وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

 وزیر دفاع نے لکھنؤ کینٹ کے سمرتیکا وار میموریل میں جدید لیزر، لائٹ اور ساؤنڈ شو کا افتتاح کیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 11 APR 2026 8:18PM by PIB Delhi

اترپردیش کے لکھنؤ کینٹ میں سمرتیکا وار میموریل پر وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے 11 اپریل 2026 کو جدید لیزر، لائٹ اور ساؤنڈ شو کا افتتاح کیا۔تقریباً 30 منٹ پر مشتمل اس ملٹی میڈیا شو میں جدید پروجیکشن، صوتی اور روشنی کی ٹیکنالوجی کے ذریعے ہندوستانی فوج کی تاریخ، آپریشنل کامیابیوں اور قوم کی تعمیر میں اس کے کردار کو ہندی زبان میں پیش کیا گیا۔یہ شو روزانہ شام کے وقت سمرتیکا وار میموریل میں منعقد کیا جائے گا اور جلد ہی عوام کے لیے بھی کھول دیا جائے گا۔

ملٹی میڈیا پیشکش میں ہندوستان کی بڑی جنگوں کا جامع جائزہ پیش کیا گیا، جس میں خاص طور پر 48-1947، 1962، 1965 اور 1971 کی جنگوں کے اہم آپریشنل پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا، ساتھ ہی آپریشن میگھدوت اور آپریشن وجے میں نمایاں خدمات کو بھی شامل کیا گیا۔ شو کے دوران سینٹرل کمانڈ کے مختلف آپریشنز میں کلیدی کردار کو بھی نمایاں طور پر پیش کیا گیا۔ مزید برآں، اودھ خطے سے تعلق رکھنے والے پرم ویر چکر یافتگان کی بے مثال بہادری کو اجاگر کیا گیا، جس کے ساتھ اودھ کی جنگی روایات اور قومی دفاع میں اس کی نمایاں خدمات کا مختصر خاکہ بھی پیش کیا گیا۔

اس شو میں ہندوستانی فوج کی مسلسل جدید کاری اور بدلتے ہوئے خطرات اور جنگی نوعیت کے مطابق اس کی تبدیلیوں کو بھی دکھایا گیا۔ خصوصی طور پر ہندوستانی دفاعی صنعت کی حالیہ پیش رفت کو نمایاں کیا گیا، جس کا عملی استعمال آپریشن سندور کے دوران دکھایا گیا تھا، جبکہ اتر پردیش کو دفاعی راہداری کے ذریعے ’آتم نربھر بھارت‘ اقدامات کے ایک اہم مرکز کے طور پر بھی پیش کیا گیا۔

 

اس لیزر، لائٹ اور ساؤنڈ شو کے انعقاد اور پیشکش کو ممکن بنانے کے لیے سمرتیکا وار میموریل کے احاطے میں جامع جدید کاری کی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں جدید ترین پروجیکٹرز اور اسپیکرز کی تنصیب کے ساتھ ساتھ نئی نسل کے فوجی سازوسامان اور جنگی یادگاروں کی عکاسی کرنے والی دیواریں (میورلز) نصب کی جا رہی ہیں، جبکہ ایک جدید ایمفی تھیٹر بھی تعمیر کیا گیا ہے۔ مزید برآں تین مخصوص میورل دیواریں بھی تیار کی جا رہی ہیں، جو نہ صرف فوجی تاریخ کی نمایاں جھلک پیش کریں گی بلکہ لیزر، لائٹ اور ساؤنڈ شو کے لیے متحرک پس منظر کے طور پر بھی استعمال ہوں گی۔ یہ اقدام ہیڈکوارٹر سینٹرل کمانڈ کی جانب سے حکومت اتر پردیش اور اتر پردیش اسٹیٹ ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے اشتراک سے انجام دیا گیا ہے۔

لکھنؤ کینٹ میں واقع سمرتیکا وار میموریل 1994 سے ہندوستانی مسلح افواج کے جوانوں کی بہادری، قربانی اور ناقابلِ تسخیر حوصلے کو خراجِ عقیدت پیش کرتا آ رہا ہے۔ ہیڈکوارٹر سینٹرل کمانڈ کے زیر اہتمام قائم یہ یادگار قومی فخر کے فروغ، عسکری ورثے کے تحفظ اور خاص طور پر نوجوان نسل میں شعور بیدار کرنے کا ایک اہم مرکز ہے۔

اس موقع پر اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ جناب یوگی آدتیہ ناتھ، نائب وزیر اعلیٰ جناب برجیش پاٹھک، سینٹرل کمانڈ کے جنرل آفیسر کمانڈنگ اِن چیف لیفٹیننٹ جنرل انندیہ سینگپتا، ہندوستانی فوج اور ریاستی حکومت کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

************

ش ح ۔   م  د ۔  م  ص

(U : 5731 )


(ریلیز آئی ڈی: 2251200) وزیٹر کاؤنٹر : 16
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Marathi