لوک سبھا سکریٹریٹ
لوک سبھا کے اسپیکر نے جامع اور اقدار پر مبنی تعلیم پر زور دیا
لوک سبھا کے اسپیکر نے نوجوانوں سے جمہوریت میں سرگرمی سے حصہ لینے کی اپیل کی
لوک سبھا کے اسپیکر نے دہلی یونیورسٹی کے کروڑی مل کالج کے طلبہ سے خطاب کیا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
23 APR 2026 8:17PM by PIB Delhi
نئی دہلی، 23 اپریل 2026:لوک سبھا کے اسپیکر جناب اوم برلا نے کروڑی مل کالج کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کو محض روزگار کے حصول تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ یہ سماجی ذمہ داری، شمولیت اور کردار سازی کا طاقتور ذریعہ ہونی چاہیے۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی خواہشات کو قومی وژن کے وسیع تر دائرے سے ہم آہنگ کریں اور جمہوریت میں سرگرمی سے حصہ لیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ترقی کا حقیقی معیار تبھی بامعنی بنتا ہے جب معاشرے کے آخری فرد تک مواقع اور ترقی کی رسائی ہو۔
جناب اوم برلا نے ہندوستان کے بدلتے ہوئے تعلیمی منظرنامے کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ قومی تعلیمی پالیسی 2020 سے انقلابی دور کا آغاز ہواہے، جو تنقیدی سوچ اور تعلیمی استحکام کو فروغ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علم اور مہارتیں ضروری ہیں، لیکن ان کے ساتھ مضبوط اخلاقی اقدار، دیانت داری اور استقامت کا ہونا بھی ناگزیر ہے تاکہ دیرپا اور بامعنی کامیابی حاصل کی جا سکے۔ اساتذہ کے کلیدی کردار پر زور دیتے ہوئے انہوں نے انہیں معاشرے کے حقیقی معمار قرار دیا جو نہ صرف علم فراہم کرتے ہیں بلکہ ذمہ دار، باشعور اور وطن سے وابستہ شہری بھی تیار کرتے ہیں۔
جناب اوم برلا نے کالج کے جامع اقدامات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور ہنرمندی کی تربیت کے ذریعے بصارت سے محروم طلبہ کو بااختیار بنا کر یہ ادارہ مساوی تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات شمولیت کے تئیں گہری عہدبندی کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے مزیداس بات پر زور دیا کہ تعلیم میں سماجی انصاف اور مساوات کے اصولوں کو شامل کرنا نہایت ضروری ہے اور اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ کروڑی مل کالج اپنے جامع طرزِ عمل کے ذریعے ان اقدار کو عملی طور پر فروغ دے رہا ہے۔
لوک سبھا کے اسپیکر کا مہاراجہ اگرسین کالج کے طلبہ سے خطاب
اس سے قبل، دہلی یونیورسٹی کے مہاراجہ اگرسین کالج کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ نہ صرف اپنے منتخب شعبوں میں مہارت حاصل کریں بلکہ ملک کے جمہوری اور ترقیاتی سفر میں بھی اپنی ذمہ داری ادا کریں۔ انہوں نےاس بات پر زور دیا کہ ’وکست بھارت 2047‘ کا خواب صرف نوجوانوں کے وژن، جدت طرازی اور عزم کے ذریعے ہی شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے۔
جناب اوم برلا نے ہندوستان کے نوجوانوں کو پُراعتماد، حوصلہ مند اور عالمی سطح پر مسابقت کا اہل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی نوجوان پہلے ہی جدت، تحقیق، انٹرپرینیورشپ اور عالمی قیادت جیسے شعبوں میں اپنی شناخت بنا رہے ہیں، جس سے دنیا میں ملک کے بڑھتے ہوئے وقار کی عکاسی ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ دور بے مثال مواقع کا حامل ہے، جہاں نوجوان ہندوستان کو ایک بڑی عالمی طاقت میں تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کامیابی کی بنیاد محنت، نظم و ضبط اور عزم کو قرار دیتے ہوئے اس بات پر طلبہ کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ بڑے خواب دیکھیں، بہترین کارکردگی کے لیے کوشش کریں اور ایک خود کفیل ہندوستان کی تعمیر میں فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حکمرانی اور پالیسی سازی میں نوجوانوں کی زیادہ شمولیت سے جمہوری اداروں کو مضبوطی ملے گی اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ قیادت کو فروغ ملے گا۔
جناب اوم برلا نے مہاراجہ اگرسین کالج کی تعریف کرتے ہوئے اسے جدید تعلیم کا ایک متحرک مرکز قرار دیا جو تحقیق، جدت طرازی اور علمی امتیاز کو فروغ دے رہا ہے۔ مہاراجہ اگرسین کی متاثر کن گورننس کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مساوات، سماجی ہم آہنگی اور اجتماعی خوشحالی پر مبنی ان کا فلاحی ماڈل آج بھی قابلِ عمل اور رہنمائی کا نمو نہ ہے۔ سردار ولبھ بھائی پٹیل کی زندگی اور نقوش کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے انہیں ہندوستان کے مضبوط آئینی اور انتظامی ڈھانچے کا ایک عظیم سرچشمہ قرار دیا۔ تاریخ سے سبق سیکھنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عظیم رہنماؤں کی زندگیوں اور نظریات کو سمجھنا نوجوانوں میں کردار سازی، خود اعتمادی اور قوم سازی کے جذبے کو مضبوط کرتا ہے۔
لوک سبھا کے اسپیکر کا ڈی پی ایس، متھرا روڈ کے طلبہ سے خطاب
اس سے قبل، لوک سبھا کے اسپیکر جناب اوم برلا نے دہلی پبلک اسکول، متھرا روڈ کی سالانہ تقریب میں بھی شرکت کی، جہاں انہوں نے ملک کی تعمیر میں تعلیم اور کردار سازی کی قومی اہمیت پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر طلبہ کو اپنی محنت، نظم و ضبط اور کوششوں کے اعتراف میں سراہا گیا اور اعزازات سے نوازا گیا۔ جناب اوم برلا نے تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا میں جدت طرازی، طبعی سوچ اور ٹیکنالوجی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’وکست بھارت 2047‘ محض پالیسی وژن نہیں ہے بلکہ ایک اجتماعی قومی عزم ہے جس کے ذریعے آزادی کی صد سالہ تقریب تک ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ، شمولیتی اور خود کفیل ملک میں تبدیل کیے جانے کا ہدف ہے۔
*****
(ش ح ۔ م ش ع۔ع ن)
U. No. 6240
(ریلیز آئی ڈی: 2255168)
وزیٹر کاؤنٹر : 8