وزارت سیاحت
آئی ٹی ڈی سی اور وزارتِ قبائلی امور کی جانب سے قبائلی ہوم اسٹے مالکان کے لیے 'صلاحیت سازی کے پروگرام' کا افتتاح
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
17 MAR 2026 11:39AM by PIB Delhi
انڈیا ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (آئی ٹی ڈی سی) نے وزارتِ سیاحت کے تحت اور وزارتِ قبائلی امور کے تعاون سے، کوٹیلیہ ہال، ہوٹل سمراٹ، نئی دہلی میں قبائلی ہوم اسٹے مالکان کے لیے ‘استعداد کار میں اضافے کے پروگرام’ کی افتتاحی تقریب منعقد کی۔
یہ اقدام کمیونٹی پر مبنی سیاحت کو فروغ دینے اور ملک بھر میں قبائلی ہوم اسٹے آپریٹرز کی پیشہ ورانہ مہمان نوازی کی مہارتوں کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ اس پروگرام کا مقصد سروس کے معیار کو بہتر بنانا، سیاحوں کے تجربات کو خوشگوار بنانا اور وزارتِ قبائلی امور کے لیے آئی ٹی ڈی سی کے ‘آئی ایچ ایم اشوک’ کے ذریعے منظم تربیت کے ذریعے قبائلی برادریوں کے لیے پائیدار ذریعہ معاش کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ پروگرام میں اروناچل پردیش، سکم اور گجرات سے تعلق رکھنے والے 40 شرکاء کے پہلے بیچ نے شرکت کی۔
تقریب میں محترمہ رنجنا چوپڑا (آئی اے ایس) ، سکریٹری وزارتِ قبائلی امور؛ جناب منیش ٹھاکر(آئی ے ایس) ، ایڈیشنل سکریٹری وزارتِ قبائلی امور؛ محترمہ مگدھا سنہا (آئی اے ایس)، منیجنگ ڈائریکٹر آئی ٹی ڈی سی؛ ڈاکٹر ورنالی ڈیکا (آئی اے ایس)، ڈائریکٹر وزارتِ قبائلی امور اور جناب راجیش رانا، ڈائریکٹر کمرشل اینڈ مارکیٹنگ آئی ٹی ڈی سی نے شرکت کی۔
اس تقریب کی ایک اہم خاص بات آئی ایچ ایم اشوک کی تیار کردہ اشاعت ‘‘ٹرائبل ہوم اسٹے – آپریشن اینڈ ڈیولپمنٹ مینول 2026’’ کا اجرا تھا۔ یہ مینول بھارت بھر میں قبائلی ہوم اسٹیز کی ترقی اور پیشہ ورانہ انتظام میں مدد کے لیے ایک منظم فریم ورک فراہم کرتا ہے۔ موجودہ اور نئے ہوم اسٹے آپریٹرز کے لیے ایک عملی گائیڈ کے طور پر ڈیزائن کیے گئے اس مینول کو کثیر لسانی وسیلے کے طور پر تیار کیا گیا ہے اور ہندی و گجراتی میں بھی ترجمہ کیا گیا ہے تاکہ برادریوں میں اس کی وسیع پیمانے پر رسائی کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس موقع پر قبائلی امورکی وزارت کے سکریٹری نے کہاکہ ‘‘بھارتی سیاحوں کی سوچ بدل رہی ہے۔ آج کے مسافر تیزی سے ایسے مقامات کی تلاش میں ہیں جہاں ہجوم کم ہو، جو فطرت کے قریب ہوں اور آلودگی سے پاک ہوں، جبکہ وہ ان ماحولوں کا حقیقی تجربہ کرنے کے لیے وہاں طویل قیام کو ترجیح دے رہے ہیں۔ ایک ایسا ملک جہاں ہوٹلوں کے کمروں کی شدید کمی ہے، وہاں ‘ہوم اسٹے ماڈل’ ایک بہترین حل پیش کرتا ہے۔’’
