مواصلات اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

جنیوا میں آئی ٹی یو کونسل 2026 کے دوران بھارت نے عالمی ٹیلی کام قیادت کو مزید مضبوط کیا


بھارت کے ذریعے آئی ٹی یو پلینی پوٹینشیری کانفرنس 2030 کی میزبانی کرنے کا امکان

محکمۂ ٹیلی کمیونیکیشن (ڈی او ٹی) کے وفد نے اہم مذاکرات میں فعال شرکت کی؛ بھارت نے عالمی ڈیجیٹل تعاون اور آئی ٹی یو کی قیادت سے متعلق اپنی وابستگی کو مزید مستحکم کیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 14 MAY 2026 5:30PM by PIB Delhi

محکمہ ٹیلی کمیونیکیشنز (ڈی او ٹی) کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل (بین الاقوامی تعلقات) جناب مکیش کمار کی قیادت میں بھارتی وفد نے 28 اپریل سے 08 مئی 2026 تک جنیوا، سوئٹزرلینڈ میں منعقد ہونے والے انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین (آئی ٹی یو) کونسل 2026 کے اجلاس میں شرکت کی۔

کونسل کے اجلاس کے دوران، محکمہ ٹیلی کمیونیکیشنز (ڈی او ٹی) کے وفد نے جنیوا میں اقوام متحدہ کے دفتر میں بھارت کے مستقل نمائندے کے ساتھ مل کر عالمی ٹیلی کمیونیکیشن اور ڈیجیٹل تعاون سے متعلق کئی اہم امور پر ہونے والی گفتگو میں فعال حصہ لیا، جبکہ ڈیجیٹل اور ٹیلی کام شعبے میں بھارت کی بڑھتی ہوئی قیادت کو بھی اجاگر کیا۔

بھارت نے آئی ٹی یو پلینی پوٹینشیری کانفرنس (پی پی-2030) کی میزبانی کے لیے اپنی تجویز پیش کی۔ آئی ٹی یو کونسل نے پی پی-2030 کانفرنس کی میزبانی کے لیے بھارت کی تجویز قبول کر لی، جو عالمی ٹیلی کام اور ڈیجیٹل پالیسی سازی میں بھارت کے بڑھتے ہوئے کردار کا ایک اہم سنگِ میل ہے۔ امکان ہے کہ بھارت کی اس تجویز کی حتمی منظوری نومبر 2026 میں دوحہ، قطر میں منعقد ہونے والی آئی ٹی یو پلینی پوٹینشیری کانفرنس 2026 میں دی جائے گی۔ وفد نے آئی ٹی یو کی علاقائی موجودگی، آئی ٹی یو کی رکنیت، اور آئی ٹی یو تقریبات کے انعقاد سمیت کئی دیگر اہم موضوعات پر بھی اظہارِ خیال کیا۔

آئی ٹی یو انتخابات میں بھارت کی امیدواری کے لیے بھرپور مہم چلاتے ہوئے، بھارت نے 30 اپریل 2026 کو آئی ٹی یو کے احاطے میں ایک نیٹ ورکنگ استقبالیہ منعقد کیا، جس میں 69 رکن ممالک نے شرکت کی۔ اس موقع پر بھارت نے آئی ٹی یو کونسل میں دوبارہ انتخاب اور ریڈیو کمیونیکیشن بیورو کے ڈائریکٹر کے عہدے کے لیے اپنی امیدواری پیش کی۔ ریڈیو کمیونیکیشن بیورو کے ڈائریکٹر کے عہدے کے لیے بھارت کی امیدوار ڈاکٹر ریوتھی منیپلی نے استقبالیے کے دوران آئی ٹی یو کے ریڈیو شعبے سے متعلق اپنا وژن پیش کیا۔

کونسل اجلاس کے موقع پر، بھارت کی امیدواریوں کے لیے حمایت حاصل کرنے اور آئی ٹی یو کے رکن ممالک کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے 15 دوطرفہ ملاقاتیں بھی کی گئیں۔

8 مئی 2026 کو مرکزی وزیرِ مواصلات جناب جیوتیرادتیہ ایم سندھیا نے ورچوئل طور پر کونسل سے خطاب کیا اور ڈبلیو ٹی ایس اے قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے بھارت کی رضاکارانہ مالی معاونت کا اعلان کیا، جس میں 6G، مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر، اور پائیدار ڈیجیٹل تبدیلی شامل ہیں۔ توقع ہے کہ اس تعاون سے آئی ٹی یو کے کام کی قیادت کرنے اور عالمی ٹیلی کام معیاری سازی اور ڈیجیٹل ترقیاتی اقدامات میں مزید کردار ادا کرنے کے لیے بھارت کے لیے مستقبل میں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

آئی ٹی یو کونسل کا تعارف

آئی ٹی یو کونسل، آئی ٹی یو کے انتظامی ادارے کے طور پر کام کرتی ہے اور اس میں 48 منتخب رکن ممالک شامل ہیں۔ یہ کونسل تنظیم کی حکمتِ عملی، پالیسی، بجٹ اور مالی نگرانی کا جائزہ لینے کے لیے ہر سال جنیوا میں اجلاس منعقد کرتی ہے۔ بھارت 1952 سے آئی ٹی یو کونسل کا رکن ہے۔

 ***

ش ح۔ ف ش ع

U: 7080


(ریلیز آئی ڈی: 2261193) وزیٹر کاؤنٹر : 8
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Tamil