جل شکتی وزارت
مرکزی وزیرِ جل شکتی جناب سی آر پاٹل اور وزیرِ اعلیٰ وشنو دیو سائی نے چھتیس گڑھ کے ضلع کلکٹروں کے ساتھ جے ایس جے بی 2.0 کا جائزہ لیا
چھتیس گڑھ نے جے ایس جے بی 2.0 کے تحت 88,000 سے زیادہ پروجیکٹ مکمل کئے ، زیر زمین پانی کے ریچارج کی کوششوں کو تقویت دی
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
20 FEB 2026 4:49PM by PIB Delhi
مرکزی وزیرِ جل شکتی جناب سی آر پاٹل نے وزیرِ اعلیٰ چھتیس گڑھ جناب وشنو دیو سائی کے ہمراہ ریاست کے تمام ضلع کلکٹروں کے ساتھ جل سنچے جن بھاگیداری (جے ایس جے بی) 2.0 کے سلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ یہ اجلاس نیشنل واٹر مشن، محکمہ آبی وسائل، دریا کی ترقی و گنگا احیاء، وزارت جل شکتی نے حکومتِ چھتیس گڑھ کے تعاون سے منعقد کیا۔
اجلاس میں جناب وی ایل کانتھا راؤ، سکریٹری (محکمہ آبی وسائل، دریا کی ترقی و گنگا احیاء)؛ محترمہ ارچنا ورما، ایڈیشنل سکریٹری و مشن ڈائریکٹر، نیشنل واٹر مشن؛ اور جناب راجیش ٹوپو، سکریٹری حکومتِ چھتیس گڑھ سمیت مرکزی و ریاستی حکومتوں کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ اس موقع پر درگ، بلاس پور اور سورج پور کے ضلع کلکٹروں نے تفصیلی پریزنٹیشنز پیش کیں، جن میں جے ایس جے بی 2.0 کے تحت ضلعی سطح کی پیش رفت، اختراعی طریقۂ کار اور کمیونٹی کی قیادت میں پانی کے تحفظ کے اقدامات کو نمایاں کیا گیا۔ ان اضلاع نے عوامی شمولیت، مختلف اسکیموں کے انضمام اور کم لاگت مگر سائنسی بنیادوں پر تیار کردہ زیرِ زمین پانی کے ریچارج ڈھانچوں کے مؤثر نفاذ کی مثال پیش کی۔
چھتیس گڑھ نے جے ایس جے بی 1.0 کے دوران مختصر عرصے میں چار لاکھ سے زائد ریچارج ڈھانچے تعمیر کر کے قومی سطح پر دوسرا مقام حاصل کیا تھا۔ ریاست کے متعدد اضلاع کو مثالی کارکردگی پر اعزازات سے نوازا گیا اور یوں چھتیس گڑھ کمیونٹی پر مبنی آبی تحفظ میں نمایاں حیثیت سے ابھرا۔ جے ایس جے بی 2.0 کے تحت ریاست نے اب تک 88,000 سے زائد کاموں کی تکمیل اور 42,000 سے زیادہ جاری منصوبوں کی اطلاع دی ہے، جو مسلسل رفتار اور عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
اجلاس میں چھتیس گڑھ کے کامیاب ماڈلز کا بھی جائزہ لیا گیا، جن میں رائے پور میونسپل کارپوریشن کے اشتراک سے تیار کردہ کریڈائی–رائے پور کم لاگت ریچارج ماڈل اور کوریا ضلع کا “5 فیصد ماڈل” شامل ہے، جس کے تحت کسان اپنی زرعی اراضی کا ایک حصہ بارش کے پانی کے ریچارج کے لیے مختص کرتے ہیں۔ ان ماڈلز نے واضح کیا کہ مقامی حالات سے ہم آہنگ اور کم لاگت اقدامات، جب مضبوط عوامی شرکت کے ساتھ نافذ کیے جائیں، تو زیرِ زمین پانی کے ذخائر میں خاطر خواہ بہتری لا سکتے ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ جناب وشنو دیو سائی نے جے ایس جے بی 2.0 کے تحت ریاست کے تمام اضلاع میں آبی تحفظ کی کوششوں کو مزید تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ چھتیس گڑھ ایک مرتبہ پھر مثالی قیادت کا مظاہرہ کرے گا اور ضلعی سطح کی کارکردگی کو دیگر ریاستوں کے لیے معیار بنائے گا۔
ضلع کلکٹروں سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر جناب سی آر پاٹل نے مانسون سے قبل بارش کے پانی کے مؤثر ذخیرے اور ریچارج صلاحیت میں اضافہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں جل سنچے جن بھاگیداری ایک عوامی تحریک کی صورت اختیار کر چکی ہے، جس نے پانی کے تحفظ کو قومی سطح کی اجتماعی مہم میں بدل دیا ہے۔
وزیر موصوف نے اس امر کی نشاندہی کی کہ منریگا کے تحت آبی تحفظ کے لیے وافر فنڈز مختص کیے گئے ہیں، اور اضلاع کو ہدایت دی کہ وہ 31 مارچ 2026 سے قبل دستیاب وسائل کا زیادہ سے زیادہ مؤثر استعمال یقینی بنائیں۔ انہوں نے اہم اور نیم اہم اضلاع پر خصوصی توجہ، باقاعدہ نگرانی، جے ایس جے بی پورٹل پر بروقت ڈیٹا اپ لوڈ کرنے اور کمیونٹی و کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (CSR) کے تحت مضبوط اشتراک پر زور دیا۔
ریاست کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے جناب سی آر پاٹل نے یقین ظاہر کیا کہ چھتیس گڑھ جے ایس جے بی 2.0 کے تحت اپنی کاوشوں کو مزید وسعت دے گا اور کمیونٹی کی قیادت میں زیرِ زمین پانی کے ریچارج اور پائیدار آبی نظم و نسق کے میدان میں نئے معیارات قائم کرتا رہے گا۔

***
UR-2797
(ش ح۔اس ک )
(ریلیز آئی ڈی: 2230877)
وزیٹر کاؤنٹر : 8