راجیہ سبھا سکریٹیریٹ
ایوان بالا کے معزز چیئرمین جناب سی پی رادھاکرشنن کی جانب سے محترمہ محسنہ قدوائی اور محترمہ آشا بھوسلے کے انتقال پر آج پیش کئے گئے تعزیتی بیان کا اصل متن
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
16 APR 2026 3:22PM by PIB Delhi
چیئرمین: معزز اراکین، میں 8 اپریل 2026 کو 94 سال کی عمر میں اس ایوان کی سابق رکن محترمہ محسنہ کِدوائی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتا ہوں۔انہوں نے 2004 سے 2010 اور 2010 سے 2016 تک دو ادوار کے لئےریاست چھتیس گڑھ کی نمائندگی کرتے ہوئے راجیہ سبھا کی رکن کے طور پر خدمات انجام دیں۔
اتر پردیش کے ضلع باندا میں یکم جنوری 1932 کو پیدا ہونے والی محترمہ محسنہ قدوائی نے کم عمری میں ہی عوامی زندگی میں قدم رکھا اور چھ دہائیوں سے زائد پر محیط ایک شاندار سیاسی سفر طے کیا۔ اپنے شاندار کریئر کے دوران انہیں چار مختلف ایوانوں—اتر پردیش اسمبلی کے دونوں ایوانوں اور پارلیمنٹ کے ایوانوں میں خدمات انجام دینے کا اعزاز حاصل ہوا۔
محترمہ محسنہ کِدوائی نے اتر پردیش حکومت میں وزیر کے طور پر اور متعدد محکموں کی ذمہ داریاں سنبھالتے ہوئے مرکزی وزیر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ انہوں نے عوامی زندگی اور سماج کے کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے اہم کردار ادا کیا۔
ان کے انتقال سے ملک نے ایک تجربہ کار قانون ساز، قابل منتظم اور ممتاز پارلیمنٹیرین کو کھو دیا ہے۔
چیئرمین: معزز اراکین، میں انتہائی گہرے رنج و غم کے ساتھ 12 اپریل 2026 کو 92 برس کی عمر میں بھارت کی ممتاز اور ہمہ جہت پلے بیک گلوکارہ محترمہ آشا بھوسلے جی کے انتقال کا ذکر کرتا ہوں۔
8 ستمبر 1933 کو مہاراشٹر کے سانگلی میں پیدا ہونے والی محترمہ آشا بھوسلے نے موسیقی اور فلمی دنیا میں اپنی ایک منفرد شناخت قائم کی۔ آٹھ دہائیوں سے زائد پر محیط اپنے کریئر میں انہوں نے متعدد بھارتی زبانوں میں ہزاروں گانوں کو اپنی سریلی آواز دی، جس سے بھارتی موسیقی کے منظرنامے پر ایک گہرا اور ناقابلِ فراموش اثر مرتب ہوا۔
موسیقی کے میدان میں ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں انہیں متعدد قومی و بین الاقوامی اعزازات سے نوازا گیا، جن میں پدم وبھوشن، دادا صاحب پھالکے ایوارڈ اور نیشنل فلم ایوارڈ شامل ہیں۔ وہ نوآموز فنکاروں کے لیے ایک مشعلِ راہ اور لگن، مہارت اور فنی کمال کی علامت رہیں۔
ان کے افسوسناک انتقال سے قوم نے ایک عظیم آواز، بے مثال فنکارہ اور ثقافتی آئیکن کو کھو دیا ہے، جن کی میراث آنے والی نسلوں کو ہمیشہ متاثر کرتی رہے گی۔
ہم محترمہ محسنہ قِدوائی اور محترمہ آشا بھوسلے کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہیں۔
میں معزز اراکین سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اپنی نشستوں پر کھڑے ہوں اور مرحومین کی یاد میں احتراماً خاموشی اختیار کریں۔
(خاموشی اختیار کرنے کے بعد)
چیئرمین: سکرٹری جنرل سوگوار کنبوں کو ہمارے گہرے دکھ اور دلی ہمدردی سے آگاہ کریں گے۔
***
ش ح۔ ک ا۔ خ م
U.NO.5913
(ریلیز آئی ڈی: 2252636)
وزیٹر کاؤنٹر : 8