وزارت آیوش
مرکزی وزیر برائے آیوش جناب پرتاب راؤ جادھو نے ممبئی میںجے جے اسپتال میں واقع نئے سرے سے تیار کئے گئے یونانی ریسرچ سینٹر کا افتتاح کیا اور یونانی ڈے 2026 کی تقریبات کی صدارت کی
اس موقع پر وزیر جناب پرتاب راؤ جادھو نے کہا کہ اختراع اور شواہد وہ دو ستون ہیں جو یونانی طریقۂ علاج کے اگلے دور کی بنیاد رکھیں گے
انہوں نے کہا، ’’ہم عوامی صحت، امراض سے بچاؤ اور دائمی بیماریوں کے انتظام میں یونانی طریقۂ علاج کے لیے ایک مضبوط ماحولیاتی نظام تشکیل دے رہے ہیں‘‘
مہاراشٹر کے امدادِ باہمی اداروں کے وزیر جناب باباصاحب پاٹل نے کہا کہ یونانی طریقۂ علاج عام لوگوں کو کم لاگت اور مؤثر علاج فراہم کرتا ہے اور مہاراشٹر اس کے فروغ کے لیے اپنا تعاون جاری رکھے گا
آیوش کے سکریٹری ویدیہ راجیش کوٹیچا نے کہا کہ یونانی طریقۂ علاج ایک جدید، شواہد پر مبنی اور عالمی معیار کے مطابق ڈھلنے والے صحت کے نظام کے طور پر ترقی کر رہا ہے
این سی آئی ایس ایم کی چیئرپرسن ڈاکٹر منیشا وی کوٹھیکر نے کہا کہ یونانی طریقۂ علاج صحت کے شعبے میں بھارت کے’’کسرت میں وحدت ‘‘ کی بہترین مثال پیش کرتا ہے
ممبئی میں آر آر آئی یو ایم کے نئے سرے سے تیار کئے گئے مشترکہ مرکز سے شواہد پر مبنی تحقیق اور مربوط صحت کی خدمات کو مزید تقویت ملے گی
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
14 FEB 2026 1:47PM by PIB Delhi
مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) برائے وزارتِ آیوش اور وزیر مملکت برائے صحت و خاندانی بہبود، حکومتِ ہند، پرتاپ راؤ جادھو نے ممبئی میں سر جے جے اسپتال کے کیمپس میں واقع علاقائی تحقیقی ادارہ برائے یونانی طریقۂ علاج (آر آر آئی یو ایم) کے نئے سرے سے تیار کئے گئے مشترکہ مرکز کا افتتاح کیا۔ انہوں نے یونانی ڈے 2026 کی تقریبات اور ’’یونانی پریکٹس میں جدت اور شواہد‘‘ کے موضوع پر منعقدہ قومی کانفرنس کی بھی صدارت کی۔ یہ دو روزہ پروگرامی یونانی طریقۂ علاج میں تحقیق سے متعلق مرکزی کونسل (سی سی آر یو ایم) ، وزارتِ آیوش، حکومتِ ہند کی جانب سے منعقد کیا جا رہا ہے۔
آر آر آئی یو ایم کا یہ مشترکہ مرکز، جو اصل میں 1984 میں قائم کیا گیا تھا، تقریباً 3.84 کروڑ روپے کی لاگت سے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا گیا ہے تاکہ مربوط نظام کے تحت طبی خدمات، تحقیقی سہولیات اور مریضوں کی نگہداشت کو بہتر بنایا جا سکے۔ اس اپ گریڈیشن کا مقصد تاریخی جے جے اسپتال کیمپس میں یونانی طریقۂ علاج کی سہولیات کو مضبوط بنانا اور جدید طبی نظاموں کے ساتھ اشتراک کے ذریعے شواہد پر مبنی تحقیق کو فروغ دینا ہے۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں جناب پرتاب راؤ جادھو نے کہا کہ جے جے اسپتال میں یونانی ریسرچ سینٹر کی اپ گریڈیشن وزیرِ اعظم نریندر مودی کے اس عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ روایتی نظام طریقۂ علاج کو ایک جدید، مریض پرمرکوز صحتی ڈھانچے کا لازمی ستون بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یونانی اور روایتی طریقۂ علاج کی سہولت ایک ہی جگہ میسرہونے سے یہ مشترکہ مرکز مریضوں کو محفوظ، مؤثر اور ہمہ جہت علاج فراہم کرے گا، جو سائنسی تحقیق اور مستند شواہد سے تقویت یافتہ ہوگا۔ یہ اقدام آیوش نظاموں کو مرکزی دھارے کی صحتی خدمات میں ضم کرنے اور ہمہ گیر فلاح و بہبود کو فروغ دینے کے حکومتی وژن کو مزید تقویت دے گا۔
