وزارت سیاحت
azadi ka amrit mahotsav

فرانسیسی شہری نے پہلی مرتبہ بھارت پرو میں جھارکھنڈ کی شاندار ثقافت اور لذیذ روایتی کھانوں کا تجربہ کیا

प्रविष्टि तिथि: 28 JAN 2026 1:24PM by PIB Delhi

بھارت پرو 2026 ثقافتی تبادلے کے ایک متحرک اور جاندار پلیٹ فارم کے طور پر اپنا کردار مسلسل ادا کر رہا ہے، جہاں فرانس سے آئے ایک سیاح نے پہلی مرتبہ جھارکھنڈ کی بھرپور روایات اور منفرد ذائقوں کا تجربہ کیا اور جھارکھنڈ ٹورازم کے زیرِ اہتمام پیش کیے گئے ریاستی ورثے کو بے حد سراہا۔

دورے کے تحت فرانسیسی مہمان نے انسٹی ٹیوٹ آف ہوٹل مینجمنٹ (آئی ایچ ایم)، رانچی کے طلبہ سے ملاقات کی، جنہوں نے پکوانوں کی نمائش کے حصے کے طور پر جھارکھنڈ کے روایتی اور مستند کھانے پیش کیے۔ مہمان نے خصوصاً دھُسکا اور آلو چنا جیسے روایتی پکوان بے حد شوق سے تناول کیے، جو آئی ایچ ایم رانچی کے طلبہ نے شیف ہرے کرشن چودھری کی ماہرانہ رہنمائی میں نہایت مہارت سے تیار کیے تھے۔ فرانسیسی مہمان نے ان کھانوں کے ذائقے، سادگی اور انفرادیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پکوان مقامی ثقافت اور پائیدار غذائی روایات سے گہرا تعلق رکھتے ہیں۔

شیف ہرے کرشن چودھری نے مہمان کو جھارکھنڈ کے روایتی کھانوں کی غذائی اہمیت، ثقافتی وابستگی اور تاریخی ورثے سے آگاہ کیا اور وضاحت کی کہ مقامی اجزاء اور روایتی طریقۂ پکوان کس طرح خطے کی شناخت اور طرزِ زندگی کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے وزارتِ سیاحت کے فعال کردار کو بھی اجاگر کیا جو بھارت پرو جیسے پلیٹ فارمز کے ذریعے مختلف ریاستوں کے متنوع کھانوں اور ثقافتوں کو فروغ دے رہا ہے، نیزبھارت کی ثقافتی سفارت کاری اور سیاحتی رسائی کو مزید مضبوط بنا رہا ہے۔

ادارے کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے شیف چودھری نے انسٹی ٹیوٹ آف ہوٹل مینجمنٹ، رانچی کے پرنسپل ڈاکٹر بھوپیش کمار کی دور اندیش قیادت کی بھرپور تعریف کی، جنہوں نے موٹے اناج کو ایک پائیدار اور غذائیت سے بھرپور غذائی انتخاب کے طور پر فروغ دینے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ڈاکٹر کمار کی رہنمائی میں آئی ایچ ایم رانچی نے موٹے اناج کے فروغ سے متعلق اپنی نمایاں کاوشوں کے باعث قومی سطح پر پہچان حاصل کی، جن میں انڈیا بک آف ریکارڈز میں اندراج بھی شامل ہے، جو قومی مشن برائے ملیٹس سے ہم آہنگ ہے۔

اس دورے نے اس حقیقت کو اجاگر کیا کہ پکوانوں سے متعلق ورثہ عالمی سطح پر ثقافتوں کو مربوط کرنے کا ایک طاقتور وسیلہ ہے۔ ایک غیرملکی مہمان کی جانب سے کی گئی تحسین نے اس امر کی توثیق کی کہ بھارت پرو جیسے قومی پلیٹ فارمز پر ہندوستان کے علاقائی کھانوں اور روایات کی نمائش نہایت اہم ہے، ساتھ ہی آئی ایچ ایم رانچی جیسے اداروں کی تعلیمی اور ثقافتی خدمات کو بھی تسلیم کیا گیا جو بھارت کے بھرپور پکوانی ورثے کے تحفظ اور فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔

بھارت پرو 2026، چھ روزہ قومی ثقافتی اور سیاحتی میلہ، یومِ جمہوریہ کی تقریبات کے تحت 26 سے 31 جنوری 2026 تک لال قلعہ کے لانز اور گیان پتھ میں منعقد کیا جا رہا ہے۔

******

( ش ح ۔ اع خ ۔ م ا )

Urdu.No-1185


(रिलीज़ आईडी: 2219624) आगंतुक पटल : 9
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी