صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
صدرِ جمہوریۂ ہند نے ورنداون میں رام کرشن مشن سیوا آشرم کے نند کشور سومانی آنکولوجی بلاک کا افتتاح کیا
رام کرشن مشن نے یہ ثابت کیا ہے کہ جدید سائنس اور انسانی ہمدردی کا سنگم انسانیت کی بہبود کے لیے غیر معمولی کارنامے انجام دے سکتا ہے: صدرجمہوریہ دروپدی مرمو
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
20 MAR 2026 2:52PM by PIB Delhi
صدرِ جمہوریۂ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے آج (بتاریخ20 مارچ 2026) اتر پردیش کے شہر ورنداون میں رام کرشن مشن سیوا آشرم کےنند کشور سومانی آنکولوجی بلاک کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ رام کرشن مشن روحانی شعور اور انسانی خدمت کے سنگم کی ایک طاقتور علامت کے طور پر قائم ہے۔ رام کرشن پرمہنس کی گہری عقیدت نے ایک ایسی عظیم لہر پیدا کی، جسے بعد میں ان کے سب سے بڑے شاگرد سوامی وویکانند نے انسانیت کی بہبود کے لیے ایک ادارے کی شکل دی۔ رام کرشن مشن نے مسلسل یہ پیغام دیا ہے کہ محبت، خدمت اور ہمدردی ہی بھگوان کو پانے کا بہترین راستہ ہے۔ اس مشن نے ثابت کیا ہے کہ حقیقی بے لوث خدمت اور ہمدردی ہی روحانیت کا اصل اظہار ہے۔
صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ کینسر صحت کے سنگین ترین چیلنجوں میں سے ایک ہے۔ بیماری کی بروقت تشخیص اور اعلیٰ معیار کے علاج تک رسائی مریض کی زندگی بچانے میں فیصلہ کن ثابت ہو سکتی ہے۔ تاہم، بہت سے کنبوں کے لیے مالی مجبوریوں کے باعث اس بیماری کا علاج مشکل یا ناممکن معلوم ہوتا ہے۔ ایسے وقت میں عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ادارے سماجی بہبود میں فعال کردار ادا کر سکتے ہیں۔ بیداری مہمات اور بروقت اسکریننگ کی سہولیات کے ذریعے کینسر سے بچاؤ اور ابتدائی علاج پر خصوصی زور دیا جا رہا ہے۔ ایک مضبوط اور خود کفیل بھارت کی تعمیر صحت مند شہریوں کے ذریعے ہی ممکن ہوگی۔
صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ بھارت اپنے طبی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور ہر شہری تک معیاری طبی امداد کی رسائی یقینی بنانے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہا ہے۔ آیوشمان بھارت جیسی تاریخی اسکیموں کے ذریعے لاکھوں شہریوں کو سستا اور اعلیٰ معیار کا علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔ کینسر کے علاج کو بھی آیوشمان بھارت اسکیم کے دائرے میں لایا گیا ہے، جس سے غریب اور ضرورت مند مریض مستفید ہو رہے ہیں۔
صدرِجمہوریہ نے مزید کہا کہ خدمت کے جذبے سے چلنے والے طبی ادارے معاشرے میں بہت بڑا کردار ادا کرتے ہیں۔ وہ نہ صرف بیماریوں کا علاج کرتے ہیں بلکہ مریضوں اور ان کے کنبوں کی زندگیوں میں امید، اعتماد اور وقار بھی پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رام کرشن مشن نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ جدید سائنس اور انسانی ہمدردی کا سنگم انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے غیر معمولی کارنامے انجام دے سکتا ہے۔ انہوں نے رام کرشن مشن سیوا آشرم سے وابستہ تمام افراد کی ستائش کی اور اس یقین کا اظہار کیا کہ ان کا یہ تعاون آنے والے برسوں میں لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے میں انتہائی اہم ثابت ہوگا۔
براہ کرم، صدر جمہوریہ کی تقریر دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں!-
*****
UR-4535
(ش ح۔ک ح ۔ ن ع)
(ریلیز آئی ڈی: 2242956)
وزیٹر کاؤنٹر : 15