی اسکیموں کا جائزہ لیا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
31 MAY 2026 6:56PM by PIB Delhi
بجلی اور ہاؤسنگ و شہری امور کے مرکزی وزیر جناب منوہر لال نے آج اگرتلہ میں ریاست تریپورہ کے لیے بجلی کے شعبے اور شہری ترقیاتی اسکیموں سے متعلق امور کا جائزہ لیا۔
میٹنگ میں تریپورہ کے وزیرِ اعلیٰ جناب مانک ساہا، وزیرِ بجلی، حکومتِ تریپورہ، نیز ریاستی حکومت، وزارتِ بجلی، وزارتِ ہاؤسنگ و شہری امور، حکومتِ ہند، اور بجلی کے شعبے کے سی پی ایس ایز کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
میٹنگ کا آغاز مرکزی وزیر نے ان کلیدی شعبوں پر روشنی ڈالنے سے کیا جہاں ریاستی محکمۂ بجلی اور ریاستی پاور سیکٹر کے پی ایس یوز ایک تفصیلی ایکشن پلان کے ساتھ کام کر سکتے ہیں۔ ریویمپڈ ڈسٹری بیوشن سیکٹر اسکیم (آر ڈی ایس ایس) اور ڈسکوم کے آپریشنل اور مالیاتی پیرامیٹرز سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ انہوں نے مجموعی تکنیکی اور تجارتی (اے ٹی اینڈ سی) نقصانات کو کم کرنے اور ڈسکوم کی مالی کارکردگی کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے سرکاری صارفین/اداروں میں نصب میٹروں کو پری پیڈ نظام میں تبدیل کرنے پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے ریونیو کلیکشن(محصولات کی وصولی) بہتر بنانے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ریاست میں اسمارٹ میٹرنگ کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور اس کے تیز تر نفاذ کا مشورہ دیا۔ ریاست نے اگست 2026 تک سرکاری صارفین کو پری پیڈ میٹرنگ میں منتقل کرنے اور زیرِ التوا اسمارٹ میٹرنگ کے کام جولائی 2027 تک مکمل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لیے ریاست میں وسائل کی کفایت اور انٹرا اسٹیٹ ٹرانسمیشن پلاننگ کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا اور ریاست کو مشورہ دیا کہ ٹرانسمیشن صلاحیت میں اضافہ طلب میں اضافے کے مطابق یقینی بنایا جائے۔ ریاست نے وسائل کی کفایت کے منصوبے کے مطابق انٹرا اسٹیٹ ٹرانسمیشن انفراسٹرکچر اور متعلقہ اقدامات میں تیزی لانے کا عہد کیا ہے۔
پی ایم-کسم اور پی ایم سوریہ گھر مفت بجلی یوجنا کے تحت پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ریاست کو مشورہ دیا گیا کہ وہ دور دراز اور کم سہولت والے علاقوں سمیت صاف ستھری توانائی تک رسائی بڑھانے کے لیے ان اسکیموں سے بھرپور استفادہ کرے۔ ریاست نے مارچ 2027 تک دو لاکھ صارفین کے لیے روف ٹاپ سولر نصب کرنے کا عہد کیا ہے، جس سے ان صارفین کے بجلی کے اخراجات میں بھی کمی آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ مخلصانہ کوششیں ریاستی ڈسکوم کو مالی طور پر مستحکم اور ریاست کے بجلی کے شعبے کو خود کفیل بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔
بجلی کے مرکزی وزیر نے ریاست کی مجموعی ترقی کے لیے حکومتِ ہند کی جانب سے مسلسل تعاون اور ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔
وزیرِ اعلیٰ نے یقین دلایا کہ ریاست، منظور شدہ منصوبوں کے تیز رفتار نفاذ اور بجلی کے شعبے کی مجموعی کارکردگی میں بہتری کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گی۔
***
UR-7788
(ش ح۔اس ک )
(ریلیز آئی ڈی: 2267328)
وزیٹر کاؤنٹر : 15