نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

انڈین ریونیو سروس (انکم ٹیکس) کے 79ویں بیچ کے زیرِ تربیت افسران نے نائب صدر جمہوریہ سے ملاقات کی


’ریونیو سروس کے افسران ملک کے مالیاتی استحکام کے محافظ ہیں‘: نائب صدر جمہوریہ

’ایماندار ٹیکس دہندگان ملک کے عظیم ترین محبین وطن میں شامل ہیں‘: نائب صدر جمہوریہ

نائب صدر جمہوریہ کی انڈین ریونیو سروس ( آئی آر ایس) کے زیرِ تربیت افسران کو منصفانہ اور شفاف ٹیکس انتظامیہ کو یقینی بنانے کی تلقین

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 13 MAR 2026 7:36PM by PIB Delhi

انڈین ریونیو سروس (انکم ٹیکس) کے 79ویں بیچ کے زیرِ تربیت افسران نے آج اُپ راشٹرپتی بھون میں نائب صدر جمہوریہ ہند، جناب سی پی رادھا کرشنن سے ملاقات کی۔

 

 

زیرِ تربیت افسران سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے ریونیو سروس کے افسران کو ملک کے مالیاتی استحکام کا محافظ قرار دیا اور اس بات پر زور دیا کہ ملک بھر میں ترقیاتی سرگرمیاں صرف ٹیکسوں کے ذریعے حاصل ہونے والے ریونیو کی بدولت ہی ممکن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں افسران کو یہ یقینی بنانا ہے کہ ٹیکس کی چوری نہ ہو، وہیں انہیں یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ ٹیکس دہندگان کو کسی غیر ضروری پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر قانونی آمدنی کی نشاندہی کی جانی چاہیے، جبکہ ایماندارانہ اور جائز کمائی کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔

انہوں نے اس بات کا تذکرہ کیا کہ ٹیکس انتظامیہ اور ادائیگیوں میں ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے استعمال جیسی پیش رفت کے باوجود، کچھ افراد اب بھی ٹیکس چوری کے لیے نظام میں ہیرا پھیری کی کوشش کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹیکس افسران کا فرض ہے کہ وہ ایسے معاملات کا پتہ لگائیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ واجب الادا ٹیکس ادا کیے جائیں۔

نائب صدر نے کہا کہ بھارت تیزی سے ترقی کر رہا ہے، جس میں بڑے پیمانے پر دولت پیدا ہو رہی ہے، بنیادی ڈھانچہ مضبوط ہو رہا ہے اور دیہی و شہری دونوں علاقوں میں ترقی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی ترقی کے ساتھ جیسے جیسے ریونیو میں اضافہ ہو رہا ہے، ریونیو افسران کا کردار اور ذمہ داری مزید اہم ہوتی جا رہی ہے۔ ایماندار ٹیکس دہندگان کو ملک کے عظیم ترین محبین وطن میں شمار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کے ساتھ ہمیشہ احترام کے ساتھ پیش آنا چاہیے۔

بھارت کی اچھی حکمرانی کی مالامال روایت کا حوالہ دیتے ہوئے، نائب صدر جمہوریہ نے کوٹلیہ کی تعلیمات کا ذکر کیا، جنہوں نے نصیحت کی تھی کہ ٹیکس لگانے کا عمل شہد کی مکھی کے کام جیسا ہونا چاہیے، جو پھولوں کو تروتازہ چھوڑتے ہوئے صرف مناسب مقدار میں رس جمع کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بے تحاشہ ٹیکسوں کا دور، جب انفرادی آمدنی پر 90 فیصد سے زیادہ شرح سے ٹیکس لگایا جاتا تھا، اب بہت پیچھے رہ گیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ٹیکس کا نظام شفاف، غیر جانبدارانہ اور ٹیکس دہندگان کے لیے آسان ہونا چاہیے، جبکہ ٹیکس چوری سے سختی سے نمٹا جانا چاہئے۔

نائب صدر جمہوریہ نے "سیوا تیرتھ" کے افتتاح کے موقع پر وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے الفاظ کو بھی یاد کیا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ "خدمت کا جذبہ بھارت کی روح اور اس کی اصل شناخت ہے"۔ انہوں نے اس بات کا تذکرہ کیا کہ سیوا تیرتھ کا نام شہریوں کی خدمت کے ایک مقدس مقام کے طور پر رکھا گیا ہے۔ انہوں نے زیرِ تربیت افسران پر زور دیا کہ وہ ’سیوا پرمو دھرمہ‘(خدمت ہی سب سے بڑا فرض ہے) کے رہنما اصول پر عمل کریں۔

اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ آئی آر ایس  افسران کو مستقبل میں ڈیجیٹل لین دین، عالمی سطح پر پھیلے ہوئے کاروباری اداروں، کرپٹو کرنسیوں اور سرحد پار مالیاتی ڈھانچوں جیسے پیچیدہ معاملات سے نمٹنا ہوگا، انہوں نے زندگی بھر سیکھنے کے عمل کی اہمیت پر زور دیا اور زیرِ تربیت افسران کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ حکومت کے استعدادِ کار بڑھانے والے پلیٹ فارم 'آئی گوٹ'  کا بھرپور استعمال کریں۔

نائب صدر نے کہا کہ آئی آر ایس افسران کے پاس خصوصی مہارتیں ہوتی ہیں جو انہیں 2047 تک 'وکست بھارت' کی جانب ملک کے سفر میں ایک اہم قوت بناتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک ترقی یافتہ بھارت کا وژن صرف حکومت اکیلے حاصل نہیں کر سکتی بلکہ یہ شہریوں کی اجتماعی کوششوں سے ہی شرمندہ تعبیر ہوگا۔

اس موقع پر  براہ راست ٹیکسوں کے مرکزی  بورڈ کےچیئرمین، جناب روی اگروال ، جناب پنکج کمار مشرا ،ممبر ایڈمنسٹریشن، سی بی ڈی ٹی، محترمہ انیتا سنہا،پرنسپل ڈائریکٹر جنرل - آئی ٹی ٹریننگ اور جناب سبیچن کے میتھیو،ڈائریکٹر جنرل، نیشنل اکیڈمی آف ڈائریکٹ ٹیکسز کے ساتھ 183 زیرِ تربیت افسران موجود تھے، جن میں رائل بھوٹان سروس کے دو افسران بھی شامل تھے۔

***

ش ح۔ م ع۔ ص ج

U.NO. 6701


(ریلیز آئی ڈی: 2258383) وزیٹر کاؤنٹر : 5