جل شکتی وزارت
جل جیون مشن کے نفاذ کی صورتحال
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
09 MAR 2026 4:36PM by PIB Delhi
ملک کے ہر دیہی گھرانے کو مقررہ معیار کے مطابق مناسب مقدار میں محفوظ پینے کا پانی باقاعدہ اور طویل مدتی بنیاد پر نل کے کنکشن کے ذریعے فراہم کرنے کے مقصد سے حکومتِ ہند ریاستوں کے اشتراک سے اگست 2019 سے جل جیون مشن (جے جے ایم) — ہر گھر جل — نافذ کر رہی ہے۔
مشن کے آغاز کے وقت صرف 3.23 کروڑ (16.7 فیصد) دیہی گھرانوں کے پاس نل کے پانی کا کنکشن تھا۔ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی جانب سے 03 مارچ 2026 تک فراہم کردہ معلومات کے مطابق جل جیون مشن (جے جے ایم) — ہر گھر جل کے تحت اب تک 12.58 کروڑ سے زیادہ اضافی دیہی گھرانوں کو نل کے پانی کے کنکشن فراہم کیے جا چکے ہیں۔ اس طرح 03 مارچ 2026 تک ملک کے تقریباً 19.36 کروڑ دیہی گھرانوں میں سے تقریباً 15.82 کروڑ (81.71 فیصد) گھرانوں کو گھروں میں نل کے ذریعے پانی کی فراہمی حاصل ہو چکی ہے۔
مزید برآں مشن کے تحت دیہی علاقوں میں فراہم کیے گئے نل کے پانی کے کنکشن کی ریاست، ضلع اور گاؤں کی سطح پر صورتحال عوامی ڈومین میں دستیاب ہے اور جل جیون مشن کے ڈیش بورڈ پر دیکھی جا سکتی ہے:
https://ejalshakti.gov.in/jjmreport/JJMIndia.aspx
ریاستوں نے اس عمل میں کئی چیلنجوں کی نشاندہی کی ہے، جن میں قابلِ اعتماد آبی ذرائع کی کمی، بعض علاقوں میں قدرتی آلودگی، دشوار گزار جغرافیہ، بکھری ہوئی آبادیاں، محدود تکنیکی صلاحیت، تعمیراتی مواد کی بڑھتی ہوئی قیمتیں اور قانونی منظوریوں میں تاخیر شامل ہیں۔ ان چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے حکومت نے سرمایہ جاتی اخراجات کے لیے خصوصی امداد، منظوریوں کے عمل کو تیز کرنے کے لیے نوڈل افسران کی تقرری، ریاستی پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ (ایس پی ایم یو) اور ضلعی پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ (ڈی پی ایم یو) کے قیام جیسے اقدامات کیے ہیں۔ اسی کے ساتھ ’’نل جل متر پروگرام‘‘ شروع کیا گیا تاکہ مقامی تکنیکی مہارت کو فروغ دیا جا سکے۔ مزید برآں ’’جل شکتی ابھیان: کیچ دی رین‘‘ (جے ایس اے: سی ٹی آر) اقدام کے ذریعے پانی کے ذرائع کی پائیداری، کمیونٹی کی قیادت میں تحفظ اور خواتین کی قیادت کو فروغ دیا جا رہا ہے تاکہ طویل مدتی پینے کے پانی کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
جل جیون مشن کے تحت محکمہ گھریلو نل کنکشن کی فعالیت کا جائزہ ایک آزاد تیسرے فریق کی ایجنسی کے ذریعے معیاری شماریاتی نمونے کی بنیاد پر کراتا ہے۔ فعالیت جائزہ 2024 کے مطابق سروے کیے گئے گاؤں میں 98.1 فیصد گھرانوں کے پاس نل کے کنکشن موجود تھے۔ ان میں سے 87 فیصد گھرانوں نے بتایا کہ انہیں گزشتہ ہفتے پانی ملا، جو مجموعی پیش رفت کی نشاندہی کرتا ہے۔ 84 فیصد گھرانوں کو مقررہ شیڈول کے مطابق پانی فراہم ہوا، 80 فیصد گھرانوں کو کم از کم 55 لیٹر فی کس یومیہ پانی ملا، 76 فیصد گھروں میں بیکٹیریائی آلودگی نہیں پائی گئی اور 81 فیصد پانی کے ذرائع کیمیائی آلودگی سے پاک پائے گئے۔ مقدار، معیار اور باقاعدگی کے معیارات کو مدنظر رکھتے ہوئے 76 فیصد گھریلو نل کنکشن فعال پائے گئے۔
اپنے آغاز سے ہی جل جیون مشن کو غیر مرکزی، مانگ پر مبنی اور کمیونٹی کے زیر انتظام پروگرام کے طور پر نافذ کیا جا رہا ہے، جس میں توجہ بستی کی سطح پر پانی کی فراہمی سے ہٹ کر ہر گھر تک نل کنکشن فراہم کرنے پر مرکوز کی گئی ہے۔ اس مشن میں بنیادی توجہ محض پانی کی فراہمی کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے بجائے ’’خدمات کی فراہمی‘‘ پر ہے۔ اس کے ساتھ ہی نل کے کنکشن کے ذریعے ہمہ گیر کوریج کو یقینی بنانے کے لیے پروگرام کے نفاذ کی نگرانی اور جائزے کے لیے ایک جامع کثیر سطحی اور کثیر النوع نظام تیار کیا گیا ہے۔ اس میں گھر کے سربراہ کے آدھار کو مخصوص نتائج کی نگرانی کے لیے جوڑنا، تیار شدہ اثاثوں کی جیو ٹیگنگ اور ادائیگی سے قبل تیسرے فریق کی جانچ جیسے اقدامات شامل ہیں۔
یہ معلومات آج راجیہ سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں جل شکتی کے وزیر مملکت جناب وی سومنا نے فراہم کیں۔
************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U :3590 )
(ریلیز آئی ڈی: 2237195)
وزیٹر کاؤنٹر : 3