ایٹمی توانائی کا محکمہ
تمل ناڈو کے کلپکم میں واقع پروٹوٹائپ فاسٹ بریڈر ری ایکٹر نے پہلی بار اہم ترین مرحلہ حاصل کر لیا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
07 APR 2026 11:17AM by PIB Delhi
بھارت کے جوہری توانائی پروگرام میں ایک اہم سنگِ میل کے طور پر 500 میگا واٹ کا پروٹوٹائپ فاسٹ بریڈر ری-ایکٹر (پی ایف بی آر) نے 6 اپریل 2026 کو رات 08:25 بجے کامیابی کے ساتھ پہلی بار اہم ترین مرحلہ (یعنی کنٹرول شدہ فِشن چین ری ایکشن کا آغاز) حاصل کر لیا۔ یہ کامیابی طویل مدتی توانائی سلامتی کو یقینی بنانے اور مقامی جوہری ٹیکنالوجی کی صلاحیتوں کو فروغ دینے کی سمت میں ایک تاریخی قدم ہے۔
یہ اہم ترین مرحلہ ، محکمۂ جوہری توانائی (ڈی اے ای)کی سکریٹری اور اے ای سی کے چیئرمین، ڈاکٹر اجیت کمار موہنتی، اندرا گاندھی سینٹر فار ایٹامک ریسرچ(آئی جی سی اے آر) کے ڈائریکٹر جناب سری کمار جی پلئی، بھارتیہ نبھیکیا ودیوت نگم لمیٹڈ (بھاونی) کے سی ایم ڈی (انچارج) جناب اللو اننتھ اور بھاونی کے سی ایم ڈی اورہومی سیٹھناکے چیف جناب کے وی سریش کمار کی موجودگی میں حاصل کیا گیا۔ یہ کامیابی ایٹامک انرجی ریگولیٹری بورڈ (اے ای آر بی) کی تمام شرائط پوری کرنے کے بعد ممکن ہوئی، جس نے پلانٹ کے نظاموں کی سخت حفاظتی جانچ کے بعد منظوری دی تھی۔
پی ایف بی آر کی ٹیکنالوجی کی ترقی اور ڈیزائن مکمل طور پر مقامی سطح پر اندرا گاندھی سینٹر فار ایٹامک ریسرچ (آئی جی سی اے آر) نے تیار کیا، جو محکمۂ جوہری توانائی کا ایک تحقیقی مرکز ہے، جبکہ اس کی تیاری اور کمیشننگ بھارتیہ نبھیکیا ودیوت نگم لمیٹڈ (بھاونی) نے کی، جو محکمۂ جوہری توانائی کے تحت ایک سرکاری ادارہ(پی ایس یو) ہے۔
فاسٹ بریڈر ری ایکٹرز، بھارت کی طویل مدتی جوہری حکمتِ عملی کا ایک اہم ستون ہیں۔ روایتی تھرمل ری ایکٹروں کے برعکس، پی ایف بی آر میں یورینیم-پلوٹونیم مکسڈ آکسائیڈ (ایم او ایکس) ایندھن استعمال کیا جاتا ہے۔ اس ری ایکٹر کے کور کے گرد یورینیم-238 کی ایک تہہ ہوتی ہے۔ تیز رفتار نیوٹران یورینیم-238 کو قابلِ فِشن پلوٹونیم-239 میں تبدیل کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں ری ایکٹر اپنے استعمال سے زیادہ ایندھن پیدا کرتا ہے۔ اس ری ایکٹر کو مستقبل میں بلینکٹ میں تھوریم-232 استعمال کرنے کے لیے بھی ڈیزائن کیا گیا ہے۔ ٹرانسمیوٹیشن کے عمل کے ذریعے تھوریم-232 کو یورینیم-233 میں تبدیل کیا جائے گا، جو بھارت کے جوہری توانائی پروگرام کے تیسرے مرحلے کے لیے ایندھن فراہم کرے گا۔
