زراعت اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

اُنّت کرشی مہوتسو رائسین میں شاندار اختتام کے ساتھ مکمل، زرعی تبدیلی پر خصوصی توجہ


جناب شیوراج سنگھ چوہان کی درخواست پر جناب نتن گڈکری کی جانب سے بڑا اعلان، رائسین رنگ روڈ اور خوبصورتی کے کاموں کی منظوری

کسان اب صرف خوراک فراہم کرنے والے نہیں رہیں گے بلکہ توانائی، ایندھن اور ہائیڈروجن کے بھی فراہم کنندہ بنیں گے: نتن گڈکری

مصنوعی ذہانت، ڈرونز، نینو یوریا اور جدّت کے ذریعے لاگت میں کمی اور پیداوار میں اضافہ: نتن گڈکری

آبی تحفظ، ڈیری، ماہی پروری اور پروسیسنگ کے ذریعے کسانوں کی آمدنی میں اضافہ: نتن گڈکری

یہ اختتام نہیں بلکہ ایک نئی شروعات ہے، نقش راہ کو زمینی سطح پر نافذ کیا جائے گا: مرکزی وزیر جناب شیوراج سنگھ چوہان

بیج سے بازار تک کے نقش راہ کے نفاذ کے لیے ٹاسک فورس قائم کی جائے گی: جناب چوہان

کسانوں کی زندگی اور معاش کو بدلنے کے لیے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جائے گی: وزیرِ زراعت

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 13 APR 2026 7:33PM by PIB Delhi

قومی سطح کی زرعی نمائش ’’اُنّت کرشی مہوتسو‘‘ رائسین میں بڑے جوش و خروش، جدّت اور ہزاروں کسانوں کی شرکت کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔ اختتامی تقریب میں مرکزی وزیر برائے سڑک نقل و حمل و شاہراہیں جناب نتن گڈکری اور مرکزی وزیر برائے زراعت و کسان بہبود و دیہی ترقی جناب شیوراج سنگھ چوہان نے شرکت کی۔ جہاں نتن گڈکری نے سڑکوں کی ترقی، جدید زرعی ٹیکنالوجی، آبی تحفظ، متبادل توانائی اور دیہی خوشحالی کے لیے ایک وسیع ویژن پیش کیا، وہیں جناب شیوراج سنگھ چوہان نے ’’بیج سے بازار تک‘‘ زرعی نقش راہ کو زمینی سطح پر نافذ کرنے کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔

علاقائی ترقی سے متعلق اہم اعلانات

جناب شیوراج سنگھ چوہان کی جانب سے پیش کی گئی علاقائی ضروریات کے جواب میں جناب نتن گڈکری نے کئی اہم اعلانات کیے۔ انہوں نے رائسین رنگ روڈ/مشرقی بائی پاس منصوبے کو اصولی طور پر آگے بڑھانے پر اتفاق کیا، جس میں تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ (ڈی پی آر) کی تیاری اور ریاستی حکومت کی جانب سے زمین کے حصول میں سہولت فراہم کرنا شامل ہے۔ انہوں نے پلوں کی خوبصورتی کے کاموں کی بھی حمایت کی اور دیگر ممکنہ سڑک ڈھانچے کے منصوبوں میں تعاون کا یقین دلایا۔

علم کو دولت میں تبدیل کرنا ضروری

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جناب نتن گڈکری نے کہا کہ وہ اس تقریب میں بطور وزیر نہیں بلکہ ایک کسان کے طور پر آئے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ زراعت کا مستقبل مصنوعی ذہانت، موسمیاتی اسٹیشنز، سیٹلائٹ نظام، ڈرونز اور نینو یوریا جیسی ٹیکنالوجیز سے جڑا ہوا ہے اور کسانوں کو ان تبدیلیوں کو اپنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ علم سب سے بڑی طاقت ہے اور آج زراعت میں علم کو دولت میں تبدیل کرنا سب سے بڑی ضرورت ہے۔ انہوں نے کسانوں کو ترغیب دی کہ وہ پیداوار بڑھانے اور لاگت کم کرنے کے لیے جدّت، تحقیق اور ٹیکنالوجی پر مبنی طریقوں کو اختیار کریں۔

انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ کسان اب صرف خوراک فراہم کرنے والے نہیں رہیں گے بلکہ توانائی، ایندھن، ہوا بازی کے ایندھن، بٹومین اور ہائیڈروجن کے بھی فراہم کنندہ بنیں گے۔ زرعی باقیات، بایوماس، ایتھنول، سی این جی اور ہائیڈروجن نہ صرف آمدنی کے نئے مواقع فراہم کریں گے بلکہ درآمدات میں کمی اور دیہی معیشت کو مضبوط بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوں گے۔

آبی تحفظ پر مضبوط توجہ

جناب گڈکری نے آبی تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بہتے ہوئے پانی کو سست کیا جائے، ذخیرہ کیا جائے اور زمین میں جذب ہونے کا موقع دیا جائے۔ انہوں نے یہ پیغام دیا: “گاؤں کا پانی گاؤں میں، کھیت کا پانی کھیت میں اور گھر کا پانی گھر میں رہنا چاہیے”، اور اس بات پر زور دیا کہ پانی کو مالی بچت کی طرح محفوظ کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جن علاقوں میں براہِ راست آبپاشی ممکن نہیں، وہاں آبی تحفظ کے ڈھانچے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

ڈیری، ماہی پروری اور قدر میں اضافہ کی اہمیت

جناب گڈکری نے کسانوں کی آمدنی بڑھانے کے لیے ڈیری، ماہی پروری اور بلیو اکانومی کو کلیدی شعبے قرار دیا۔ انہوں نے دودھ کی پیداوار، ماہی پروری اور متعلقہ سرگرمیوں پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ صرف پیداوار بڑھانا کافی نہیں بلکہ پروسیسنگ، کولڈ اسٹوریج، پری کولنگ اور قدر میں اضافہ کے مضبوط نظام بھی ضروری ہیں۔ ان کے بغیر زائد پیداوار قیمتوں میں کمی کا باعث بنتی ہے، جس سے کسانوں کو نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔ مناسب ذخیرہ اور پروسیسنگ کے بنیادی ڈھانچے سے بہتر منافع حاصل کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کسانوں کو ترغیب دی کہ وہ نمائش میں پیش کی گئی چیزوں سے سیکھیں، جن میں زرعی مشینری، پولی ہاؤس، گرین ہاؤس، ہائیڈروپونکس، ایک ایکڑ فارمنگ ماڈلز، بکری پالن اور مچھلی پالن شامل ہیں اور ان سیکھے گئے طریقوں کو اپنے کھیتوں میں نافذ کریں۔

مدھیہ پردیش کی زرعی ترقی کی ستائش

جناب نتن گڈکری نے مدھیہ پردیش میں جناب شیوراج سنگھ چوہان کے وزیرِ اعلیٰ کے دور میں حاصل کی گئی زرعی کامیابیوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات کسانوں کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور مستقبل کے لیے انہیں ترغیب فراہم کریں گے۔

یہ اختتام نہیں بلکہ ایک آغاز ہے

جناب شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ اُنّت کرشی مہوتسو کوئی رسمی تقریب نہیں بلکہ اس کا اختتام ایک نئی شروعات کی علامت ہے۔ انہوں نے 4 روزہ اس پروگرام کو کسانوں کے لیے ایک تعلیمی پلیٹ فارم قرار دیا، جہاں عملی علم، ٹیکنالوجی، جدّت اور ترقی کو یکجا کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ خطے کی مٹی، آب و ہوا، پانی کی دستیابی اور وسائل کی بنیاد پر ’’بیج سے بازار تک‘‘ ایک مفصل نقش راہ تیار کیا گیا ہے۔ اس نقش راہ میں خطے کے لیے موزوں فصلوں، پھلوں اور سبزیوں کی نشاندہی کی گئی ہے اور ان کی پیداوار، پروسیسنگ اور مارکیٹنگ کے لیے منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

