کامرس اور صنعت کی وزارتہ
azadi ka amrit mahotsav

اے پی ای ڈی اے نے تمل ناڈو سے کینیڈا کے لیے جی آئی ٹیگ یافتہ سیلم ساگو دانہ (ساگو) کی پہلی کھیپ کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 19 FEB 2026 5:47PM by PIB Delhi

کامرس اور صنعت کی وزارت کے تحت زرعی و پروسیسڈ فوڈ پروڈکٹس ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (اے پی ای ڈی اے )نے سیلم، تمل ناڈو سے کینیڈا کو 0.5 میٹرک ٹن جی آئی ٹیگ شدہ سیلم ساگودانہ کی برآمد میں سہولت فراہم کی ہے۔ مارچ 2023 میں اس مصنوعات کو جیوگرافیکل انڈیکیشن (جی آئی) ٹیگ ملنے کے بعد، یہ پہلی برآمدی کھیپ ہے جو جی آئی کے مجاز صارف ، سیگوسروی،کے ذریعے براہِ راست روانہ کی گئی۔

تمل ناڈو ٹیپوکا ساگو کا سب سے بڑا پیداواری مرکز ہے، جسے عام طور پر ساگودانہ کہا جاتا ہے۔ سیلم کو طویل عرصے سے ملک کی ساگو اور اسٹارچ صنعت کے مرکز کے طور پر تسلیم کیا جاتا رہا ہے۔ ساگو ٹیپوکا کی جڑوں سے تیار کیا جاتا ہے اور ہندوستان کے کئی حصوں میں یہ ایک اہم غذائی جزو کی حیثیت رکھتا ہے۔

سیلم ساگو کے لیے جغرافیائی اشاریہ (جی آئی) رجسٹریشن مارچ 2023 میں حکومتِ تمل ناڈو کے تحت سیگوسرو کے ذریعے حاصل کی گئی تھی۔ اس سوسائٹی میں 334 رجسٹرڈ رکن مینوفیکچررز شامل ہیں، جو اپنے اراکین کی تیار کردہ ساگو اور اسٹارچ کی مارکیٹنگ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ سوسائٹی گوداموں کی سہولت، معیار میں بہتری کے اقدامات، اور ٹیپوکا کی کاشت و ساگو پروسیسنگ کے معیار کو بلند کرنے کے لیے ضروری خدمات بھی فراہم کرتی ہے۔

سیلم میں ساگو کی صنعت بڑی تعداد میں کسانوں کے لیے ذریعۂ معاش ہے، جن میں ٹیپوکا کی کاشت سے وابستہ قبائلی برادریاں بھی شامل ہیں۔ جی آئی سے مصدقہ مصنوعات کو براہِ راست برآمدی مواقع سے جوڑنے کے نتیجے میں قیمتوں کی وصولی میں بہتری آئی ہے اور ٹیپوکا کی کاشت پر انحصار کرنے والے کسان گھرانوں کے لیے آمدنی کے امکانات مضبوط ہوئے ہیں۔

روایتی طور پر سیلم ساگو مہاراشٹر، گجرات، راجستھان اور مغربی بنگال کے تاجروں کو فراہم کیا جاتا رہا ہے، جبکہ امریکہ، برطانیہ، کینیڈا، ویتنام اور سنگاپور جیسے ممالک کو برآمد بھی کیا جاتا ہے۔ تاہم، حالیہ کھیپ اپنی نوعیت کی پہلی براہِ راست برآمد تھی، جو خود جی آئی مجاز یوزر سوسائٹی کے ذریعے انجام دی گئی۔

اسی سلسلے میں 18 فروری 2026 کو تمل ناڈو کے سیلم میں دی سیلم اسٹارچ اینڈ ساگو مینوفیکچررز سروس انڈسٹریل کوآپریٹو سوسائٹی لمیٹڈ (سیگوسرو) کے احاطے میں برآمدات پر مرکوز ایک پروگرام بھی منعقد کیا گیا، جس کا مقصد دیگر اہم عالمی منڈیوں میں برآمدی امکانات کا جائزہ لینا تھا۔

یہ پہل اے پی ای ڈی اے کی جی آئی ٹیگ شدہ مصنوعات کے فروغ کی حکمتِ عملی سے ہم آہنگ ہے، جس کا مقصد پروڈیوسر سوسائٹیوں اور بین الاقوامی خریداروں کے درمیان براہِ راست مارکیٹ روابط کو فروغ دینا اور ہندوستان سے ویلیو ایڈڈ زرعی برآمدات میں اضافہ کرنا ہے۔ آئندہ قریبی مدت میں اس نوعیت کے مزید فلیگ آف پروگرام منعقد کرنے کا بھی منصوبہ بنایا گیا ہے۔

***

UR-2736

(ش ح۔اس ک  )


(ریلیز آئی ڈی: 2230422) وزیٹر کاؤنٹر : 8
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Tamil