مواصلات اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

بھارت کے مواصلات کے وزیر جناب جیوتی رادتیہ ایم سندھیا اور وفاقی جمہوریہ برازیل کے وزیر مواصلات جناب فریڈریکو ڈی سکیرا فلہو نے بھارت-برازیل ٹیلی کام تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے دو طرفہ میٹنگ کی


بھارت اور برازیل نے ٹیلی کام اور ڈیجیٹل شراکت داری کو مضبوط کیا

فائیو جی کے استعمال کے معاملات ، 6 جی تعاون ، کوانٹم مواصلات ، سائبرسیکیوریٹی اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر پر توجہ مرکوز

ہندوستان اور برازیل نے جامع اور محفوظ ڈیجیٹل تبدیلی کے لیے مفاہمت نامے کے ذریعے منظم روابط کو تیز کرنے پر اتفاق کیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 20 FEB 2026 4:32PM by PIB Delhi

ٹیلی مواصلات، ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے آج بھارت کے وزیرِ مواصلات جناب جیوتی رادتیہ ایم سندھیا اور وفاقی جمہوریہ برازیل کے وزیرِ مواصلات جناب فریڈریکو ڈی سکیرا فلہو کے درمیان ایک اہم دو طرفہ ملاقات منعقد ہوئی۔

گفتگو میں بھارت اور برازیل کے درمیان فروغ پاتی اسٹریٹجک شراکت داری کی توثیق کی گئی اور اس امر پر زور دیا گیا کہ ڈیجیٹل رابطہ کاری جامع ترقی، سماجی و معاشی پیش رفت اور تکنیکی خودمختاری کے لیے ایک بنیادی ستون کی حیثیت رکھتی ہے۔ برکس فریم ورک کے تحت کلیدی شراکت داروں کے طور پر دونوں ممالک نے لچکدار، قابلِ اعتماد اور مستقبل سے ہم آہنگ ڈیجیٹل ماحولیاتی نظام کی تشکیل کی اہمیت پر اتفاق کیا۔

برازیلی وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیر سندھیا نے گزشتہ گیارہ برسوں کے دوران حکومتِ ہند کی جانب سے ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے کی توسیع، سستی خدمات کے فروغ اور ہمہ گیر رابطہ کاری کے استحکام کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے عالمی سطح پر کم ترین ڈیٹا ٹیرف فراہم کرنے میں بھارت کی کامیابی کو نمایاں کیا اور شہریوں کو “خدمات کا جامع گلدستہ” فراہم کرنے کے حکومتی عزم کو اجاگر کیا، تاکہ مختلف ٹیکنالوجیز کے درمیان باخبر انتخاب ممکن بنایا جا سکے۔

سیٹلائٹ مواصلات کو ایک اہم ترجیحی شعبے کے طور پر سامنے لایا گیا۔ وزیر موصوف نے واضح کیا کہ سیٹکام دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں رابطے کے چیلنجوں سے نمٹنے، آفات سے نمٹنے اور ہنگامی حالات میں مؤثر ردعمل کے لیے اسٹریٹجک اہمیت کا حامل ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت میں سیٹلائٹ پر مبنی خدمات کے آغاز کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ دونوں فریقوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بھارت اور برازیل جیسے وسیع جغرافیائی ممالک کے لیے غیر منسلک علاقوں تک رابطے کی توسیع محض ایک انتخاب نہیں بلکہ ایک ناگزیر ذمہ داری ہے۔

وزیر سندھیا نے بھارت نیٹ منصوبے کی پیش رفت کا بھی ذکر کیا، جو دنیا کے سب سے بڑے دیہی آپٹیکل فائبر بچھانے کے پروگراموں میں شمار ہوتا ہے اور جس کا مقصد ملک بھر کی گرام پنچایتوں کو آپٹیکل فائبر سے جوڑنا ہے۔ اس منصوبے کو خاطر خواہ عوامی سرمایہ کاری کی حمایت حاصل ہے۔ مزید برآں، انہوں نے آدھار اور یو پی آئی سمیت انڈیا اسٹیک اقدامات کی تفصیلات پیش کیں اور بتایا کہ مضبوط ڈیجیٹل ڈھانچے کے باعث موبائل پر مبنی ڈیجیٹل لین دین میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

برازیلی وفد نے بھارت کے ڈیجیٹل بھارت ندھی (ڈی بی این) کے عملی ڈھانچے کو سمجھنے میں دلچسپی ظاہر کی۔ اس پر وزیر سندھیا نے فنڈنگ کے طریقہ کار کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ 5 فیصد ایڈجسٹڈ گراس ریونیو (اے جی آر) شراکت ماڈل کے ذریعے دیہی اور دور دراز علاقوں میں رابطہ کاری کے منصوبوں کو مالی معاونت فراہم کی جاتی ہے۔

برازیل کے وزیر نے ٹیلی مواصلات کے شعبے میں منظم اور مربوط تعاون کو وسعت دینے میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور برازیل میں ڈیجیٹل شمولیت کے اقدامات کا ذکر کیا، جن میں ایمیزون خطے میں تقریباً 40 ہزار کلومیٹر آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کے لیے تقریباً 500 ملین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری پر مشتمل ایک بڑا منصوبہ شامل ہے۔ انہوں نےپی آئ  ایکس پلیٹ فارم کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ میں برازیل کی کامیابی کو بھی اجاگر کیا اور سیٹلائٹ و سب میرین کنیکٹیویٹی منصوبوں میں ملک کی فعال شمولیت کا حوالہ دیا۔

وزیر سندھیا نے مزید بتایا کہ بھارت 5 جی اختراع اور اس کے عملی استعمال پر خصوصی توجہ دے رہا ہے، جس کے تحت صنعت اور جامعات کے باہمی اشتراک سے ملک بھر میں 5 جی کے لیے 100 یوز کیس لیبارٹریاں قائم کی گئی ہیں، تاکہ ایپلی کیشن پر مبنی نفاذ کو فروغ دیا جا سکے۔ سائبر سیکیورٹی کو بھی تعاون کا ایک اہم میدان قرار دیا گیا، جس میں محفوظ نیٹ ورکس، ٹیلی کام فراڈ کی روک تھام اور مضبوط ڈیجیٹل ڈھانچے کے قیام کے لیے اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ برازیل میں 5 جی صارفین کی بڑھتی ہوئی تعداد کو باہمی علم کے تبادلے اور مشترکہ اقدامات کے لیے ایک مثبت موقع قرار دیا گیا۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقوں نے باقاعدہ سرکاری سطح کی مشاورت، مشترکہ ورک پلان کی تیاری اور نتائج پر مبنی عمل درآمد کے لیے متعلقہ اداروں اور اسٹیک ہولڈرز کی نشاندہی کے ذریعے دو طرفہ تعلقات کو مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے جامع، اختراع پر مبنی اور محفوظ ڈیجیٹل تبدیلی کے فروغ کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔

ٹویٹ لنک:
https://x.com/jm_scindia/status/2024752954855870840?s=46&t=NaANVWL-57urtP3cCRvaCg

مزید معلومات کے لیے محکمۂ ٹیلی کمیونی کیشنز (ڈی او ٹی) کے سوشل میڈیا ہینڈلز فالو کریں:

ایکس (X):
https://x.com/DoT_India

انسٹاگرام:
https://www.instagram.com/department_of_telecom

فیس بک:
https://www.facebook.com/DoTIndia

یوٹیوب:
https://youtube.com/@departmentoftelecom

 

***

UR-2795

(ش ح۔اس ک  )


(ریلیز آئی ڈی: 2230879) وزیٹر کاؤنٹر : 12
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Tamil