وزارت آیوش
azadi ka amrit mahotsav

ادویاتی نباتات سے متعلق چنتن شیور روایتی ادویات میں پائیدار ترقی اور عالمی قیادت کے نقطہ نظر کا خاکہ پیش کرتا ہے


مرکزی وزیر جناب پرتاپ راؤ جادھو نے نئی دہلی میں این ایم پی بی چنتن شیور کا افتتاح کیا

ادویاتی نباتات کا شعبہ پائیدار ترقی اور عالمی قیادت کے ذریعے وکست بھارت 2047 کو آگے بڑھائے گا: مرکزی وزیر جناب پرتاپ راؤ جادھو

چنتن شیور ایک پائیدار اورمسلسل فروغ پذیر ادویاتی نباتات کے شعبے کے لیےنقش راہ مرتب کرتا ہے: سکریٹری ویدیا راجیش کوٹیچا

اے ایس اینڈ ایف اے، وزارت آیوش، جناب ہوویدا عباس نے مالی نظم و ضبط، ریاستی شرکت اور این ایم پی بی کے اقدامات کے لیے مستقل حمایت پر زور دیا

چنتن شیور اختراع اور تعاون کے ذریعے ادویاتی نباتات کی ویلیو چین کو مستحکم کرتا ہے: این ایم پی بی کے سی ای او ڈاکٹر مہیش کمار ددھیچ

این ایم پی بی نے افتتاحی اجلاس کے دوران یادگاری کتابچے ، پودوں کی نئی اقسام جاری کئے اور مفاہمت نامے پر دستخط کیے





پوسٹ کرنے کی تاریخ: 11 FEB 2026 1:41PM by PIB Delhi

قومی ادویاتی نباتات بورڈ (این ایم پی بی)، وزارت آیوش نے آج نئی دہلی کے وِگیان بھون میں ادویاتی نباتات پر ایک روزہ چنتن شیور کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر سینئر افسران، موضوعاتی ماہرین، صنعتی رہنما اور ریاستی نمائندگان موجود تھے تاکہ پالیسی، تحقیق اور نفاذ کی حکمت عملیوں پر غور کیا جا سکے، جن کا مقصد ادویاتی نباتات کے شعبے کو پائیدار طریقوں اور جدت کے ذریعے مضبوط بنانا ہے۔

آئین کے تحت وزیرِ مملکت (خود مختار چارج)، وزارت آیوش اور وزیرِ مملکت، وزارت صحت و خاندانی بہبود، جناب پرتاپ راؤ جادھو نے چنتن شیور کا افتتاح بطور مہمانِ خصوصی کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ادویاتی نباتات نہ صرف بھارت کے روایتی علمی نظام کی بنیاد ہیں بلکہ اس کی حیاتیاتی اور اقتصادی میراث کا بھی ایک اہم حصہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آیوروید اور دیگر آیوش نظاموں کی بڑھتی ہوئی عالمی پذیرائی بھارت کی صلاحیت کو اجاگر کرتی ہے کہ وہ معیاری ادویاتی نباتات اور نباتاتی صحت و تندرستی مصنوعات کا عالمی فراہم کنندہ بن سکے۔

وزیرموصوف نے نوٹ کیا کہ چنتن شیور کا موضوع مکمل طور پر حکومت کے ترقی یافتہ بھارت 2047 اور آتم نربھر بھارت کے وژن کے ساتھ ہم آہنگ ہے، جو دیہی برادریوں کو پائیدار روزگار کے ذریعے بااختیار بنانے پر مرکوز ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ادویاتی نباتات کا شعبہ کسانوں، کاروباریوں اور محققین کے لیے ایک منفرد موقع فراہم کرتا ہے تاکہ وہ ایک صحت مند اور خود کفیل بھارت کی تعمیر میں تعاون کر سکیں۔

افتتاحی اجلاس کے دوران، انہوں نے این ایم پی بی کے 25 شاندار سالوں کی یادگارکتابچہ، ٹیرس گارڈن جاری کیا اور سی ایس آئی آر-سی آئی ایم اے پی، لکھنؤ کے تیار کردہ پیرتھرم(ادویاتی پودہ) کی نئی قسم کا بھی افتتاح کیا۔ انہوں نے این ایم پی بی اور اے آئی آئی اے کے درمیان تعاون پر مبنی تحقیق اور جدت کو مضبوط بنانے کے لیے مفاہمت نامے (ایم او یو) پربھی دستخط کئے۔جناب جادھو نے اس بات کو اجاگرکیا کہ وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں حکومت نے ادویاتی نباتات کی کاشت اور پائیدار استعمال کو فروغ دینے کے لیے متعدد اقدامات متعارف کرائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این ایم پی بی جیسے اداروں نے خاص طور پر بارش پر منحصر اور کم زرخیز زمینوں میں کسانوں کو قیمتی ادویاتی فصلیں اگانے میں مدد فراہم کرنے میں اہم رول ادا کیاہے۔ ان کوششوں سے نہ صرف آمدنی پیدا ہوتی ہے بلکہ ماحولیاتی تحفظ اور عوامی صحت کے تحفظ میں بھی مدد ملتی ہے۔