جدت اور تحقیق کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا: ’’یونانی طریقۂ علاج ایک آزمودہ اور تجربات سے بھرپور نظام ہے، لیکن اس کا مستقبل اس بات پر منحصر ہے کہ ہم دنیا کے سامنے کتنے مؤثر انداز میں سائنسی شواہد پیش کرتے ہیں۔‘‘ انہوں نے زور دیا کہ سی سی آر یو ایم اور آر آر آئی یو ایم، ممبئی جیسے ادارے معیاری کلینیکل تحقیق، ادویات کی معیاری جانچ اور تطبیقی مطالعات میں قیادت کریں، تاکہ یونانی علاج جدید صحتی چیلنجز کا مؤثر طور پر مقابلہ کر سکیں۔
قومی کانفرنس کے موضوع کا حوالہ دیتے ہوئے جناب جادھو نے کہا: ’’جدت اور شواہد وہ دو ستون ہیں جو یونانی طریقۂ علاج کے اگلے دور کی بنیاد رکھیں گے۔ ہماری کوشش ہے کہ ہر یونانی دوا، طریقۂ علاج اور معالجاتی پروٹوکول مضبوط ڈیٹا سے تقویت یافتہ ہو اور معیار و سلامتی کے عالمی پیمانوں سے ہم آہنگ ہو‘‘۔ انہوں نے محققین پر زور دیا کہ وہ جینومکس، مصنوعی ذہانت اور جدید تشخیصی ٹیکنالوجی سمیت جدید آلات سے استفادہ کریں تاکہ یونانی تصورات اور علاج کی سائنسی تفہیم کو مزیدبہتر کیا جا سکے۔
وزیرموصوف نے مزید کہا کہ مہاراشٹر اور ممبئی کے ممتاز طبی ادارے اور یونانی مراکز مربوط صحتی نظام کے کامیاب ماڈلز پیش کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’آر آر آئی یو ایم ممبئی جیسے مراکز کو مضبوط بنا کر اور بڑے اسپتالوں و یونیورسٹیوں کے ساتھ شراکت داری قائم کر کے ہم ایک مضبوط ماحولیاتی نظام تشکیل دے رہے ہیں، جہاں یونانی طریقۂ علاج عوامی صحت، احتیاطی نگہداشت اور دائمی امراض کے انتظام میں اپنی مکمل صلاحیت کا مظاہرہ کر سکے‘‘۔
مہاراشٹر حکومت کے امداد باہمی اداروں کے وزیر بابا صاحب پاٹل نے ممبئی میں یونانی ڈے کے انعقاد اور سر جے جے اسپتال میں یونانی مشترکہ مرکز کے افتتاح کو سراہتے ہوئے اسے سستی اور عوام کے لیے سازگار طبی سہولیات کی فراہمی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔ انہوں نے یونانی علاج سے اپنے مثبت تجربے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ روایتی نظام طریقۂ علاج اگر نظم و ضبط اور مریض کی مکمل پیروی کے ساتھ اپنائے جائیں تو دائمی اور مشکل امراض میں نمایاں نتائج دے سکتے ہیں، خصوصاً غریب اور پسماندہ طبقات کے لیے۔
انہوں نے زور دیا کہ مہاراشٹر ریاست یونانی سمیت بھارتی نظام طریقۂ علاج کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے، جس کے تحت بنیادی ڈھانچے کی بہتری، کالجوں اور اسپتالوں کو مضبوط بنانا اور شہری و دیہی علاقوں میں رسائی کو وسیع کرنا شامل ہے۔ ’’صحت ہی اصل دولت ہے‘‘ اس پر زور دیتے ہوئے انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آیوش نظاموں کی جانب سے فروغ دیے جانے والے احتیاطی اور ہمہ جہت طریقۂ علاج کو اختیار کریں، تاکہ اسپتالوں پر بوجھ کم ہو اور لوگ زیادہ صحت مند اور پیداواری زندگی گزار سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یونانی طریقۂ علاج عام لوگوں کے لیے کم خرچ اور مؤثر علاج فراہم کرتا ہے اور مہاراشٹر اس کی توسیع کے لیے بہتر سہولیات اور وسیع تر رسائی کے ذریعے اپنا تعاون جاری رکھے گا۔
وزارتِ آیوش کے سکریٹری ویدیہ راجیش کوٹیچا نے کہا کہ 10ویں یونانی ڈے کی تقریبات اور ’’یونانی پریکٹس میں جدت اور شواہد‘‘ کے موضوع پر قومی کانفرنس خاص طور پر تحقیق، مریضوں کی خدمات اور ادارہ جاتی ترقی کے میدان میں گزشتہ دہائی میں یونانی طریقۂ علاج کی غیر معمولی ترقی کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پالیسی سطح پر مؤثر معاونت، بجٹ میں اضافہ اور وزارت کی قیادت میں مسلسل رہنمائی کے نتیجے میں یونانی طریقۂ علاج میں تحقیق سے متعلق