اسٹیل کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

بھارت اور برازیل کے درمیان اسٹیل سپلائی چین کو مستحکم اور محفوظ بنانے کے لیے مفاہمت نامے  پر دستخط

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 21 FEB 2026 2:35PM by PIB Delhi

بھارت کی وزارتِ اسٹیل اور وفاقی جمہوریہ برازیل کی وزارتِ کان کنی و توانائی نے آج اسٹیل کے شعبے کے لیے درکار معدنیات اور کان کنی کے شعبے میں اشتراک  کو فروغ دینے کے لیے ایک مفاہمت نامے  پر دستخط کیے۔ اس مفاہمت نامے  کا تبادلہ حیدرآباد ہاؤس، نئی دلّی میں بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی اور برازیل کے صدرلوئی انیشیو لولا ڈا سلوا کی موجودگی میں کیا گیا۔

یہ مفاہمت نامہ اسٹیل کی ویلیو چین میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ایک ادارہ جاتی فریم ورک فراہم کرتا ہے، جس میں اسٹیل کی پیداوار کے لیے درکار اہم خام مال کی قابلِ اعتماد اور پائیدار ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

اشتراک کے اہم شعبے درج ذیل ہوں گے:

  • اسٹیل کے شعبے میں تلاش، کان کنی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا
  • معدنیات کی پراسیسنگ اور ری سائیکلنگ ٹیکنالوجیز
  • تلاش اور کان کنی میں آٹومیشن اور جدید ٹیکنالوجیز کا استعمال
  • جیو سائنسی ڈیٹا کے تجزیے میں مصنوعی ذہانت کا استعمال تاکہ تلاش کے عمل کو بہتر بنایا جا سکے
  • معدنیات کے استخراج، پراسیسنگ اور ماحولیاتی انتظام میں بہترین طریقۂ کار

برازیل دنیا میں فولاد کی پیداوار کرنے والے  دنیا کے سرکردہ ملکوں میں شامل ہے اور اسٹیل سازی کے لیے اہم معدنیات، جیسے مینگنیز، نکل اور نیوبیم کے نمایاں ذخائر رکھتا ہے۔ برازیل کے ساتھ بڑھا ہوا اشتراک  بھارت کے اسٹیل شعبے کی طویل مدتی ترقی کے لیے ضروری خام مال اور ٹیکنالوجیز تک رسائی کو بہتر بنانے میں معاون ہوگا۔

اس وقت بھارت کی اسٹیل تیار کرنے  کی صلاحیت 218 ملین ٹن ہے۔ بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور صنعت کاری کے باعث بڑھتی ہوئی ملکی مانگ کو پورا کرنے کے لیے بھارتی کمپنیاں اسٹیل سازی کی صلاحیت میں نمایاں توسیع کر رہی ہیں۔ اس تناظر میں یہ مفاہمت نامہ  اسٹیل کی پیداوار کے لیے درکار معدنی وسائل کی ترقی میں تعاون کو مضبوط بنانے، معدنیات کی پراسیسنگ، بینیفیشی ایشن، ری سائیکلنگ اور ڈیٹا پر مبنی تلاش کی جدید ٹیکنالوجیز تک رسائی کو آسان بنانے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔یہ شراکت داری اسٹیل سازی کے خام مال کی مؤثر تیاری میں معاون ہوگی، پوری اسٹیل ویلیو چین میں ٹیکنالوجی پر مبنی بہتری کو ممکن بنائے گی، اور بھارت–برازیل اسٹیل سپلائی چین کی مضبوطی اور پائیداری کو مزید مستحکم کرے گی۔

*********

(ش ح –اع خ ۔ ر ا)

U.No:2844


(ریلیز آئی ڈی: 2231206) وزیٹر کاؤنٹر : 11