انہوں نے مزید کہا، ‘‘یہ نہ صرف جدید مسافروں کی توقعات پر پورا اترتا ہے بلکہ قبائلی گھرانوں، خاص طور پر پہاڑی اور قبائلی علاقوں میں، روزگار کے معنی خیز مواقع بھی پیدا کرتا ہے۔ ہوم اسٹے مالکان کو مہمان نوازی کے بنیادی اصولوں سے آراستہ کر کے یہ اقدام مقامی معیشتوں کو بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ جیسے جیسے آئی ٹی ڈی سی اپنی بہترین کارکردگی کے ساٹھ سال مکمل کر رہا ہے، وزارتِ قبائلی امور کے ساتھ یہ شراکت داری ایک سنگ میل ہے۔ آج اس تربیتی پروگرام کے ذریعے جو چھوٹا سا بیج ہم بو رہے ہیں، وہ ایک مضبوط اور پائیدار ماڈل کی شکل اختیار کرے گا جو بہت سی دوسری برادریوں کو سیاحت کے ذریعے روزگار کے مواقع اپنانے کی ترغیب دے گا۔’’
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محترمہ مگدھا سنہا (آئی اے ایس)، ایم ڈی آئی ٹی ڈی سی نے کہا،‘‘بھارت میں ہوم اسٹے کی تحریک وزیر اعظم کے ملک بھر میں ایک لاکھ ہوم اسٹیز قائم کرنے کے وژن سے بھرپور ترغیب لیتی ہے۔ 1,500 شرکاء کو تربیت دینے کی ہماری فوری کوشش تو محض ایک آغاز ہے۔ بڑا مقصد انہیں اس قابل بنانا ہے کہ وہ اپنی متعلقہ ریاستوں میں 'ماسٹر ٹرینرز' بن سکیں، جس سے اس ماڈل کو تیزی سے پھیلنے میں مدد ملے گی اور کمیونٹیز اپنے گھر کے قریب ہی تربیت حاصل کر سکیں گی۔’’
انہوں نے یہ بھی کہا، ‘‘یہ اقدام مشترکہ تعاون کے ذریعے کام کرنے کے ہمارے عزم کی بھی عکاسی کرتا ہے۔ وزارتِ قبائلی امور، وزارتِ سیاحت اور ‘انکریڈیبل انڈیا’ پلیٹ فارم کی طاقت اور ہم آہنگی کو یکجا کر کے، ہم ایک ایسا فریم ورک بنا رہے ہیں جو پائیدار سیاحت کی حمایت کرتا ہے اور ملک بھر کی برادریوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرتا ہے۔’’
آئی ٹی ڈی سی اور وزارتِ قبائلی امور کے درمیان یہ تعاون حکومت کی جامع ترقی اور سیاحت کے ذریعے ذریعہ معاش پیدا کرنے کی وسیع تر توجہ کی عکاسی کرتا ہے۔ اس کا مقصد قبائلی ہوم اسٹے آپریٹرز کو ان مہارتوں اور علم سے لیس کر کے کمیونٹی پر مبنی سیاحت کو مضبوط بنانا ہے جو اعلیٰ معیار کے تجربات فراہم کرنے کے لیے درکار ہیں۔ یہ قبائلی روایات کو محفوظ رکھتے ہوئے معنی خیز معاشی مواقع پیدا کر کے پائیدار ترقی میں بھی اپنا حصہ ڈالتا ہے۔
انڈیا ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (آئی ٹی ڈی سی) کے بارے میں:
آئی ٹی ڈی سی کا قیام 1966 میں ملک میں سیاحتی انفراسٹرکچر کی ترقی اور توسیع کے مقصد سے عمل میں آیا تھا۔ یہ کارپوریشن اپنے مہمانوں کو عالمی معیار کی خدمات اور سہولیات فراہم کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ ہوٹل چلانے کے علاوہ، آئی ٹی ڈی سی نے غیر ہوٹل شعبوں جیسے ٹکٹنگ، ٹورز اینڈ ٹریولز، ایونٹ مینجمنٹ، ڈیوٹی فری شاپنگ، پبلسٹی و پرنٹنگ کنسلٹنسی، انجینئرنگ کنسلٹنسی، ساؤنڈ اینڈ لائٹ شوز، اور ہاسپیٹلٹی ایجوکیشن و اسکل ڈیولپمنٹ میں بھی مہارت حاصل کر لی ہے۔
***
UR-4202
(ش ح۔س ک ۔ ع ن )
(ریلیز آئی ڈی: 2241072)
وزیٹر کاؤنٹر : 18