مرکزی کونسل (سی سی آر یو ایم)اور قومی اداروں کے تحت یونانی مراکز نے اپنی خدمات میں نمایاں وسعت پیدا کی ہے، جس کے باعث مریضوں کی تعداد، تحقیقی اشاعتوں اور منظور شدہ سہولیات میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزارتِ آیوش عالمی ادارۂ صحت اور دیگر بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر یونانی تعلیم، تحقیق، کلینیکل تربیت اور علاج سے متعلق اقدامات کے لیے بین الاقوامی معیارات قائم کرنے پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے یونانی طریقۂ علاج میں تربیت اور عملی رہنمائی کے لیے ڈبلیو ایچ او بینچ مارک دستاویزات کی اشاعت، آئی سی ڈی-11 کے روایتی طب کے باب میں یونانی امراضی کوڈز کی شمولیت، اور صحت سے متعلق اقدامات کی درجہ بندی پر جاری کام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ پیش رفت نہ صرف آیوش نظاموں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دے گی بلکہ دنیا بھر کے ممالک کو یونانی طریقۂ علاج کو زیادہ پُر اعتماد اور معیاری بنیادوں پر اپنانے میں مدد فراہم کرے گی۔
ڈاکٹر منیشا وی کوٹھیکار، چیئرپرسن بھارتی نظام طریقہ علاج کے قومی کمیشن (این سی آئی ایس ایم) نے اس بات پر زور دیا کہ یونانی، آیوروید، سدھ اور سووا-رگپا کے ساتھ مل کر بھارتی نظام طریقۂ علاج میں ’’کسرت میں وحدت‘‘ کی مشترکہ جذبے کی نمائندگی کرتی ہے۔ ان کے مطابق یہ مختلف طبی روایات صحت اور انسانی جسم کو الگ الگ زاویوں سے دیکھتی ہیں، مگر بالآخر سب کا مقصد معاشرے کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نےسر جے جے اسپتال میں نئے سرے سے تیار کئے گئے اور افتتاح کیے گئے یونانی مشترکہ مرکز کو سراہا اور یونانی طریقۂ علاج میں تحقیق سے متعلق مرکزی کونسل (سی سی آر یو ایم)، (آر آر آئی یو ایم) اور منتظمین کو مبارکباد دی کہ انہوں نے بھارتی روایتی علم کے بنیادی اصولوں سے منسلک رہتے ہوئے یونانی بنیادی ڈھانچے، تعلیم، دوا سازی اور تحقیق کو مضبوط بنایا۔
افتتاحی تقریب کے دوران متعدد ادارہ جاتی اقدامات کا آغاز کیا گیا، جن میں یونانی طریقۂ علاج پر ایک ویڈیو ٹیزر کی نمائش، سی سی آر یو ایم کی مطبوعات اور کانفرنس سووینئر کا اجرا، سی سی آر یو ایم کے اشتراکی ویب پورٹل اور موبائل ایپلی کیشنز کا آغاز، ایک بین الاقوامی اور آٹھ قومی مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ، اور ’’مزاجِ انسان‘‘ کی جانچ کے لیے سوالنامے کی پیشکش شامل تھی۔اسی موقع پر آر آر آئی یو ایم، ممبئی کی بایوکیمسٹری اور پیتھالوجی لیبارٹری کو این اے بی ایل سرٹیفکیشن بھی حاصل ہوا، جس سے یونانی تحقیق میں معیار اور کوالٹی اشورنس کو مزید تقویت ملے گی۔
قومی یونانی ڈے کے افتتاحی اجلاس میں وزارتِ آیوش کی جوائنٹ سکریٹری محترمہ مونالیزا ڈاش، مشیر (یونانی) ڈاکٹر ایم اے قاسمی، ڈائریکٹر نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف یونانی میڈیسن پروفیسر سید شاہ عالم اور ڈائریکٹر جنرل سی سی آر یو ایم ڈاکٹر این ظہیر احمد سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔
اس تقریب کی ابتدائی جھلک متعلقہ سرکاری ویب سائٹ https://www.pib.gov.in/PressReleasePage.aspx?PRID=2227528®=3&lang=1 پر دستیاب ہے۔
The curtain raiser release of the same can be accessed through the link: https://www.pib.gov.in/PressReleasePage.aspx?PRID=2227528®=3&lang=1.



MWMI.jpeg)
L3OT.jpeg)
PLV9.jpeg)
***
ش ح-ا ع خ ۔ر ا
U-No- 2470
(ریلیز آئی ڈی: 2228132)
وزیٹر کاؤنٹر : 10