وزیرموصوف نے مزید این ایم پی بی کی پیچھے اور آگے کے روابط کو مضبوط کرنے، مارکیٹ تک رسائی کو بڑھانے اور سپلائی چین میں معیار اور معتبریت کو یقینی بنانے کی لگن کو سراہا۔ وزیرموصوف نے تمام شراکت داروں سے درخواست کی کہ وہ ایک عالمی معیار کے، ماحولیاتی اور اقتصادی طور پر متحرک ادویاتی نباتات کے شعبے کی ترقی کے لیے اجتماعی طور پر کام کرتے رہیں، جو نہ صرف ملک کے کسانوں کی خدمت کرے بلکہ معاشرے کی صحت کی ضروریات کو بھی پورا کرے۔

آیوش کی وزارت کے سیکریٹری، ویدیا راجیش کوٹیچا نے اپنے بیان میں اس بات پر زور دیا کہ این ایم پی بی کے25برس مکمل ہونے کا جشن صرف ایک عظیم کارنامہ ہی نہیں بلکہ غوروخوض اور جدت کا موقع بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مرحلے میں سائنسی تصدیق، ٹریس ایبلٹی اور موسمیاتی استحکام پر توجہ مرکوز کی جانی چاہیے تاکہ بھارت کی متنوع ادویاتی نباتات کو محفوظ رکھا جائے اور اسے بین الاقوامی معیار کے مطابق بہترین طور پر استعمال کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزارت علاقائی سہولت کاری مراکز، تحقیقی شراکت داریوں، اور ڈیجیٹل روابط کو مضبوط بنانے کی جانب کام کر رہی ہے تاکہ متعلقہ فریقین کے درمیان بہتر ہم آہنگی قائم ہو سکے۔ انہوں نے تعلیمی اداروں، صنعت اور کسانوں کے درمیان تعاون پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس چنتن شیور کے نتائج ایک پانچ سالہ روڈ میپ کی رہنمائی کریں گے، جس کا مقصد اس شعبے کو مزید پیداوار بڑھانے والا، شمولیتی اور عالمی معیار کے مطابق مسابقتی بنانا ہے۔

وزارت آیوش کےایڈیشنل سکریٹری اور مالی مشیرجناب ہوویدا عباس نے مضبوط مالی نظم و ضبط اوربروقت فنڈز جاری کئے جانے پر زور دیا تاکہ این ایم پی بی پروجیکٹس کے مؤثر نفاذکویقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو مالیاتی انتظام اور پائیداری کے جدید ماڈلز اپنانے اور ادویاتی نباتات کی کاشت میں مشغول مقامی برادریوں تک رسائی بڑھانے کے لئے زیادہ شرکت کی ترغیب دی۔ انہوں نے این ایم پی بی کی پہل کاریوں کے لیے وزارت کی ادارہ جاتی اور مالی معاونت جاری رکھنے کا یقین دلایا۔

ڈاکٹر مہیش کمار ددھیچ، چیف ایگزیکٹو آفیسر،این ایم پی بی نے وزیرموصوف کی رہنمائی اور وزارت کی مسلسل حمایت پر شکرگزاری کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ چنتن شیور کا تصور پچھلے 25 سالوں کی کامیابیوں کا جائزہ لینے اور شعبے کی مستقبل کی ترقی کی منصوبہ بندی کے لیے بنایا گیا۔ این ایم پی بی کے کام کو محفوظ کاری، صلاحیت سازی اور تحقیق کو فروغ دینے کے شعبوں میں اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بورڈ پوری ویلیو چین-کاشت سے مارکیٹ تک- کو جدت، متعلقہ فریقین کی شرکت اور پائیدار طریقوں کے ذریعے مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

چنتن شیور کے افتتاحی اجلاس کے دوران، قومی ادویاتی نباتات بورڈ (این ایم پی بی) کی 25 ویں سالگرہ کے موقع پر کئی اہم اشاعتیں اور شراکت داریاں متعارف کروائی گئیں۔ این ایم پی بی کے 25 سالہ سفر کی عکاسی کرنے والا یادگاری کتابچہ کا (انگریزی ورژن) اور ٹیرس گارڈن کتابچہ جاری کیے گئے تاکہ ادویاتی نباتات کی کاشت میں حاصل شدہ کامیابیوں اور بہترین عملی طور طریقوں کو اجاگر کیا جا سکے۔

مزیدیہ کہ اعلی قسم کی ادویاتی فصلوں کی کاشت کو سہارا دینے کے لیے سی ایس آئی آر-سی آئی ایم اے پی ، لکھنؤ کے ذریعے تیار کردہ ایناسیکلوس پائریتھرم کی ایک نئی قسم کا آغاز کیا گیا ۔  اس تقریب میں این ایم پی بی اور اگرکر ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے درمیان ایک مفاہمت نامے پر دستخط بھی ہوئے ، جس سے ادویاتی پودوں کے شعبے میں باہمی تعاون پر مبنی تحقیق اور اختراع کو تقویت ملی ۔

چنتن شیور میں تکنیکی سیشنز اور ماہرین پر مبنی پینلز شامل ہوں گے، جن میں درج ذیل موضوعات پر گفتگو کی جائے گی:تحقیق و ترقی، ٹریس ایبلٹی اور معیار کی یقین دہانی، صنعت کے ساتھ تعاون اور محفوظ کاری و کاشت کاری میں بہترین عملی طریقے جیسے موضوعات شامل ہیں۔ ان مباحثوں کی روشنی میں بھارت میں ادویاتی نباتات کے شعبے کی اگلے مرحلے کی ترقی کے لیے پالیسی فریم ورک تیار کیا جائے گا۔

******

( ش ح ۔ ا ع خ ۔ م ا )

Urdu.No-2122


(ریلیز آئی ڈی: 2226456) وزیٹر کاؤنٹر : 14
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Kannada