ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

دہلی-این سی آر میں فضائی آلودگی کی روک تھام اور کنٹرول سے متعلق اہم ایجنڈاجاتی نکات کے جائزے کے لیے سی اے کیو ایم کی 28ویں مکمل کمیشن  کےاجلاس کا انعقاد کیا گیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 15 MAY 2026 4:55PM by PIB Delhi

دہلی-این سی آر میں فضائی معیار کے انتظامی کمیشن (سی اے کیو  ایم) کی 28ویں مکمل کمیشن میٹنگ 15.05.2026 کو جناب راجیش ورما کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ اجلاس کے دوران دہلی-این سی آر میں فضائی آلودگی کی روک تھام اور کنٹرول سے متعلق اہم ایجنڈاجاتی نکات پر تفصیلی غور و خوض اور جائزہ لیا گیا۔

کمیشن نے سی اے کیو  ایم ایکٹ، 2021 کی دفعہ 12 کے تحت مسودہ ہدایت نمبر 99 جاری کرنے کی منظوری دی، جو سال 2026 میں دھان کی پرالی جلانے کی روک تھام اور اس کے کنٹرول کے لیے عملی منصوبے کے نفاذ سے متعلق ہے۔ اس کا مقصد این سی آر ریاستوں میں دھان کی پرالی جلانے کے واقعات کو مکمل طور پر ختم کرنا ہے۔ کمیشن نے ذکر کیا کہ ریاستی حکومتوں نے سی اے کیو  ایم کی فراہم کردہ وسیع فریم ورک کے مطابق دھان کی کٹائی کے سیزن 2026 کے لیے ریاستی مخصوص عملی منصوبے تیار اوراپڈیٹ کیے ہیں۔

کمیشن نے مسودہ ہدایت نمبر 100 جاری کرنے کی بھی منظوری دی، جس کے تحت علاقے میں صاف اور ماحول دوست نقل و حرکت کو فروغ دینے اور گاڑیوں سے ہونے والے آلودہ اخراج میں کمی لانے کے مقصد سے دہلی-این سی آر میں مرحلہ وار صرف ایل-5 زمرے کے برقی تین پہیہ گاڑیوں (مسافربردار اور سامان بردار) کے اندراج کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کمیشن نے ذکر کیا کہ فضائی معیار کے ماہرین کی حالیہ رپورٹ میں گاڑیوں کے شعبے کو دہلی-این سی آر میں پی ایم 2.5 اخراج کے اہم ذرائع میں سے ایک قرار دیا گیا ہے اور صاف نقل و حرکت کی طرف تیز رفتار تبدیلی پر زور دیا گیا ہے۔ کمیشن کی جانب سے دسمبر 2025 میں تشکیل دی گئی ماہر کمیٹی نے بھی تین پہیہ گاڑیوں پر اپنی عبوری رپورٹ پیش کرتے ہوئے انہیں الیکٹرک گاڑیوں میں تبدیل کرنے کی سفارش کی ہے۔ اسی کے مطابق کمیشن نے 01.01.2027 سے دہلی میں، 01.01.2028 سے گڑگاؤں، فریدآباد، سونی پت، غازی آباد اور گوتم بدھ نگر جیسے زیادہ گاڑیوں کی کثافت والے قریبی اضلاع میں، اور 01.01.2029 سے این سی آر کے باقی اضلاع میں صرف ایل-5 زمرے کے تین پہیہ الیکٹرک گاڑیوں کے اندراج کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس کے علاوہ، این سی آر میں درست آلودگی کنٹرول سرٹیفکیٹ (پی یو سی سی) کے بغیر گاڑیوں کو ایندھن فراہم کرنے پر پابندی سے متعلق مسودہ ہدایت نمبر 101 پر بھی غور و خوض کیا گیا اور اسے منظور کر لیا گیا۔ اس ہدایت کے مطابق پی ایم 2.5، این او ایکس اور سی او کی سطح میں نمایاں کردار ادا کرنے والے گاڑیوں کےآلودہ اخراج کو کنٹرول کرنے کے لیے پورے این سی آر میں 01.10.2026 سے صرف درست پی یو سی سی پیش کرنے پر ہی ایندھن فراہم کیا جائے گا۔

