نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت
ہندوستان کے اسپورٹس آلات کی تیاری کے شعبے پر نیتی آیوگ کی رپورٹ جاری
سکریٹری (کھیل) جناب ہری رنجن راؤ نے کہا کہ ’’اسپورٹس کے سامان کو حال ہی میں وزارت کے کاروباری قواعد میں شامل کیا گیا ہے، جس سے اس کی اسٹریٹجک اہمیت ظاہر ہوتی ہے‘‘
ہندوستان نے 2036 تک اسپورٹس کے سامان کی برآمدات کو 8.1 ارب امریکی ڈالر تک پہنچانے کا پرعزم ہدف مقرر کیا ہے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
19 MAR 2026 8:21PM by PIB Delhi
نیتی آیوگ کی جانب سے "ریئلائزنگ دی ایکسپورٹ پوٹینشل آف انڈیا ز اسپورٹس ایکوپمنٹ مینوفیکچرنگ سیکٹر" کے عنوان سے ایک باضابطہ رپورٹ آج جاری کی گئی، جس میں ہندوستان کو کھیلوں سامان کی تیاری اور برآمدات کا عالمی مرکز بنانے کے عزم کا خاکہ پیش کیا گیا ہے۔
یہ رپورٹ خاص طور پر کھیلوں کے سامان کی مینوفیکچرنگ کے شعبے پر مرکوز ہے، جو برآمدات کے حوالے سے نمایاں غیر استعمال شدہ امکانات کا حامل ہے۔
رپورٹ میں اس شعبے کو انتہائی محنت طلب اور مالی لحاظ سے فائدہ مند قرار دیا گیا ہے، جو روزگار کے وسیع مواقع اور صنعتی ترقی کے امکانات فراہم کرتا ہے۔
رپورٹ میں ایک اہم ہدف یہ مقرر کیا گیا ہے کہ 2036 تک ہندوستان کی کھیل کود کے سامان کی برآمدات کو تقریباً 8.1 ارب امریکی ڈالر تک بڑھایا جائے۔
اس ہدف کے حصول کے لیے رپورٹ میں جامع حکمتِ عملی تجویز کی گئی ہے، جس میں کاروباری سرگرمیوں کو آسان بنانے کے لیے ساختیاتی اور انتظامی اصلاحات، اور عالمی مسابقت بڑھانے کے لیے مالی مراعات شامل ہیں۔
اس کے علاوہ نئی اور جدید اسپورٹس مینوفیکچرنگ کلسٹرس کے قیام، عالمی معیار کی ٹیسٹنگ اور سرٹیفکیشن سہولیات کی فراہمی، عالمی منڈیوں میں ’’برانڈ انڈیا‘‘ کے فروغ، اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ شراکت داری کو بھی فروغ دینے کی سفارش کی گئی ہے۔
رسم اجراء کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سکریٹری (کھیل) جناب ہری رنجن راؤ نے کہا کہ’’کھیلوں کے سامان کو حال ہی میں وزارت کے کاروباری قواعد میں شامل کیا گیا ہے، جس سے اس کی اسٹریٹجک اہمیت ظاہر ہوتی ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’’کھیلو بھارت نیتی 2025 اور مجوزہ نیشنل اسپورٹس گورننس ایکٹ ہندوستان کے کھیل کود کے نظام کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔‘‘
سکریٹری (کھیل) نے یہ بھی بتایا کہ وزارت کھیل وزیرِ اعظم کے اس وژن کو حقیقت میں بدلنے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے، جس کے تحت کھیل کو معاشی ترقی، عالمی برانڈنگ اور نوجوانوں کی ترقی کے مؤثر ذریعہ کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔
یہ رپورٹ عالمی اسپورٹس مینوفیکچرنگ ویلیو چین میں ہندوستان کے امکانات کو اجاگر کرنے اور ملک کو مسابقتی، اختراعی اور برآمدات پر مبنی مرکز کے طور پر قائم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
رپورٹ کے اجراء کے موقع پر جالندھر اور میرٹھ کے اہم اسپورٹس مینوفیکچرنگ کلسٹرس کے نمائندے، وزارتِ امورِ نوجوانان و کھیل اور نیتی آیوگ کے افسران بھی موجود تھے۔
اس لنک کے ذریعہ رپورٹ تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔https://niti.gov.in/sites/default/files/2026-03/Realising-the-Export-Potential-of-India-Sports-Equipment-Manufacturing-Sector.pdf
******
(ش ح۔ م ش ع۔ م ا)
Urdu No-4503
(ریلیز آئی ڈی: 2242760)
وزیٹر کاؤنٹر : 20