ریلوے کی وزارت
ہولی کے موقع پر ہندوستانی ریلوے نے لاکھوں مسافروں کو گھر پہنچایا؛ شمالی ریلوے کے ذریعے گزشتہ پانچ دنوں میں 14 لاکھ مسافروں نے سفر کیا؛ یکم مارچ کو دہلی سے 3.36 لاکھ مسافر روانہ
مغربی ریلوے نے ہولی کے رش کے دوران 23 لاکھ سے زائد مسافروں کو سہولت فراہم کی؛ یکم مارچ کو اُدھنا سے 20 ہزار مسافر روانہ ہوئے
خصوصی ریل گاڑیوں کے ذریعے آرام دہ، محفوظ اور بروقت سفر کو یقینی بنایا گیا
اے ٹی وی ایمز،مسافروں کے ٹھہرنے کی مخصوص جگہوں اور بوتل بند پانی کی فراہمی نے مختلف ریلوے زونز میں تہوار کے سفر کو مزید سہل بنایا
حفاظتی انتظامات سے لے کر زمینی معاونت تک: ہولی کے موقع پر ریلوے کے انتظامات کو عوام کی جانب سے سراہا گیا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
02 MAR 2026 7:53PM by PIB Delhi
ہولی کے تہوار کے موقع پر ہندوستانی ریلوے نے تمام ریلوے زونز میں منظم منصوبہ بندی اور مربوط عمل درآمد کے ذریعے یہ یقینی بنایا ہے کہ ملک بھر کے مسافر آسانی اور سہولت کے ساتھ اپنے گھروں تک سفر کر سکیں۔
شمالی ریلوے نے دہلی کے علاقے کے بڑے ریلوے اسٹیشنوں پر، خاص طور پر ملک کے مشرقی حصوں کی طرف ہولی منانے کے لیے سفر کرنے والے مسافروں کے لیے، خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ آج دہلی کے اہم اسٹیشنوں سے 22 خصوصی ریل گاڑیوں روانہ ہوئیں۔ یکم مارچ 2026 کو 22 خصوصی ریل گاڑیاں چلائی گئیں اور تقریباً 3.36 لاکھ مسافروں نے دہلی کے علاقے سے روانگی اختیار کی، جو گزشتہ سال اسی تاریخ (11 مارچ 2025، ہولی سے تین دن قبل) کے مقابلے میں 18.07 فیصد زیادہ ہے۔
گزشتہ پانچ دنوں کے دوران دہلی سے تقریباً 14 لاکھ مسافروں نے سفر کیا۔ بڑے اسٹیشنوں پر مسافروں کی بھیڑ کی مسلسل نگرانی کی بنیاد پر 03-03-2026 کو بھی 22 خصوصی ریل گاڑیاں چلانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ شمالی ریلوے کے افسران دہلی کے بڑے اسٹیشنوں پر بھیڑ کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ مسافروں کے لیے سفر کو ہموار اور محفوظ بنایا جا سکے۔
زونل ریلوے کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے موصول ہونے والی آراء سے ظاہر ہوتا ہے کہ انتظامات کے حوالے سے مسافروں کی اطمینان کی سطح بہت بلند ہے۔
شمالی ریلوے کے تحت آنند وہار ٹرمینل ریلوے اسٹیشن پر کیے گئے خصوصی انتظامات ہولی سے قبل تہوار کے رش کے دوران مسافروں کی منظم اور ہموار نقل و حرکت کی عکاسی کرتے ہیں۔
آنند وہار ٹرمینل پر مسافروں کے لیے سہل اور بے پریشانی سفر کو یقینی بنانے کے لیے ٹھہرنے کی مخصوص جگہوں، ہیلپ ڈیسک بوتھ، کھانے پینے کے اسٹالز اور اضافی ٹکٹ کاؤنٹرز جیسی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
جنوبی وسطی ریلوے نے ہولی کے تہوار کے دوران مسافروں کے بھاری رش کو مؤثر طریقے سے سنبھالنے کے لیے وسیع انتظامات کیے ہیں تاکہ اپنے آبائی شہروں کی جانب سفر کرنے والے مسافروں کو ہموار، محفوظ اور بے پریشانی سفر کی سہولت فراہم کی جا سکے۔ ان اقدامات کے تحت ایس سی آر نے فروری کے آخری ہفتے سے مارچ تک بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے کے لیے 195 خصوصی ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔ 21 فروری سے 2 مارچ 2026 کے درمیان زون نے سکندرآباد، چرلاپلی اور تروپتی جیسے اہم اسٹیشنوں سے رکسل، نظام الدین، کولم، داناپور اور بھونیشور سمیت بڑے مقامات کے لیے 26 خصوصی ٹرینیں چلائیں۔ اس دوران ریزرو اور غیر ریزرو کوچز میں 50 ہزار سے زائد مسافروں نے ان ٹرینوں کے ذریعے سفر کیا۔ خاص طور پر یکم اور 2 مارچ 2026 کو ہی نو خصوصی ٹرینیں چلائی گئیں جن میں تقریباً 15 ہزار مسافروں نے سفر کیا۔
