وزارت خزانہ
آر بی آئی، آئی آر ڈی اے آئی اور سیبی نے شہریوں کو غیر دعویٰ شدہ جمع رقوم واپس دلانے کے لیے اقدامات تیز کر دیے
دعویٰ کرنے کے آسان طریقہ کار، ڈیجیٹل پورٹل اور ریگولیٹری اصلاحات کے ذریعے رسائی، شفافیت اور تیزی سے دعویٰ کے تصفیہ کو بہتر بنایا گیا
ملک گیر مہم ”آپ کی پونجی، آپ کا حق“ کے تحت 22.95 لاکھ دعووں کے ذریعے 5,777 کروڑ روپے مالیت کے غیر دعویٰ شدہ مالی اثاثے واپس کیے گئے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
24 MAR 2026 4:06PM by PIB Delhi
مالیاتی شعبے کے ریگولیٹر یعنی ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی)، انشورنس ریگولیٹری اینڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف انڈیا (آئی آر ڈی اے آئی) اور سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا (ایس ای بی آئی) نے اطلاع دی ہے کہ 28.02.2026 تک، پبلک سیکٹر بینکوں کی جانب سے آر بی آئی کے ڈیپازٹر ایجوکیشن اینڈ اویئرنیس فنڈ میں منتقل کی گئی غیر دعویٰ شدہ رقم 60,518 کروڑ روپے ہے (31.01.2026 تک)۔ مزید یہ کہ انشورنس کمپنیوں کے پاس موجود غیر دعویٰ شدہ انشورنس رقم 8,973.89 کروڑ روپے ہے (28.02.2026 تک)۔ اسی طرح، سیبی کے ضوابط کے تحت میوچوئل فنڈ میں غیر دعویٰ شدہ رقوم کی مالیت 3,749.34 کروڑ روپے ہے (28.02.2026 تک)۔
حق دار دعویداروں کی بروقت شناخت کو یقینی بنانے، غیر دعویٰ شدہ مالی اثاثوں کے موجودہ ذخیرے کے ساتھ ساتھ اس میں ہونے والے نئے اضافے کو کم کرنے اور شہریوں کے لیے دعویٰ کے عمل کو سادہ اور تیز تر بنانے کے لیے مالیاتی شعبے کے ریگولیٹروں کی جانب سے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں، جن میں، دیگر کے علاوہ، درج ذیل شامل ہیں:
- آر بی آئی نے بینکوں کے فوت شدہ صارفین سے متعلق دعوؤں کے تصفیے کے لیے جامع ہدایات جاری کی ہیں، جنہیں اب آر بی آئی ریسپانسبل بزنس کنڈکٹ ڈائریکشنز، 2025 کے تحت یکجا کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 01.10.2025 سے ایک ترغیبی اسکیم بھی نافذ کی گئی ہے، جس کے تحت کامیاب دعوؤں کے تصفیے پر غیر دعویٰ شدہ جمع رقم کا 5 فیصد سے 7.5 فیصد (ایک حد تک) بطور ادائیگی فراہم کی جاتی ہے۔ بینکوں کو یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ جمع کنندگان، نامزد افراد یا قانونی ورثاء کا سراغ لگانے کے لیے وقتاً فوقتاً مہمات چلائیں، غیر دعویٰ شدہ جمع رقوم کی فہرستیں شائع کریں اور آگاہی مہمات کا انعقاد کریں۔ بینکاری قوانین (ترمیمی) ایکٹ، 2025 کے تحت بینک کھاتوں میں متعدد نامزدگیاں ممکن بنائی گئی ہیں، جن میں یکے بعد دیگرے اور بیک وقت زیادہ سے زیادہ چار نامزدگیاں شامل ہو سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ، انڈین بینکس ایسوسی ایشن نے بینکوں کے مخصوص پورٹل کے ذریعے غیر دعویٰ شدہ جمع رقوم کے تصفیے کے لیے ایک مشترکہ درخواست فارم اور معیاری عملی طریقہ کار متعارف کرایا ہے۔
