وزارت دفاع
“لامیتیئےمشق – 2026” کے لیے بھارتی فوجی دستہ سیشلز روانہ
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
09 MAR 2026 11:19AM by PIB Delhi
بھارتی مسلح افواج کا دستہ سیشلز کی دفاعی افواج کے ساتھ مشترکہ فوجی مشق لامیتیئے 2026کے گیارہویں مرحلے میں شرکت کے لیے سیشلز پہنچ گیا ہے۔ یہ مشترکہ مشق سیشلز دفاعی اکیڈمی میں 9 مارچ سے 20 مارچ 2026 تک منعقد ہوگی۔ کریول زبان میں لامیتیئے کا مطلب دوستی ہے۔ یہ ہر دو سال بعد منعقد ہونے والی تربیتی مشق ہے جو 2001 سے سیشلز میں جاری ہے۔
اس سال کی مشق اس لحاظ سے اہم ہے کہ اس میں پہلی مرتبہ بھارتی مسلح افواج کی تینوں شاخیں حصہ لے رہی ہیں۔ بھارتی دستے میں آسام ریجمنٹ کے اہلکار شامل ہیں، جبکہ بھارتی بحریہ اور بھارتی فضائیہ بھی شریک ہیں۔ اس میں بھارتی بحریہ کا جنگی جہاز آئی این ایس تریکنڈ اور بھارتی فضائیہ کا سی 30 طیارہ بھی حصہ لے رہا ہے۔
اس مشق کا مقصد نیم شہری ماحول میں غیر روایتی فوجی کارروائیوں کے شعبے میں باہمی ہم آہنگی کو بہتر بنانا اور امن قائم رکھنے کی کارروائیوں کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور مشترکہ عملی صلاحیت کو مضبوط کرنا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ مشق دونوں افواج کے درمیان مہارتوں، تجربات اور بہترین طریقۂ کار کے تبادلے کے ذریعے دو طرفہ فوجی تعلقات کو مزید مستحکم کرے گی۔
دونوں ممالک کے فوجی نیم شہری ماحول میں ممکنہ خطرات کو ختم کرنے کے لیے مختلف حکمتِ عملی پر مبنی فوجی مشقوں کی مشترکہ منصوبہ بندی، تربیت اور عملی نفاذ کریں گے۔ اس دوران نئی نسل کے فوجی سازوسامان اور ٹیکنالوجی کے استعمال کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔
یہ بارہ روزہ مشترکہ مشق میدانِ جنگ سے متعلق تربیت، جنگی موضوعات پر گفتگو، مطالعاتی جائزے، لیکچر اور عملی مظاہروں پر مشتمل ہوگی، جس کا اختتام دو روزہ حتمی توثیقی مشق پر ہوگا۔
یہ مشق دونوں ممالک کی افواج کے درمیان باہمی سمجھ بوجھ کو فروغ دینے اور فوجی دستوں کے درمیان مشترکہ ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

***
ش ح۔ ع و۔ش ب ن
U-3545
(ریلیز آئی ڈی: 2236843)
وزیٹر کاؤنٹر : 20