خوراک کی ڈبہ بندی کی صنعتوں کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

فوڈ پروسیسنگ وِکست بھارت کے وژن کی تکمیل میں فیصلہ کن کردار ادا کرے گا: مرکزی وزیر جناب چراغ پاسوان


نفٹیم–کندلی میں اے این وی ای ایس ایچ–2026 بین الاقوامی کانفرنس کا شاندار افتتاح

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 26 FEB 2026 5:19PM by PIB Delhi

’’ابھرتی ہوئی پائیدار صحت مند غذائی اشیاء کیلئے جدید ترین وژن پر بین الاقوامی کانفرنس (اے این وی ای ایس ایچ–2026) ‘‘کا آج نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ ٹیکنالوجی انٹرپرینیورشپ اینڈ مینجمنٹ (نفٹیم–کندلی) میں افتتاح کیا گیا۔ تین روزہ اس بین الاقوامی کانفرنس میں 25 سے زائد ممالک کے ماہرین، محققین، صنعت کے نمائندے، برآمد کنندگان، صنعت کار اور پالیسی ساز شرکت کر رہے ہیں۔

افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فوڈ پروسیسنگ صنعتوں کے مرکزی وزیر  جناب چراغ پاسوان نے کہا کہ فوڈ پروسیسنگ شعبہ وزیر اعظم نریندر مودی کے وِکست بھارت–2047 کے وژن کی تکمیل میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ 1.4 ارب آبادی والے ملک کے لیے ٹیکنالوجی پر مبنی ترقی ناگزیر ہے۔ اختراعات، تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کو دیہی علاقوں اور کسانوں تک پہنچانا ضروری ہے تاکہ دیہات اور شہروں کے درمیان فرق کم کیا جا سکے۔

وزیر موصوف نے بدلتے ہوئے صارفین کے طرزِ زندگی کا حوالہ دیتے ہوئے ریڈی ٹو ایٹ یعنی کھانے کیلئے تیّار (آر ٹی ای) اور ریڈی ٹو کُک پکانے کیلئے تیار مصنوعات کی بڑھتی ہوئی مانگ کو اجاگر کیا، جو فوڈ پروسیسنگ شعبے کی توسیع کے لیے اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ بھارت میں پیداوار کا حجم نمایاں ہے، تاہم ویلیو ایڈیشن پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 11 سال قبل بھارت میں تیار یا پیدا شدہ غذائی مصنوعات کی تجارت، بشمول ای-کامرس، میں 100 فیصد براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کی اجازت دی گئی تھی تاکہ ویلیو ایڈیشن کو فروغ دیا جا سکے، کسانوں کی آمدنی میں اضافہ ہو اور بھارت کو عالمی غذائی مرکز کے طور پر مستحکم کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہدف یہ ہونا چاہیے کہ بھارتی غذائی مصنوعات دنیا بھر کی ہر دسترخوان تک پہنچیں۔ اگر بھارتی معیارات کو عالمی سطح پر تسلیم کرانا ہے تو معیار اور ضابطہ جاتی اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت نے کسانوں کے مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے 23 ممالک کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے کیے ہیں اور فوڈ پروسیسنگ شعبے سے متعلق غلط بیانیوں کو دور کرنے کی اپیل کی۔

اس موقع پر وزارتِ فوڈ پروسیسنگ انڈسٹریز کے سکریٹری اویناش جوشی نے کہا کہ ’اے این وی ای ایس ایچ‘ کا مطلب ’’تلاش اور حصول‘‘ ہے۔ انہوں نے نفٹیم کو پائیداری اور صحت مند غذائی نظام کی ایک مثال قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ پروسیسنگ کے لیے پیداوار سے منسلک رعایت اسکیم 14 پی ایل آئی اسکیموں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی اسکیموں میں شامل ہے۔

سکریٹری نے مزید بتایا کہ فوڈ پروسیسنگ کے لیے پی ایل آئی اسکیم کے تحت مختص 10,900 کروڑ روپے میں سے اب تک 2,625.04 کروڑ روپے جاری کیے جا چکے ہیں، جو کل رقم کا تقریباً 24 فیصد ہے۔ اسکیم کے تحت 2.5 لاکھ روزگار پیدا کرنے کے ہدف کے مقابلے میں اب تک 3.29 لاکھ روزگار فراہم کیے جا چکے ہیں، جو ہدف کا 131 فیصد ہے اور اسکیم کی نمایاں کامیابی کو ظاہر کرتا ہے۔

عالمی فوڈ انعام سے سرفراز شکنتلا ہرک سنگھ تھیلسٹڈ نے غذائی پروسیسنگ میں عملی اور حل پر مبنی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا، ساتھ ہی کرۂ ارض کی پائیداری کو یقینی بنانے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

اے آئی سی ٹی ای کے سابق چیئرمین ٹی جی سیتھارام نے کہا کہ بھارت سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں عالمی قیادت کی جانب گامزن ہے، جو ترقی یافتہ بھارت کے وژن سے ہم آہنگ ہے۔

نفٹیم–کندلی کے ڈائریکٹر ہریندر سنگھ اوبرائے نے کہا کہ اے این وی ای ایس ایچ–2026 علم کے تبادلے، تکنیکی اشتراک اور باہمی سیکھنے کے لیے عالمی پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ پروسیسنگ میں عالمی قیادت قائم کرنے کے لیے بین الاقوامی تکنیکی تعاون ناگزیر ہے۔

اس سے قبل مرکزی وزیر نے اے این وی ای ایس ایچ–2026 کی نمائش کا دورہ کیا اور وہاں پیش کی گئی نئی ٹیکنالوجیوں، اختراعات اور مصنوعات کا جائزہ لیا۔

کانفرنس میں ایک ہزار سے زائد مندوبین شریک ہو رہے ہیں۔ آئندہ تین دنوں میں مکمل اجلاس، کلیدی خطبات، پینل مباحثے، نمائشیں اور صنعت سے متعلق تبادلۂ خیال منعقد ہوں گے۔ کانفرنس کا مقصد فوڈ پروسیسنگ میں ابھرتی پیش رفت، ویلیو ایڈیشن، ڈیجیٹل تعمیل نظام، پائیدار سپلائی چینز، برآمدات پر مبنی اختراعات، مصنوعات کی تنوع، غذائی تحفظ، ٹریس ایبلٹی اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ زرعی و غذائی کاروباری نظام پر غور و خوض کرنا ہے۔

************

 

ش ح ۔   م    د۔  م  ص

(U:3101 )


(ریلیز آئی ڈی: 2233244) وزیٹر کاؤنٹر : 12
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Tamil