تہوار کے رش کو مؤثر طریقے سے سنبھالنے کے لیے ایس سی آر نے متعدد مربوط اقدامات کیے، جن میں خصوصی ٹرینوں کے بارے میں بار بار اعلانات، الیکٹرانک ڈسپلے بورڈز کے ذریعے حقیقی وقت کی معلومات، اور اسٹیشنوں پر مسافروں کو مناسب رہنمائی اور مدد فراہم کرنا شامل ہے۔ آگاہی مہمات کے ذریعے مسافروں کو آٹومیٹک ٹکٹ وینڈنگ مشینوں اور ریل ون ایپ کے ذریعے ٹکٹ خریدنے کی ترغیب دی گئی، جبکہ معلومات کو پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے وسیع پیمانے پر پھیلایا گیا۔ ریلوے پروٹیکشن فورس اور ٹکٹ چیکنگ عملہ مناسب تعداد میں تعینات کیا گیا اور خصوصی ٹرینوں کی بروقت روانگی کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل نگرانی کی گئی۔ محفوظ سوار ہونے اور اترنے کے لیے مؤثر ہجوم نظم و نسق پر خصوصی توجہ دی گئی، جس کے تحت آر پی ایف اہلکار فٹ اوور برج، پلیٹ فارمز، داخلہ و خروج کے دروازوں اور ٹرینوں کے اندر بھی تعینات رہے۔
ہولی کے دوران بڑھتی ہوئی سفری مانگ کے درمیان مغربی ریلوے نے تین دنوں میں مجموعی طور پر 23,03,445 مسافروں کی آمد و رفت ریکارڈ کی۔ 27 فروری کو 13,66,545 مسافروں نے سفر کیا، اس کے بعد 28 فروری کو 4,51,604 اور یکم مارچ کو 4,85,296 مسافروں نے سفر کیا۔ خاص طور پر یکم مارچ کو اودھنا اسٹیشن سے تقریباً 20 ہزار مسافر روانہ ہوئے، جو تہوار کے سفر میں نمایاں اضافے اور مسافروں کی نقل و حرکت کے مؤثر انتظام کی عکاسی کرتا ہے۔
ہولی کے دوران شدید رش اور گرمی کو مدنظر رکھتے ہوئے مغربی ریلوے نے اودھنا اسٹیشن پر ایک خصوصی اقدام کے تحت تقریباً 3,000 بوتل بند پینے کے پانی کی بوتلیں مسافروں میں تقسیم کیں، جس سے مسافروں کو فوری راحت ملی۔ اس حساس اور انسان دوست اقدام سے سفر مزید آرام دہ بنا اور مسافروں نے مغربی ریلوے کے فعال اور خدمت پر مبنی انداز کو سراہا۔
مسافروں نے ہولی کے دوران وسطی ریلوے کی جانب سے کیے گئے خصوصی انتظامات اور منظم ہجوم نظم و نسق کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ محفوظ سوار ہونے کے انتظامات اور واضح رہنمائی نے ان کے سفر کو ہموار اور بے فکر بنایا، جس سے تہوار کے رش کے دوران بڑی سہولت اور راحت محسوس ہوئی۔
مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیشِ نظر چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمینس پر ہجوم کے مؤثر نظم و نسق کے لیے خصوصی انتظامات اور منظم قطار بندی کا نظام نافذ کیا گیا۔ اس اقدام کے ذریعے وسطی ریلوے نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہر مسافر کو محفوظ، سہل اور آرام دہ سفر فراہم کرنا اس کی اولین ترجیح ہے۔
