جل شکتی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

محکمہ آبی وسائل، دریا کی ترقی اور گنگا احیاء کے سکریٹری وی ایل کانتھا راؤ نے تلنگانہ میں ریاستی آبی سکریٹریوں کی علاقائی کانفرنس کی صدارت کی


 کانفرنس میں جاری اسکیموں کے نفاذ کا جائزہ لیا گیا اور آبی شعبے میں مرکز اور ریاستوں کے درمیان ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 26 MAR 2026 4:50PM by PIB Delhi

جناب وی ایل کانتھا راؤ، سکریٹری محکمہ آبی وسائل، دریا کی ترقی و گنگا احیاء (وزارت جل شکتی)، نے تلنگانہ کے ڈاکٹر ایم سی آر ایچ آر ڈی انسٹی ٹیوٹ میں منعقدہ علاقائی کانفرنس کی صدارت کی۔ اس اجلاس میں اڈیشہ، آندھرا پردیش، تلنگانہ، کرناٹک، تمل ناڈو، کیرالہ، پڈوچیری، لکشدیپ اور انڈمان و نکوبار جزائر کے آبی وسائل کے محکموں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ نئی دہلی سے محکمہ کے افسران اور اس سے وابستہ 15 بڑی تنظیموں کے سربراہان بھی شریک ہوئے۔

کانفرنس کا مقصد شریک ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں جاری اسکیموں کے نفاذ کا جائزہ لینا، متعلقہ تنظیموں کے کام کا تجزیہ کرنا، ریاستوں کو درپیش مسائل کو سمجھنا اور بین الریاستی امور پر تفصیلی غور و خوض کے ذریعے مرکز و ریاست کے درمیان ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانا تھا۔

اجلاس کے دوران ریاستی حکام نے اپنے اپنے علاقوں میں اسکیموں کی پیش رفت، مرکزی حکومت سے توقعات اور درپیش رکاوٹوں پر روشنی ڈالی۔ سکریٹری نے جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل اور مرکز و ریاست کے درمیان ہم آہنگی میں موجود خلا کو کم کرنے پر زور دیا تاکہ ترجیحی منصوبے مقررہ وقت میں مکمل ہو سکیں۔ انہوں نے ریاستوں سے اپیل کی کہ وہ آئندہ مالیاتی کمیشن کے دور کے لیے اسکیموں کی نظرثانی اور اصلاحات کے عمل میں فعال حصہ لیں۔

کانفرنس میں سیلاب کی پیش گوئی، تلچھٹ کے انتظام، ساحلی علاقوں میں نمکیات کے پھیلاؤ، ڈیم سیفٹی ایکٹ کے نفاذ اور “جل سنچئے جن بھاگیداری” جیسے اہم موضوعات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو ہدایت دی گئی کہ وہ ان اہم ہدایات پر ترجیحی بنیادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔

اختتامی کلمات میں سکریٹری نے اس اجلاس کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے آبی وسائل کی پائیدار اور مؤثر ترقی کے لیے مربوط حکمتِ عملی وضع کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے ملک بھر میں آبی وسائل کے منصوبوں کی منصوبہ بندی، ترقی اور انتظام کے لیے مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

************

ش ح ۔   م  د ۔  م  ص

(U :4970)


(ریلیز آئی ڈی: 2245726) وزیٹر کاؤنٹر : 18