وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

دفاع کے وزیرمملکت نے کیرالم کے کازاکوٹم میں سینک اسکولوں کی 52ویں آل انڈیا پرنسپل کانفرنس کا افتتاح کیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 07 MAY 2026 9:08PM by PIB Delhi

دفاع کےوزیر مملکت جناب سنجے سیٹھ نے 7 مئی 2026 کو کیرالم کے کازاکوٹم میں واقع سینک اسکول میں سینک اسکولوں کی 52ویں آل انڈیا پرنسپل کانفرنس کا افتتاح کیا۔ دو روزہ پروگرام کا آغاز جنگی یادگار پر پھول چڑھا کر خراجِ عقیدت پیش کرنے سے ہوا، جس کے بعد دفاع کےوزیرمملکت نے روایتی چراغ روشن کرکے کانفرنس کا باقاعدہ افتتاح کیا۔کانفرنس میں تعلیمی معیار میں بہتری، ادارہ جاتی کارکردگی کا جائزہ، پالیسی سے متعلق امور اور سینک اسکول نظام کو مزید مضبوط اور مؤثر بنانے کے لیے آئندہ کی سرگرمیوں پر خصوصی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ پروگرام میں تبادلۂ خیال پر مبنی نشستیں، مختلف ایجنڈا نکات پر تفصیلی گفتگو اور ’’گیان میلہ‘‘ کے نام سے ایک تعلیمی نمائش کا مشاہدہ بھی شامل تھا۔ اس نمائش میں جدید تعلیمی ٹیکنالوجی، تدریسی طریقۂ کار اور جدید حل پیش کیے گئے۔

 

دفاع کےوزیر مملکت جناب سنجے سیٹھ نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے 33 سینک اسکولوں کے نمائندوں اور 79 نئے سینک اسکولوں کے پرنسپلوں سے خطاب کرتے ہوئے نظم و ضبط، ذمہ داری اور حب الوطنی سے سرشار نوجوانوں کو تیار کرنے میں سینک اسکولوں کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے مسلح افواج کے لیے مستقبل کے افسران تیار کرنے میں تعلیمی معیار، قائدانہ صلاحیت اور کردار سازی کی اہمیت پر خصوصی زور دیا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ سینک اسکول اب تک نیشنل ڈیفنس اکیڈمی (این ڈی اے)، انڈین نیول اکیڈمی (آئی این اے) اور دیگر فوجی اکیڈمیوں کے لیے ہزاروں باصلاحیت افسران فراہم کر چکے ہیں۔

 

ایوارڈ تقسیم تقریب کے دوران سینک اسکول نگرورٹا کو سال 2025 میں نیشنل ڈیفنس اکیڈمی اور انڈین نیول اکیڈمی میں سب سے زیادہ کیڈٹس بھیجنے پر باوقار ’’رکشامنتری ٹرافی‘‘ سے نوازا گیا۔ اس کے علاوہ سینک اسکول ستارا کو دسویں جماعت میں شاندار تعلیمی کارکردگی پر ’’سرٹیفکیٹ آف میرٹ‘‘ دیا گیا، جبکہ سینک اسکول کازاکوٹم کو تعلیمی سال 25-2024 میں جماعت بارہویں میں تعلیمی کارکردگی پر ’’سرٹیفکیٹ آف میرٹ‘‘ سے سرفراز کیا گیا۔

 

 

قومی تعلیمی پالیسی 2020 اور وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے وژن کے مطابق، حکومت ملک بھر میں 100 نئے سینک اسکول قائم کرنے کی سمت میں کام کر رہی ہے۔ اس پہل کے تحت اب تک 86 نئے سینک اسکولوں کو منظوری دی جا چکی ہے، جن میں سے 79 اسکول اس وقت الحاق حاصل کرکے فعال طور پر چل رہے ہیں۔ ان نئے سینک اسکولوں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ موجودہ 33 سینک اسکولوں کی طرح اعلیٰ تعلیمی اور ادارہ جاتی معیار کو برقرار رکھیں گے، تاکہ پورے ملک میں معیار، نظم و ضبط اور امتیازی کارکردگی میں یکسانیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد نوجوانوں کے لیے مسلح افواج میں شامل ہونے کا راستہ فراہم کرنے سمیت وسیع مواقع پیدا کرنا ہے۔

اس کانفرنس میں جوائنٹ سیکریٹری ستیہ جیت موہنتی، کموڈور آر کے شرما، بریگیڈیئر امت چٹرجی، ایئر کموڈور شکتی شرما، سینک اسکول سوسائٹی کے معائنہ افسران اور ملک بھر کے سینک اسکولوں کے پرنسپلوں نے شرکت کی۔ یہ دو روزہ کانفرنس 8 مئی 2026 کو اختتام پذیر ہوگی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 (ش ح ۔ ع ح۔ع د)

U. No. 6792


(ریلیز آئی ڈی: 2258946) وزیٹر کاؤنٹر : 10