- آئی آر ڈی اے آئی نے اطلاع دی ہے کہ پروپوزر (درخواست دہندہ) اور نامزد فرد کی تفصیلات جمع کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے اور یہ تفصیلات درخواست کے مرحلے پر ہی حاصل کی جاتی ہیں۔ انشورنس کمپنیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے صارفین تک باقاعدگی سے رسائی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کریں، واجب الادا دعوؤں کے بارے میں پیشگی اطلاع فراہم کریں، غیر ادا شدہ رقوم کے اصل حق داروں کا سراغ لگانے کی کوششیں تیز کریں اور ان رقوم کی مؤثر ادائیگی کو یقینی بنائیں۔ ساتھ ہی، معیاری عملی طریقہ کار، اکثر پوچھے جانے والے سوالات اور آگاہی ویڈیوز آئی آر ڈی اے آئی کی ویب سائٹ پر دستیاب کر دی گئی ہیں۔
- iii. سیبی نے منتقلی (ٹرانسمیشن) کے طریقہ کار کو آسان بنانے کے لیے متعدد اقدامات متعارف کرائے ہیں، جن میں نامزدگی (نومینیشن) کو فروغ دینا، 5 لاکھ روپے تک کے دعوؤں کے لیے سادہ دستاویزی تقاضے، اور مختلف حالات کے لیے درکار فارم اور دستاویزات سمیت تفصیلی رہنما اصولوں کی ایسوسی ایشن آف میوچوئل فنڈز اِن انڈیا کی ویب سائٹ پر دستیابی شامل ہے۔ اس کے علاوہ، سیبی کے 27.06.2024 کے میوچوئل فنڈز سے متعلق ماسٹر سرکلر کے مطابق، اثاثہ جاتی انتظامی کمپنیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ نامزد/مشترکہ ہولڈر کے دعوؤں کے لیے امیج پر مبنی پروسیسنگ نافذ کریں تاکہ کارروائی کے وقت (ٹرن اراؤنڈ ٹائم) میں بہتری آئے، اور سرمایہ کاروں کو ٹرانسمیشن کے عمل میں مدد فراہم کرنے کے لیے ایک مخصوص ہیلپ ڈیسک اور ویب پیج قائم کریں۔
اس کے علاوہ، شہریوں کو اپنے غیر دعویٰ شدہ مالی اثاثوں کا آسان طریقے سے سراغ لگانے اور دعویٰ کرنے کے قابل بنانے کے مقصد سے، محکمہ مالیاتی خدمات نے آر بی آئی، سیبی اور آئی آر ڈی اے آئی کے اشتراک سے اکتوبر تا دسمبر 2025 کے دوران ”آپ کی پونجی، آپ کا حق“ کے عنوان سے ملک گیر مہم کا انعقاد کیا۔ 748 اضلاع میں خصوصی کیمپ لگائے گئے، اور 28.02.2026 تک 22.95 لاکھ دعوؤں سے متعلق 5,777 کروڑ روپے مالیت کے غیر دعویٰ شدہ مالی اثاثے ان کے اصل مالکان کو واپس کیے جا چکے ہیں۔
ڈی ای اے فنڈ اسکیم، 2014 کے مطابق، بینکوں کے لیے لازم ہے کہ وہ ان کھاتوں میں موجود کریڈٹ بیلنس، جن پر 10 سال یا اس سے زیادہ عرصے تک کوئی لین دین نہیں ہوا، ڈی ای اے فنڈ میں منتقل کریں۔ مزید یہ کہ جمع کنندگان کے واجب الادا غیر دعویٰ شدہ ڈپازٹس کی وہ مجموعی رقم جو ڈی ای اے فنڈ میں منتقل کی جا چکی ہے، متعلقہ بینکوں کی ہنگامی ذمہ داری کا حصہ ہوتی ہے (آف بیلنس شیٹ آئٹم کے طور پر)۔
آر بی آئی نے مرکزی ویب پورٹل تیار کیا ہے، جو رجسٹرڈ صارفین کو ایک ہی جگہ متعدد بینکوں میں غیر دعویٰ شدہ ڈپازٹ/ کھاتوں کی تلاش کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ آر بی آئی کے مطابق، 01.03.2026 تک پورٹل پر 18.86 لاکھ رجسٹرڈ صارفین موجود ہیں۔
آئی آر ڈی اے آئی کا بیمہ بھروسہ پورٹل اور سیبی کا مترا پلیٹ فارم بالترتیب غیر دعویٰ شدہ انشورنس رقوم اور میوچوئل فنڈ کی رقوم کا سراغ لگانے کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ، آر بی آئی نے ایک بین ضابطہ ورکنگ گروپ تشکیل دیا ہے تاکہ ایک مشترکہ مربوط ویب پورٹل تیار کیا جا سکے، جس کے ذریعے شہری اپنے غیر دعویٰ شدہ مالی اثاثوں کی تلاش اور دعویٰ کر سکیں۔
وزارت خزانہ کے وزیر مملکت جناب پنکج چودھری نے آج راجیہ سبھا میں یہ معلومات فراہم کیں۔
**************
ش ح۔ ف ش ع
24-03-2026
U: 4807
(ریلیز آئی ڈی: 2244715)
وزیٹر کاؤنٹر : 5