دالوں اور باغبانی کے فروغ کی توسیع

جناب چوہان نے اعلان کیا کہ معیاری بیجوں کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے ہر بلاک میں ’’بیج گرام‘‘ تیار کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دالوں اور باغبانی کے شعبے کو وسعت دی جائے گی اور اس خطے کو باغبانی کے مرکز کے طور پر ترقی دی جائے گی۔ انہوں نے چھڑکاوی آبپاشی نظام کے ذریعے پانی کے مؤثر استعمال پر زور دیا۔

پنچایت کی سطح پر کسٹم ہائرنگ سینٹرز اور مشین بینکس قائم کیے جائیں گے تاکہ جدید زرعی مشینری کسانوں کے لیے آسانی سے دستیاب ہو سکے۔ انہوں نے معیاری نرسریوں اور کلین پلانٹ سینٹرز کے قیام، فارمر پروڈیوسر آرگنائزیشنز (ایف پی اوز) کو مضبوط بنانے اور پیک ہاؤسز و کولڈ اسٹوریج کے بنیادی ڈھانچے کو وسعت دینے کا بھی اعلان کیا تاکہ کسانوں کو پیداوار سے لے کر منڈی تک مکمل سہارا مل سکے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مربوط زرعی ماڈلز چھوٹی زمینوں پر بھی آمدنی میں نمایاں اضافہ کر سکتے ہیں، اور حکومت کسانوں کی آمدنی بڑھانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔

نفاذ کے لیے ٹاسک فورس

جناب چوہان نے اعلان کیا کہ نقش راہ کے نفاذ کی نگرانی کے لیے ایک مخصوص ٹاسک فورس قائم کی جائے گی، جس کے ساتھ ایک قومی سطح کی اسٹیئرنگ کمیٹی بھی ہوگی۔ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی ٹیمیں مل کر اس بات کو یقینی بنائیں گی کہ منصوبے مؤثر طریقے سے زمینی سطح پر نافذ ہوں۔

فارمر آئی ڈی کے لیے اپیل

انہوں نے کسانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی فارمر آئی ڈی بنائیں، کیونکہ اس سے مستقبل میں زرعی خدمات، سرکاری اسکیموں اور دیگر عمل تک رسائی آسان ہو جائے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت کسانوں کی زندگی بہتر بنانے اور زراعت کو منافع بخش شعبہ بنانے کے لیے مکمل طور پر سنجیدہ ہے۔

ترقی یافتہ بھارت کے ویژن میں زراعت کا مرکزی کردار

جناب چوہان نے جناب نتن گڈکری کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں ایک ایسے رہنما کے طور پر پیش کیا جو جدّت اور مؤثر کارکردگی کے ذریعے نتائج فراہم کرنے کے لیے مشہور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں زراعت ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر میں مرکزی کردار ادا کرے گی اور کسانوں کی خدمت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

فوائد کی تقسیم

اختتامی اجلاس کے دوران مختلف سرکاری اسکیموں کے تحت کسانوں میں فوائد تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر مرکزی وزیر مملکت برائے زراعت و کسان بہبود جناب رام ناتھ ٹھاکر اور ہریانہ کے وزیر زراعت جناب شیام سنگھ رانا نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں مدھیہ پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ جناب جگدیش دیوڑا سمیت کئی وزراء، اراکین پارلیمان، اراکین اسمبلی، عوامی نمائندگان، زرعی سائنسدان، ماہرین، اعلیٰ حکام اور ہزاروں کسان شریک ہوئے۔

******

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-5801


(ریلیز آئی ڈی: 2251695) وزیٹر کاؤنٹر : 13
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी