قبائیلی امور کی وزارت
نئی دہلی میں شروع ہوئے بھارت قبائلی میلہ2026 کے ذریعے قبائلی بھارت کے دل تک رسائی
قبائلی فنون، جنگلات سے تھالی تک پہنچنے والے روایتی پکوانوں اور اُبھرتے ہوئے کاروباری اداروں کی شاندار نمائش کے ذریعے 21 ریاستوں کی رنگا رنگ ثقافتی جھلک کا مشاہدہ کریں
بھارت قبائلی میلہ2026 نئی دہلی میں بھارت کے قبائلی ورثے، کاروباری صلاحیتوں اور عالمی ثقافتی شراکت داریوں کو اجاگر کر رہا ہے
سندر نرسری میں عظیم قبائلی میلہ کا افتتاح: بھارت قبائلی میلہ2026 میں ملک بھر سے قبائلی فنون، روایتی پکوان اور کاروباری مواقع کی نمائش
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
18 MAR 2026 10:07PM by PIB Delhi
ہندوستان کی قبائلی برادریوں کے مالامال ثقافتی ورثے، دستکاری اور کاروباری جذبے کو اجاگر کرنے والے قومی پلیٹ فارم بھارت قبائلی میلے2026 کا آج نئی دہلی کے سندر نرسری میں افتتاح کیا گیا۔ اس میلے کا انعقاد وزارت قبائلی امور نے ہندوستان قبائلی امداد باہمی کی مارکیٹنگ ترقیاتی فیڈریشن (ٹرائیفیڈ) کے اشتراک سے کیا ہے۔
اس میلے کا افتتاح مرکزی وزیر برائے قبائلی امور جناب جوئل اورام نے سوشلسٹ جمہوریہ ویتنام کے وزیر برائے نسلی و مذہبی امور جناب ڈاؤ نگوک دُنگ اور نائب وزیر برائے نسلی و مذہبی امور جناب وائی تھونگ کی موجودگی میں کیا۔تقریب میں وزارتِ قبائلی امور کی سکریٹری محترمہ رنجنا چوپڑا، ٹرائیفیڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر جناب ایم راجامورگن، وزارت کے ایڈیشنل سکریٹری جناب منیش ٹھاکر، جوائنٹ سیکریٹری جناب اننت پرکاش پانڈے سمیت اعلیٰ حکام، قبائلی رہنماؤں ،کاریگروں اور دیگر متعلقہ افراد نے بھی شرکت کی۔


اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر برائے قبائلی امور جناب جوئل اورام نے کہا:“ بھارت قبائلی میلہ، بھارت کی قبائلی برادریوں کی بھرپور روایات، تخلیقی صلاحیتوں اور ثابت قدمی کا عکاس ہے۔ یہ میلہ قبائلی فنون، دستکاری، ہینڈلوم، روایتی پکوانوں اور کاروباری سرگرمیوں کو پیش کرنے کے لیے ایک اہم قومی پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے، ساتھ ہی قبائلی کاریگروں اور کاروباری افراد کے لیے مارکیٹ سے روابط کو بھی مضبوط کرتا ہے۔”
سوشلسٹ جمہوریہ ویتنام کے وزیر برائے نسلی و مذہبی امور جناب ڈاؤ نگوک دُنگ نے بھارت اور ویتنام کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو سراہتے ہوئے کہاکہ “ہمیں ہندوستان کے ساتھ مضبوط اور کثیر جہتی تعلقات پر فخر ہے جو ہماری ثقافتی، معاشی اور نسلی تعلقات پر مبنی ہیں۔ ہندوستان-ویتنام تعلقات کی دسویں سالگرہ کے موقع پر اس نوعیت کے اقدامات ہمارے باہمی روابط کو مزید گہرا کرنے، ایک دوسرے کو بہتر طور پر سمجھنے اور دونوں ممالک کے درمیان دیرپا رشتے کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔”
وزارت قبائلی امور کی سکریٹری محترمہ رنجنا چوپڑا نے اس تقریب کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ “بھارت قبائلی میلہ قبائلی دستکاری اور کاروباری صلاحیتوں کے بے پناہ امکانات کو اجاگر کرتا ہے، ساتھ ہی اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ روایتی علم کے نظام اور ثقافتی ورثے کا تحفظ اور فروغ ہو۔ ہمیں یقین ہے کہ آنے والے دنوں میں قبائلی کاریگر اپنے مصنوعات کامیابی سے فروخت کر سکیں گے، بہتر منافع حاصل کریں گے اور انہیں بامعنی نمائش کا موقع ملے گا، جس سے ان کی روزی روٹی اور مارکیٹ میں موجودگی مزید مضبوط ہوگی۔”
یہ میلہ ملک بھر کی قبائلی برادریوں اور کاروباری اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرتا ہے، جہاں دستکاری، ہینڈلوم، جنگلاتی پیداوار اور روایتی پکوانوں کی دلکش اور ہمہ گیر نمائش پیش کی جاتی ہے۔ اس کے نمایاں پہلو درج ذیل ہیں:
- 200 سے زائد منتخب اسٹالز جہاں قبائلی مصنوعات کی نمائش کی جا رہی ہے
- تقریباً 75 ون دھن وکاس کیندرز(وی ڈی وی کے ) جو جنگلاتی پیداوار میں ویلیو ایڈیشن کو فروغ دے رہے ہیں
- ملک بھر سے 300 سے زائد فنون ولطیفہ اور دستکاری کے شرکاء
- 120 قبائلی پکوانوں کے ماہرین جو مستند علاقائی پکوان پیش کر رہے ہیں
- ماہر کاریگروں کی جانب سے 17 لائیو دستکاری مظاہرے
- سگنیچر پویلین میں معروف ڈیزائنرز اور قبائلی کاریگروں کی خصوصی شرکت
- 400 سے زائد قبائلی فنکار جو روایتی رقص اور موسیقی پیش کر رہے ہیں
میلے کی ایک بڑی جھلک سگنیچر برانڈ آر آئی ایس اے کا اجراء اور سگنیچر پویلین کا افتتاح رہا، جہاں معروف ڈیزائنرز اور قبائلی کاریگروں کے اشتراک سے تیار کردہ منتخب قبائلی ملبوسات اور دستکاری پیش کی گئی۔ آر آئی ایس اے برانڈ کا اجرا ءمرکزی وزیر برائے قبائلی امور جناب جوئل اورام نے خواتین و اطفال کی ترقی کی وزیر مملکت محترمہ ساوتری ٹھاکر، محترمہ رنجنا چوپڑا، جناب ایم راجامورگن، جوائنٹ سکریٹری جناب اننت پرکاش پانڈے، معروف ڈیزائنر جناب منیش ترپاٹھی اور دیگر معزز شخصیات کی موجودگی میں کیا۔
آر آئی ایس اے پلیٹ فارم کے ذریعے مقامی ٹیکسٹائل روایات جیسے آسام کا ایری سلک اور موگا سلک، اڈیشہ کا کوٹ پیڈ کاٹن، لداخ کا چانگپا پشمینہ اور تمل ناڈو کی ٹوڈا کڑھائی کو جدید ڈیزائن کے انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔ اس اقدام سے قبائلی کاریگروں کو وسیع منڈیوں تک رسائی کے نئے مواقع میسر آ رہے ہیں، جبکہ ان کے ثقافتی ورثے کا تحفظ بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔
میلے کے تحت بھارت قبائلی کاروباری کانکلیو، 19 مارچ 2026 سے کئی دنوں تک منعقد ہوگا، جس میں پالیسی سازوں، صنعت کے رہنماؤں، ڈیزائنرز اور قبائلی کاروباری اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر یکاکیا جائے گا تاکہ باہمی تعاون، اختراع اور مارکیٹ کے فروغ کے امکانات کا جائزہ لیا جا سکے۔
مورخہ 24 مارچ 2026 کو منعقد ہونے والی سی ایس آر سمٹ کارپوریٹ اداروں اور قبائلی کاروباری یونٹس کے درمیان شراکت داری کو مضبوط بنانے پر مرکوز ہوگی تاکہ کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (سی ایس آر) کے اقدامات کے ذریعے پائیدار روزگار کے مواقع کو فروغ دیا جا سکے۔
بھارت قبائلی میلہ 2026، 18 سے 30 مارچ 2026 تک سندر نرسری، نئی دہلی میں جاری رہے گا، جہاں زائرین کو قبائلی فنون، ہینڈلوم، دستکاری، روایتی پکوانوں اور ثقافتی پیشکشوں کا بھرپور اور دلکش تجربہ حاصل ہوگا۔ اس میلے کا مقصد قبائلی ورثے کے بارے میں آگاہی کو فروغ دینا اور قبائلی برادریوں کے لیے بہتر معاشی مواقع پیدا کرنا ہے۔







**********
(ش ح ۔ م ش۔ع ن)
U. No. 4436
(ریلیز آئی ڈی: 2242358)
وزیٹر کاؤنٹر : 9