نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت
رکشا کھڈسے نے مشرقی گارو ہلز میں ضلع جائزہ لیا؛ کہا، ’’پور ووُتر سمپرک سیتو شمال مشرقی خطے کے ساتھ مرکز کے رابطے کو مضبوط بنا رہا ہے‘‘
وزیرِ مملکت نے ولیم نگر میں کھیلوں کی سہولیات کا دورہ کیا؛ ماہی پروری و مویشی پروری کے اقدامات، دستکاری اور ضلع ترقیاتی ترجیحات کا جائزہ لیا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
27 MAY 2026 2:08PM by PIB Delhi
نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کی مرکزی وزیر مملکت محترمہ رکشا کھڈسے نے آج شمال مشرقی خطہ کی ترقی کی وزارت (ایم ڈی او این ای آر) کے پور ووُتر سمپرک سیتو اقدام کے تحت میگھالیہ کے ضلع مشرقی گارو ہلز کے ولیم نگر دورہ کیا۔ مرکز اور ریاست کے درمیان تال میل کو مضبوط بنانے اور شمال مشرقی خطے میں ترقیاتی رسائی کو گہرا کرنے کے لیے شمال مشرقی خطہ کی ترقی کی وزارت کی جانب سے شروع کردہ یہ اقدام مرکزی وزراء کے متواتر دوروں کی سہولت فراہم کرتا ہے، تاکہ سرکاری پروگراموں کے نفاذ کا جائزہ لیا جا سکے، زمینی سطح پر مقامی ترجیحات کو دیکھا جا سکے اور ضلع انتظامیہ و مقامی برادریوں کے ساتھ قریبی رابطہ قائم کیا جا سکے۔ ان کوششوں کے ذریعے، وزارت شمال مشرق میں جامع ترقی، بنیادی ڈھانچے کی تعمیر، روزگار کے فروغ اور مضبوط ادارہ جاتی تال میل کے لیے مسلسل تعاون فراہم کر رہی ہے۔
اس دورے کے دوران، وزیر موصوف نے ضلع میں کھیلوں کی سہولیات کا معائنہ کیا اور نچلی سطح پر کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے جاری کوششوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ولیم نگر کے آر جی ایچ ایس ایس پلے گراؤنڈ میں آرٹیفیشل فٹ بال ٹرف کا دورہ کیا اور کھیلوں میں شرکت کو فروغ دینے اور خطے میں نوجوان ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے کے لیے فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا۔ وزیر موصوف نے تامبو آڈنگ میں زیرِ تعمیر کھیلو انڈیا ملٹی پرپز انڈور ہال کی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا، جو شمال مشرقی خطے میں کھیلوں کے معیاری بنیادی ڈھانچے کو وسعت دینے کے لیے حکومت کے عزم کو اجاگر کرتا ہے۔
محترمہ کھڈسے نے ماہی پروری اور مویشی پروری سے متعلق اقدامات کا بھی جائزہ لیا اور خطے میں پائیدار ذریعۂ روزگار کی فراہمی اور دیہی اقتصادی ترقی کی اہمیت پر زور دیا۔ اس بات چیت میں مقامی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے، پیداواری صلاحیت کو بہتر بنانے اور ان شعبوں پر انحصار کرنے والی برادریوں کے لیے وسیع تر اقتصادی مواقع پیدا کرنے پر خاص توجہ دی گئی۔
اس دورے کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے محترمہ رکشا کھڈسے نے کہا، ”شمال مشرقی خطہ جامع اور متوازن ترقی کے لیے وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی کے وژن میں ایک مرکزی مقام رکھتا ہے۔ پور ووُتر سمپرک سیتو جیسے اقدامات کے ذریعے ہم مقامی برادریوں اور ضلع انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطے کو یقینی بنا رہے ہیں تاکہ علاقائی ترجیحات کو بہتر طور پر سمجھا جا سکے۔ کھیلوں کے بنیادی ڈھانچےکو مضبوط بنانے، ماہی پروری اور مویشی پروری کے ذریعے پائیدار ذریعۂ روزگار کو فروغ دینے اور مشرقی گارو ہلز کی گراں مایہ دستکاری کی روایتوں کو محفوظ رکھنے میں ہونے والی پیشرفت کو دیکھ کر مجھے بے حد حوصلہ ملا ہے۔ حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ ترقی نچلی سطح تک پہنچے اور نوجوانوں و مقامی برادریوں کے لیے بامعنی مواقع پیدا ہوں۔“
وزیر موصوف نے مقامی دستکاری کے سامان اور روایتی مصنوعات کی نمائش کرنے والی سہولیات کا بھی دورہ کیا اور مشرقی گارو ہلز کے لوگوں کے بھرپور ثقافتی ورثے اور کاریگری کی مہارتوں کو سراہا۔ انہوں نے مقامی کاریگروں اور اپنی مدد آپ گروپوں (ایس ایچ جی) کی مدد کے لیے مقامی دستکاری کو فروغ دینے اور مارکیٹ لنکیجز کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
اس دورے کے دوران، مشرقی گارو ہلز کے ڈپٹی کمشنر جناب آر پی مارک (آئی اے ایس) اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس جناب پوار سوپنل وسنت راؤ (آئی پی ایس) کے علاوہ ضلع کے سینئر حکام بھی محترمہ کھڈسے کے ہمراہ تھے، جنہوں نے انہیں جاری ترقیاتی اقدامات اور ضلعی ترجیحات کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔
یہ دورہ پورے شمال مشرقی خطے میں کھیلوں کے ایکو سسٹم کو مضبوط بنانے، دیہی روزگار کو فروغ دینے اور مقامی کاروباری اداروں کی ترقی میں مدد کے لیے حکومتِ ہند کے مسلسل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ پوور ووُتر سمپرک سیتو جیسے اقدامات کے ذریعے مربوط ترقی کو فروغ دینے اور مرکز و شمال مشرقی ریاستوں کے درمیان قریبی روابط کو برقرار رکھنے کے لیے شمال مشرقی خطے کی ترقی کی وزارت (ایم ڈی او این ای آر) کی مسلسل کوششوں کو بھی اجاگر کرتا ہے۔

********
ش ح۔ ک ح۔خ م
U. No.7615
(ریلیز آئی ڈی: 2265902)
وزیٹر کاؤنٹر : 14