عملے، عوامی شکایات اور پنشن کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ڈاکٹر جتیندر سنگھ کی جموں و کشمیر کے طلباء سے ملاقات، وزیرِ اعظم کی  جموں و کشمیر کے تئیں گہری حساسیت کو اجاگر کیا


مرکزی وزیر نے کہا : گزشتہ ایک دہائی جموں و کشمیر کے لیے تبدیلی کا دور ثابت ہوئی ہے، جس میں نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے نوجوان ذہنوں کی امنگوں اور انہیں ملنے والے مواقع و تجربات کو اجاگر کیا

انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے نوجوان آنے والے برسوں میں بھارت کی ترقی کی کہانی کے علمبردار بن سکتے ہیں

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 09 APR 2026 8:31PM by PIB Delhi

نئی دہلی میں “وطن کو جانو” پروگرام کے تحت آئے جموں و کشمیر کے اسکولی بچوں کے ایک گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے  سائنس اور ٹیکنالوجی کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج)؛ ارتھ سائنسز اور وزیر مملکت برائے پی ایم او، عملہ، عوامی شکایات اور پنشن، محکمہ جوہری توانائی اور محکمہ خلائی  امور کے وزیرڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ وزیرِ اعظم  جناب نریندر مودی نے ہمیشہ جموں و کشمیر کے لیے غیر معمولی حساسیت کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ جناب مودی نے بطور وزیرِ اعظم اپنی پہلی دیوالی کشمیر وادی میں سیلاب متاثرین کے ساتھ  منائی، جو وہاں کے عوام اور نوجوانوں کے لیے ان کی گہری ہمدردی کا مظہر ہے۔

وزیر موصوف نے مزیدکہا کہ یہ پروگرام بچوں کو گزشتہ دہائی میں ہونے والی ترقی کو دیکھنے اور ملک کے متنوع سماجی، ثقافتی اور ترقیاتی منظرنامے کو سمجھنے کا ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نئی دہلی میں نائب صدر ہند سی۔ پی۔ رادھا کرشنن اور وزارتِ داخلہ کے سینئر افسران جناب پرشانت لوکھنڈے، ایڈیشنل سکریٹری، جموں، کشمیر اور لداخ امور، وزارت داخلہ کی موجودگی میں “وطن کو جانو پروگرام 2026” میں شریک 251 طلباء و نوجوانوں سے خطاب کر رہے تھے۔

پروگرام کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے، وزیرموصوف نے کہا کہ وطن کو جانو جیسے اقدامات نوجوان ذہنوں کو ملک کے سماجی اور ثقافتی تنوع سے آشنا کر کے اور قوم کے ساتھ ان کے جذباتی تعلق کو مضبوط بنا کر انہیں قابل قدر نمائش فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال جموں و کشمیر کے ہزاروں بچے اس اقدام کے تحت ملک کے مختلف حصوں کا دورہ کرتے ہیں، نئے تجربات حاصل کرتے ہیں اور اپنے نقطہ نظر کو وسیع کرتے ہیں۔

مرکزی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان ملک کے مستقبل کے علمبردار ہیں اور ترقی یافتہ ہندوستان کے وژن کی تشکیل میں اہم ذمہ داری نبھاتے ہیں۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پروگرام میں حصہ لینے والے بچے قومی تعمیر میں مثبت کردار ادا کریں گے اور اتحاد اور قومی یکجہتی کے جذبے کو آگے بڑھائیں گے۔

انہوں نے جموں و کشمیر میں بدلتے ہوئے حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم، بنیادی ڈھانچے اور مجموعی ترقی کے شعبوں میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ آج کے نوجوانوں کو زیادہ مواقع میسر ہیں اور وہ سول سروسز، اعلیٰ تعلیم اور کارپوریٹ شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھا رہے ہیں۔

طلباء کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ ان کے پاس معلومات، مواقع اور پلیٹ فارمز کی کمی نہیں، لہٰذا انہیں چاہیے کہ ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اپنے اہداف پر توجہ مرکوز رکھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ “وطن کو جانو” جیسے پروگرام “ایک بھارت، شریشٹھ بھارت” کے وژن کو مضبوط کرتے ہیں، جہاں بچے ملک کی تنوع کو قریب سے دیکھتے ہیں اور اس کے اندر موجود اتحاد کو سمجھتے ہیں۔

یہ پروگرام وزارتِ داخلہ کی جانب سے مختلف اداروں کے تعاون سے منعقد کیا جاتا ہے، جس کا مقصد جموں و کشمیر کے نوجوانوں، خصوصاً کمزور طبقات سے تعلق رکھنے والے بچوں کو تعلیمی اور ثقافتی دوروں کے ذریعے ملک سے روشناس کرانا ہے۔

موجودہ گروپ میں 251 شرکاء شامل ہیں، جن میں 87 لڑکیاں اور 164 لڑکے ہیں، جو یکم اپریل سے 12 اپریل 2026 تک جاری 12 روزہ پروگرام میں شریک ہیں۔

اپنے دورے کے دوران یہ طلباء لکھنؤ اور دہلی جیسے شہروں کے تاریخی مقامات کا دورہ کر رہے ہیں اور معزز شخصیات سے ملاقات کے ذریعے رہنمائی حاصل کر رہے ہیں۔

پروگرام میں طلباء کے درمیان تجربات کے تبادلے اور معززین کے خطابات بھی شامل ہیں، جو سیکھنے اور بامعنی گفتگو کا ایک اہم ذریعہ فراہم کرتے ہیں۔

آخر میں ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے طلباء کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ تجربہ ان کی سوچ کو وسیع کرے گا، انہیں اپنے مقاصد کے حصول کے لیے متحرک کرے گا اور ان میں قوم کے تئیں ذمہ داری کا احساس پیدا کرے گا۔

******

 (ش ح ۔ش ت ۔ر ض)

U. No. 5653


(ریلیز آئی ڈی: 2250685) وزیٹر کاؤنٹر : 6
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी