صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

عالمی ادارۂ صحت نے ایبولا وبا کو بین الاقوامی تشویش کی حامل صحتِ عامہ ایمرجنسی قرار دیا، افریقہ سی ڈی سی نے براعظمی سلامتی سے متعلق صحتِ عامہ ایمرجنسی کا اعلان کیا


حکومتِ ہند نے شہریوں کو جمہوریہ کانگو، یوگنڈا اور جنوبی سوڈان کے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 24 MAY 2026 8:24AM by PIB Delhi

ایبولا مرض کے، جمہوریہ کانگو (ڈی آر سی) اور یوگنڈا میں سامنے آنے والے پھیلاؤ کے پیشِ نظر، عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے بین الاقوامی صحت ضوابط (آئی ایچ آر) 2005 کے تحت 17 مئی 2026 کو اس صورتحال کو بین الاقوامی تشویش کی حامل صحتِ عامہ ایمرجنسی (پی ایچ ای آئی سی) قرار دیا ہے۔

افریقہ مراکز برائے امراض کی روک تھام و انسداد (افریقہ سی ڈی سی) نے بھی جمہوریہ کانگو اور یوگنڈا میں پھیلنے والی بُنڈی بُگیو نوع کے ایبولا وائرس مرض کو باضابطہ طور پر براعظمی سلامتی سے متعلق صحتِ عامہ ایمرجنسی (پی ایچ ای سی ایس) قرار دیا ہے۔

مزید برآں، عالمی ادارۂ صحت کی آئی ایچ آر ایمرجنسی کمیٹی نے 22 مئی 2026 کو عارضی سفارشات جاری کرتے ہوئے داخلی مقامات پر بیماری کی نگرانی کو مضبوط بنانے پر زور دیا، تاکہ ’’ان علاقوں سے آنے والے ایسے مسافروں کی نشاندہی، جانچ، اطلاع اور نگہداشت کی جا سکے جن میں بغیر وضاحت بخار کی علامات پائی جائیں، جہاں بُنڈی بُگیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہو چکی ہے‘‘ اور ساتھ ہی “ایسے علاقوں کے سفر کی حوصلہ شکنی” بھی کی گئی ہے جہاں اس وائرس کی تصدیق ہو چکی ہو۔

جمہوریہ کانگو اور یوگنڈا سے متصل ممالک، بشمول جنوبی سوڈان، کو بیماری کے پھیلاؤ کے لحاظ سے زیادہ خطرے والا علاقہ قرار دیا گیا ہے۔

ایبولا مرض ایک وائرسی خون رِساؤ بخار ہے جو ایبولا وائرس کی بُنڈی بُگیو قسم سے متاثر ہونے کے باعث لاحق ہوتا ہے۔ یہ ایک نہایت سنگین بیماری ہے جس میں شرحِ اموات بہت زیادہ ہوتی ہے۔ فی الحال بُنڈی بُگیو وائرس سے پیدا ہونے والے ایبولا مرض کی روک تھام یا علاج کے لیے کسی ویکسین یا مخصوص دوا کی منظوری نہیں دی گئی ہے۔

ہندوستان میں اب تک بُنڈی بُگیو وائرس سے پیدا ہونے والے ایبولا مرض کا کوئی معاملہ سامنے نہیں آیا ہے۔

جمہوریہ کانگو اور دیگر متاثرہ ممالک میں تیزی سے بدلتی صورتحال کے پیشِ نظر اور عالمی ادارۂ صحت کی سفارشات کے مطابق، حکومتِ ہند نے تمام ہندوستانی شہریوں کو آئندہ اطلاع تک جمہوریہ کانگو، یوگنڈا اور جنوبی سوڈان کے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

جو ہندوستانی شہری اس وقت ان ممالک میں مقیم ہیں یا سفر کر رہے ہیں، انہیں مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ مقامی حکام کی جانب سے جاری کردہ صحتِ عامہ کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں اور غیر معمولی احتیاط برتیں۔

مشاورتی ہدایت نامہ یہاں ملاحظہ کیا جا سکتا ہے:

https://mohfw-dohfw.gov.in/static/uploads/2026/05/2c1ba58591b94ed8a892935e75e8006f.pdf

******

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-7474


(ریلیز آئی ڈی: 2264703) وزیٹر کاؤنٹر : 8
یہ ریلیز پڑھیں: English , Gujarati , Kannada , Malayalam