یہ منفرد صلاحیت جوہری ایندھن کے وسائل کے استعمال کو نمایاں طور پر بڑھاتی ہے اور ملک کو اپنے محدود یورینیم ذخائر سے کہیں زیادہ توانائی حاصل کرنے کے قابل بناتی ہے، جبکہ مستقبل میں تھوریم کے وسیع پیمانے پر استعمال کی راہ بھی ہموار کرتی ہے۔
پہلے اہم مرحلے کے حصول کے ساتھ، بھارت اپنے تین مرحلوں پر مشتمل جوہری توانائی پروگرام کی مکمل صلاحیت کے حصول کے مزید قریب آ گیا ہے۔ فاسٹ بریڈر ٹیکنالوجی موجودہ پریشرائزڈ ہیوی واٹر ری ایکٹروں اور مستقبل کے تھوریم پر مبنی ری ایکٹروں کے درمیان ایک اہم پل کا کردار ادا کرتی ہے، جس کے ذریعے ملک کے وافر تھوریم وسائل کو طویل مدتی صاف توانائی کی پیداوار کے لیے بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔
اس سنگِ میل کا حصول بھارت کے مقامی ڈیزائن، انجینئرنگ اور مینوفیکچرنگ نظام کی مضبوطی کو ظاہر کرتا ہے۔ اس ری ایکٹر میں جدید حفاظتی نظام، اعلیٰ پیمانے کے حرارت پر کام کرنے والی رقیق سوڈیم کولنٹ ٹیکنالوجی اور کلوزڈ فیول سائیکل شامل ہے، جو جوہری مواد کی ری سائیکلنگ کو ممکن بناتا ہے، اس طرح پائیداری میں اضافہ اور فضلے میں کمی واقع ہوتی ہے۔
یہ پروجیکٹ ان بے شمار سائنسدانوں، انجینئروں، ٹیکنیشنز اور صنعتی شراکت داروں کی محنت اور لگن کا بھی عکاس ہے جنہوں نے زیادہ تر مقامی ٹیکنالوجی اور اجزاء کے ذریعے اس ری ایکٹر کے ڈیزائن، تیاری اور تعمیر میں حصہ لیا۔ ان کی کاوشیں جدید جوہری انجینئرنگ میں ملک کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کو ظاہر کرتی ہیں اور ’’آتم نربھر بھارت‘‘ کے عزم کو مضبوط کرتی ہیں۔
توانائی کی پیداوار سے آگے بڑھ کر، فاسٹ بریڈر پروگرام جوہری ایندھن کے دائرے، جدید اشیاء، ری ایکٹر فزکس اور بڑے پیمانے کی انجینئرنگ میں اسٹریٹجک صلاحیتوں کو بھی مضبوط بناتا ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے حاصل ہونے والا علم اور بنیادی ڈھانچہ مستقبل کے ری ایکٹر ڈیزائنز اور اگلی نسل کی جوہری ٹیکنالوجیز کی ترقی میں معاون ثابت ہوگا۔
جیسے جیسے بھارت اپنی صاف توانائی کی صلاحیت کو وسعت دے رہا ہے، فاسٹ بریڈر ری ایکٹرز قابلِ اعتماد، کم کاربن، اور مسلسل بیس لوڈ بجلی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے، وہ بھی زیادہ حرارتی کارکردگی کے ساتھ۔ پہلے اہم مرحلے کا حصول نہ صرف ایک تکنیکی کامیابی ہے بلکہ ایک پائیدار اور خود کفیل توانائی کے مستقبل کی جانب ایک بڑا قدم بھی ہے، جو ‘‘وکست بھارت‘‘کے وژن کو حقیقی شکل دینے میں اہم ہے۔




******
ش ح۔ع ح۔ش ت
UN-NO - 5480
(ریلیز آئی ڈی: 2249556)
وزیٹر کاؤنٹر : 28