وزارات ثقافت
عالمی رقص پروگرام کا افتتاح: کمانی تھیٹر میں آج ہند۔روسی ثقافتی شام
وزارتِ ثقافت کے سکریٹری جناب وویک اگروال اس تقریب کا افتتاح کریں گے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
03 MAR 2026 10:33AM by PIB Delhi
ہندوستان اور روسی وفاق کے درمیان دیرینہ اور خصوصی اسٹریٹجک شراکت داری کے تحت، عالمی شہرت یافتہ کوستروما روسی نیشنل بیلیٹ، آج کمانی تھیٹر میں روس کا ثقافتی و تعلیمی منصوبہ “گلوبل ڈانس اوورچر” پیش کرے گا۔
اس تقریب کا افتتاح وزارتِ ثقافت کے سکریٹری جناب وویک اگروال بطور مہمانِ خصوصی کریں گے۔ اس موقع پر جمہوریہ ہند میں روسی وفاق کے غیر معمولی اور بااختیار سفیر عزت مآب جناب ڈینس ایوگینیوِچ علیپوف، سنگیت ناٹک اکیڈمی کی چیئرپرسن ڈاکٹر سندھیا پوریچا اور روسی نیشنل بیلے “کوستروما” کی ڈائریکٹر محترمہ الینا تسارینکو بھی موجود ہوں گی۔
یہ پروگرام ثقافتی اقدامات کے صدارتی فاؤنڈیشن ، روسی وفاق کی وزارتِ خارجہ اور وزارتِ ثقافت، ہندوستان میں روسی سفارت خانہ اور حکومتِ ہند کی وزارتِ ثقافت کے تحت سنگیت ناٹک اکیڈمی کے تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے۔
ثقافتی حصے کے طور پر کوستروما روسین نیشنل بیلے “روسی نیشنل ڈانس شو” کی کوریوگرافک پیشکش کرے گا۔ یہ روس کا سب سے بڑا تاریخی شو ہے، جس نے پانچ براعظموں کے 50 ممالک میں 70 لاکھ سے زائد ناظرین کو مسحور کیا ہے۔ اس کے خالق یوری تسارینکو ہیں، جو روسی وفاق کے چیف کوریوگرافر اور اعزازی فنکار ہیں۔ یہ شو اپنے ناظرین کو کثیرالقومی روس کی گہری جڑوں اور عوامی روایات سے روشناس کراتا ہے۔ رنگوں، ملبوسات اور مستند کوریوگرافی کے دلکش امتزاج کے ذریعے یہ پیشکش روس کی تاریخی اور قومی تنوع کو اجاگر کرتی ہے، جس میں قفقاز، بوریاتیا، سائبیریا، شمال بعید اور وسطی روس کے عوام کی رقص ثقافتوں کو پیش کیا جاتا ہے۔
ایک خصوصی جھلک کے طور پر بھارتی رقاص “جیتی جیا ماما بھارتَم” کے عنوان سے ایک منتخب کوریوگرافک خراجِ عقیدت پیش کریں گے، جو بھارت کی کثرت میں وحدت پر مبنی ثقافتی شناخت کی عکاسی کرتا ہے اور ملک بھر کی منتخب لوک روایات کو ایک مربوط فنّی بیانیے میں یکجا کرتا ہے۔
اس سے قبل 2 مارچ 2026 کو “گلوبل ڈانس اوورچر” اقدام کے تحت میگھدوت تھیٹر-اول، رابندر بھون میں سنگیت ناٹک اکیڈمی کے اشتراک سے ایک تعلیمی ورکشاپ منعقد کی گئی۔ محدود شرکت والے اس پروگرام میں رقص کے عملی مظاہرے، روسی اور بھارتی رقص روایات پر بین ثقافتی ورکشاپس اور نوجوان رقاصوں و کوریوگرافروں کے مابین فنّی تبادلے کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ “راؤنڈ ڈانس آف فرینڈشپ” فلیش موب شامل تھا۔
نئی دہلی میں “گلوبل ڈانس اوورچر” ہند–روس ثقافتی تعاون میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے، جو اس امر کی توثیق کرتا ہے کہ رقص ایک عالمگیر زبان ہے جو عوامی روابط اور بین الاقوامی ثقافتی ہم آہنگی کو مضبوط بناتی ہے۔
****
ش ح۔ ع ح۔ ش ہ ب
U. No-3312
(ریلیز آئی ڈی: 2234867)
وزیٹر کاؤنٹر : 54