کمیشن نے گندم کی پرالی جلانے کے واقعات میں اچانک اضافے کا جائزہ لیا اور متعلقہ ریاستی حکومتوں اور اداروں کو سخت نفاذ کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ کمیشن نے ذکر کیا کہ 01.04.2026 سے 14.05.2026 تک پنجاب میں مجموعی طور پر 8,986 واقعات رپورٹ ہوئے، جبکہ سال 2025 کی اسی مدت میں یہ تعداد 6,474 تھی۔ اسی طرح ہریانہ میں اس مدت کے دوران 3,290 واقعات رپورٹ ہوئے، جبکہ سال 2025 کی اسی مدت میں یہ تعداد 1,503 تھی۔

کمیشن نے دہلی-این سی آر میں مسلسل ماحولیاتی فضائی معیار کی نگرانی کے اسٹیشنز کے نیٹ ورک کو مضبوط بنانے کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ کمیشن نے ذکر کیا کہ نظر ثانی شدہ معیار کے مطابق دہلی اور اس سے متصل شہروں (غازی آباد، نوئیڈا، گریٹر نوئیڈا، گڑگاؤں، فریدآباد اور سونی پت) میں ہر 25 مربع کلومیٹر (5 کلومیٹر × 5 کلومیٹر گرڈ) پر ایک مانیٹرنگ اسٹیشن جبکہ دیگر ضلعی ہیڈکوارٹرز اور شہروں میں ہر 50 مربع کلومیٹر پر ایک اسٹیشن قائم کرنے کا تصور ہے۔ دہلی-این سی آر میں مجموعی طور پر 46 اضافی مانیٹرنگ اسٹیشنز قائم کیے جانے کی تجویز ہے، جن میں دہلی میں 14، ہریانہ میں 16، اتر پردیش میں 15 اور راجستھان میں 1 اسٹیشن شامل ہے۔ اس کے ساتھ مانیٹرنگ اسٹیشنز کی مجموعی تعداد بڑھ کر 157 ہو جائے گی۔ کمیشن نے متعلقہ این سی آر ریاستوں کی جانب سے باقی اسٹیشنز کی جلد تنصیب پر زور دیا۔

سی اےکیو ایم ایکٹ 2021 کی دفعہ 11(2) کے تحت ’’نگرانی اور نشاندہی‘‘ ذیلی کمیٹی کی تنظیمِ نو کو بھی کمیشن نے منظور کیا تاکہ خطے میں نگرانی اور تعمیل کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

کمیشن نے این سی آر کی ریاستی حکومتوں اور جی این سی ٹی ڈی کی جانب سے ٹرانسپورٹ، صنعت، گردوغبار کنٹرول، فضلہ  سے نمٹنے، فصلوں کی باقیات کو ٹھکانے لگانے اور جدید فضائی معیار کی نگرانی سمیت مختلف شعبوں میں فضائی آلودگی کے کنٹرول کے لیے سالانہ عملی منصوبہ 2026 کی تیاری اور نفاذ کے لیے کی گئی کوششوں کی تعریف کی۔ کمیشن نے یہ بھی ذکر کیا کہ سالانہ ایکشن پلانز کے تحت اقدامات کی نگرانی کے لیے سی اےکیو ایم ایک ڈیجیٹل ایم آئی ایس پورٹل تیار کر رہا ہے۔

کمیشن نے سال 27-2026 کے لیے این سی آر ریاستوں اور دہلی قومی دارالحکومت خطے کے لیے طے شدہ شجرکاری اور گرینری کے اہداف کا بھی جائزہ لیا اور ان کے حصول کے لیے باقاعدہ فالو اپ اور مؤثر نفاذ پر زور دیا۔ کمیشن نے ذکر کیا کہ سال 27-2026 کے لیے این سی آر ریاستوں، مرکزی مسلح پولیس فورسز اور تعلیمی اداروں میں تقریباً 4.60 کروڑ درخت، جھاڑیاں اور بانس کے پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