شمالی مغربی ریلوے مسافروں کی سہولت کے لیے ریکارڈ تعداد میں خصوصی ٹرینیں چلا رہی ہے، جبکہ اسٹیشنوں پر بہتر ہجوم نظم و نسق اور 24 گھنٹے نگرانی کے انتظامات بھی کیے گئے ہیں تاکہ مسافروں کی حفاظت اور ہموار آمد و رفت یقینی بنائی جا سکے۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ اپنے گھروں کو جانے والے ہر مسافر کا سفر نہ صرف خوشگوار بلکہ مکمل طور پر بے دقت ہو۔
ہولی کے اس پرمسرت موقع پر، سفر کو آسان اور آرام دہ بنانے کے لیے اضافی خصوصی ٹرینوں کا انتظام کیا گیا ہے، جس کے ساتھ ساتھ اسٹیشنوں پر حفاظتی اقدامات کو مزید سخت اور مسلسل نگرانی کے عمل کو رکھا گیا ہے۔ اپنی خدمات کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے، شمالی مغربی ریلوے ہولی کی تقریبات کے دوران محفوظ، بلا تعطل اور مسافر دوست سفر کو ترجیح دینا جاری رکھے ہوئے ہے۔
مشرقی ریلوے کے آر پی ایف اہلکاروں کی نظم و ضبط پر مبنی ہم آہنگی اور مخلصانہ نگرانی کے ذریعے، ہاوڑہ ریلوے اسٹیشن پر تہوار کے رش کو انتہائی احتیاط کے ساتھ سنبھالا گیا، جس سے تمام مسافروں کے لیے تحفظ، نظم و ضبط اور ایک ہموار و بلا روک ٹوک سفری تجربے کو یقینی بنایا گیا۔
ہاوڑہ سے سمستی پور کا سفر کرنے والے مسافروں نے ہولی خصوصی ریل گاڑیوں میں سوار ہونے میں مدد فراہم کرنے اور تہوار کے رش کو انتہائی منظم اور بلا تعطل طریقے سے سنبھالنے پر مشرقی ریلوے کے عملے، آر پی ایف کے اہلکاروں اور اسٹیشن حکام کی مخلصانہ کوششوں کی ستائش کی۔
مشرقی وسطی ریلوے نے ہولی کے پرمسرت موقع پر مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیشِ نظر محفوظ، ہموار اور آرام دہ سفر کو ترجیح دی ہے۔ مسافروں کی سہولت کے لیے جامع انتظامات کیے گئے ہیں، جن میں خصوصی ٹرینوں کا آپریشن، اہم راستوں پر ریل گاڑیوں کی خدمات میں اضافہ اور سفر کو ہر طرح کی دشواری سے پاک بنانے کے لیے کئی دیگر اقدامات شامل ہیں۔
ہولی خصوصی ریل گاڑیاں اپنے آبائی شہروں کو واپس جانے والے عام مسافروں بشمول محنت کش طبقے، طلبہ اور دیہاڑی مزدوروں وغیرہ کو کنفرم سیٹیں فراہم کر رہی ہیں۔کنیکٹیویٹی میں اضافہ کر کے اور باقاعدہ ریل گاڑیوں پر انحصار کم کر کے، یہ خصوصی ٹرینیں ایک ساتھ تہوار منانے والے خاندانوں کے لیے تناؤ سے پاک اور بروقت سفر کو یقینی بنا رہی ہیں۔
مسافروں کے متوقع رش کو سنبھالنے کے لیے، 25 فروری 2026 سے 18 مارچ 2026 تک ہولی کی مدت کے دوران مختلف ریلوے زونز میں 1244 ہولی خصوصی ریل گاڑیوں کی ٹرپس چلائی جا رہی ہیں۔ اضافی مانگ کی صورت میں ان ٹرپس کی تعداد 1500 تک بڑھائی جا سکتی ہے۔
یہ خصوصی خدمات ملک بھر کے بڑے شہروں، ریاستی دارالحکومتوں اور اہم علاقائی مراکز کو جوڑ رہی ہیں، جس سے مسافروں کے لیے کنفرم جگہ کی فراہمی اور باقاعدہ ٹرینوں میں بھیڑ کو نمایاں طور پر کم کرنا یقینی بنایا جا رہا ہے۔
ہجوم کے انتظام کے جامع اقدامات،ٹھہرنے کی مخصوص جگہوں کی تشکیل، اے ٹی وی ایم کی تنصیب، پینے کے صاف پانی کی بوتلیں فراہم کرنا، بر وقت نگرانی کے لیے مخصوص 'وار رومز' کا قیام اور چوبیس گھنٹے عملے کی موجودگی نے مشترکہ طور پر تہوار کے رش کو ہموار طریقے سے سنبھالنے میں مدد دی ہے۔
ہندوستانی ریلوے مسافروں کی مانگ پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور سفر کے مصروف ترین سیزن کے دوران محفوظ، موثر اور مسافر دوست خدمات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U :3299 )
(ریلیز آئی ڈی: 2234829)
وزیٹر کاؤنٹر : 24