زراعت اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

شمالی خطے کی زرعی کانفرنس 24  اپریل 2026  کو لکھنؤ میں منعقد ہوگی، جس میں مرکزی وزیر زراعت جناب شیوراج سنگھ چوہان اور اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ جناب یوگی آدتیہ ناتھ شرکت کریں گے


یہ اہم کانفرنس زراعت اور کاشتکاری کے لیے ایک نیا روڈ میپ پیش کرنے کے ساتھ ساتھ شمالی ہند میں زرعی ترقی کی مستقبل کی سمت متعین کرے گی

اس تقریب میں چھ ریاستوں اور تین مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے زراعت و باغبانی کے وزراء کے ساتھ ساتھ سینئر افسران، سائنسدان، ماہرین اور ترقی پسند کسان ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر یکجا ہوں گے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 23 APR 2026 3:49PM by PIB Delhi

لکھنؤ کل ایک اہم مذاکرات کا مرکز بننے جا رہا ہے، جس میں زرعی پالیسی، کسانوں کی فلاح و بہبود اور جامع زرعی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اس کانفرنس میں وزیراعلیٰ جناب یوگی آدتیہ ناتھ اور مرکزی وزیر زراعت جناب شیوراج سنگھ چوہان کی موجودگی اسے قومی اہمیت عطا کرے گی۔ مرکزی وزیر مملکت برائے زراعت و کسان بہبود جناب بھاگیرتھ چودھری اور جناب رام ناتھ ٹھاکر بھی اس موقع پر شرکت کریں گے۔

شمالی خطے کی یہ کانفرنس 24 اپریل کو لکھنؤ کے ہوٹل سینٹرم میں منعقد ہوگی۔ پروگرام کا آغاز مرکزی وزیر زراعت جناب شیوراج سنگھ چوہان کے افتتاحی خطاب سے ہوگا، جس کے بعد وزیراعلیٰ جناب یوگی آدتیہ ناتھ خطاب کریں گے۔ اس کانفرنس کو صرف ایک سرکاری اجلاس کے طور پر نہیں بلکہ زراعت کو نئے خیالات، نئی ٹیکنالوجیز اور نئی منڈیوں سے جوڑنے کے ایک پلیٹ فارم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ افتتاحی اجلاس کے فوراً بعد جناب شیوراج سنگھ چوہان پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔

 

اس کانفرنس میں دن بھر جاری رہنے والے موضوعاتی اجلاس منعقد ہوں گے جن میں کسان کریڈٹ کارڈ، ایگریکلچر انفراسٹرکچر فنڈ، باغبانی کے مواقع، دالوں میں خود کفالت کا مشن، خوردنی تیل اور تیل والے بیجوں کا قومی مشن اور ڈیجیٹل ایگریکلچر مشن کے تحت کسان رجسٹری جیسے اہم موضوعات شامل ہوں گے۔

ان اجلاسوں میں اتر پردیش، ہریانہ، پنجاب، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، دہلی، چندی گڑھ، جموں و کشمیر اور لداخ کے زراعت و باغبانی کے وزراء شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ ترقی پسند کسان، کرشی وگیان کیندر (کے وی کے)، اسٹارٹ اپس، کسان پیداوار تنظیمیں(ایف پی او) ، زرعی سائنسدان، نبارڈ کے نمائندے، بینک اور فوڈ پروسیسنگ یونٹس بھی شریک ہوں گے، تاکہ گفتگو محض انتظامی امور تک محدود نہ رہے بلکہ عملی مسائل اور حقیقی حل پر مرکوز ہو۔

اس موقع پر اتر پردیش حکومت اپنی اہم زرعی اقدامات پیش کرے گی، جن میں گنے کے ساتھ مخلوط کاشت (انٹرکراپنگ) اور دھان کی براہِ راست بوائی شامل ہیں، جس کے ذریعے ریاست کی زرعی جدت کو قومی سطح پر اجاگر کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ہریانہ، پنجاب، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ اپنی بہترین عملی مثالیں پیش کریں گے، جس سے معلومات کے تبادلے کو فروغ ملے گا اور شمالی ہند میں زرعی اصلاحات کو تقویت ملے گی۔

یہ کانفرنس نقلی کیڑے مار ادویات اور کھادوں کے کنٹرول، کھاد کی بلیک مارکیٹنگ کی روک تھام، تقسیم کے نظام کو بہتر بنانے اور متوازن استعمال کو فروغ دینے جیسے اہم مسائل پر بھی غور کرے گی۔ زرعی تحقیق کی بھارتی کونسل (آئی سی اے آر) کی جانب سے مربوط کاشتکاری نظام پر مشتمل  پیشکش اس کانفرنس کی اہمیت میں مزید اضافہ کرے گی، جس میں چھوٹے اور محدود زمین رکھنے والے کسانوں کے لیے پائیدار اور متنوع کاشتکاری ماڈلز پر توجہ دی جائے گی۔

اختتامی اجلاس میں مختلف ریاستوں کے زراعت و باغبانی کے وزراء، جن میں اتر پردیش کے وزیر زراعت جناب سوریہ پرتاپ شاہی بھی شامل ہوں گے، اپنے خطابات پیش کریں گے۔ آخر میں مرکزی وزیر زراعت جناب شیوراج سنگھ چوہان کلیدی خطاب کریں گے۔

مجموعی طور پر لکھنؤ میں منعقد ہونے والی یہ کانفرنس شمالی ہند کی زرعی ترجیحات کے تعین میں اہم رول ادا کرے گی اور جناب شیوراج سنگھ چوہان اور وزیر اعلیٰ جناب یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں کسان مرکوز ترقی کا اہم پیغام پیش کرے گی۔

******

( ش ح ۔ ش ب ۔ م ا )

Urdu.No-6222


(ریلیز آئی ڈی: 2254874) وزیٹر کاؤنٹر : 11
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Gujarati