سال 25-2024 کے دوران بایوماس کو-فائرنگ کے اہداف حاصل نہ کرنے والے تھرمل پاور پلانٹس پر عائد جرمانوں، ان سے متعلق اپیلوں اور معزز قومی سبز ٹریبونل کے مشروط عبوری حکم امتناعی کی صورتحال کا بھی کمیشن نے جائزہ لیا۔ ماحولیاتی (تھرمل پاور پلانٹس کے ذریعے فصلوں کی باقیات کے استعمال) ضوابط 2023 کے تحت چھ غیر تعمیل کرنے والے تھرمل پاور پلانٹس پر 61.85 کروڑ روپے سے زائد کا ماحولیاتی معاوضہ عائد کیا گیا ہے۔

کمیشن نے 23.06.2022 کے ہدایت نمبر 65، جیسا کہ ترمیم شدہ ہے، کے تحت منظور شدہ ایندھنوں کی معیاری فہرست میں دی گئی رعایت کی مدت میں توسیع کا بھی نوٹس لیا، جس کے تحت صنعتوں میں متبادل ایندھن کے استعمال کی اجازت 13.06.2026 تک یا اگلے حکم تک جاری رہے گی۔

کمیشن نے ایم. سی. مہتا مقدمے میں دہلی میں داخل ہونے والے مال بردار گاڑیوں پر نظر ثانی شدہ ماحولیاتی معاوضہ فیس (ای سی سی) کے نفاذ سے متعلق معزز سپریم کورٹ کے 12.03.2026 کے حکم کا بھی نوٹس لیا۔ کمیشن نے ذکر کیا کہ ای سی سی شرحوں میں ترمیم کے لیے سی اےکیو ایم کی جانب سے پیش کی گئی سفارشات کو معزز سپریم کورٹ نے مناسب، منصفانہ اور غیر جانبدار قرار دیا ہے۔

کمیشن نے 20.02.2026 کو منعقدہ پچھلی مکمل کمیشن میٹنگ کے بعد جاری ہونے والے جی آر اے پی احکامات کا جائزہ لیا اور دہلی-این سی آر میں موجودہ فضائی معیار کی صورتحال کی بنیاد پر گریڈڈ ریسپانس ایکشن پلان (جی آر اے پی) کے مختلف مراحل کے نفاذ اور ان کے خاتمے کی معلومات حاصل کیں۔

دہلی-این سی آر میں فضائی آلودگی کے کنٹرول کے لیے این سی آر ریاستوں اور جی این سی ٹی ڈی کے لیے 03.03.2026 کو سی اےکیو ایم کی جانب سے جاری کردہ مخصوص معلومات، تعلیم اور ابلاغ (آئی ای سی) سرگرمیوں کے خاکے کا بھی کمیشن نے جائزہ لیا۔ اس خاکے میں شعبہ وار متعلقہ فریقین کے ساتھ مسلسل رابطے اور سال بھر بھرپور آئی ای سی مہم چلانے کا تصور شامل ہے۔

کمیشن نے نفاذسے متعلق ٹاسک فورس (ای ٹی ایف) کے فیصلوں، صنعتی یونٹس کے بند ہونے اور دوبارہ شروع ہونےکی صورتحال کا بھی جائزہ لیا تاکہ قانونی ہدایات اور ماحولیاتی معیار کی تعمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔ 08.05.2026 تک فلائنگ اسکواڈز نے مجموعی طور پر 27,008 مقامات کا معائنہ کیا اور صنعتوں، تعمیر و انہدام کے مقامات اور دیگر زمروں سمیت مختلف شعبوں میں 1,779 معاملات میں بند کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔

سی اےکیو ایم نے جاری ہدایات کی سخت تعمیل کی ضرورت کو دہراتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں اور این سی آر ریاستی حکومتوں کو دہلی-این سی آر میں فضائی آلودگی سے نمٹنے کے لیے سالانہ عملی منصوبوں اور شعبہ کے لحاظ سے اقدامات کے مؤثر نفاذ کے لیے مربوط کوششیں کرنے کی ہدایت دی۔

 

***

ش ح ۔ع ح۔م ش

U. No.7191


(ریلیز آئی ڈی: 2262207) وزیٹر کاؤنٹر : 7
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Punjabi , Tamil