وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

ہند–کینیا دفاعی نمائش و سیمینار کے تیسرے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے دفاعی پیداوار کے سکریٹری نے کہا کہ کینیا کی مسلح افواج کو ہندوستانی کمپنیوں کے ساتھ تعاون کے امکانات کو فعال طور پر تلاش کرنا چاہیے


مجموعی طور پر 21ہندوستانی دفاعی کمپنیوں نے دفاعی شعبے کے مختلف پہلوؤں میں اپنے نمایاں مصنوعات کے پروفائل پیش کیے

سنجیو کمار نے دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے کے مقصد سے کینیا کی وزارت دفاع کے حکام کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں کیں

प्रविष्टि तिथि: 22 JAN 2026 9:46PM by PIB Delhi

دفاعی پیداوارکے سکریٹری سنجیو کمار نے کینیا کی مسلح افواج سےہندوستانی کمپنیوں کے ساتھ تعاون کے امکانات کو فعال طور پر تلاش کرنے کی درخواست کی۔ انہوں نے 21 جنوری 2026 کو مکمل ہونے والے اپنے تین روزہ کینیا کے دورے کےدوران نیروبی میں منعقدہ تیسرے ہند–کینیا دفاعی نمائش و سیمینار سے خطاب کیا۔ اس موقع پر دفاعی پیدوار کےسکریٹری نے ہندوستانی دفاعی صنعتی نظام کی مضبوط صلاحیتوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے باہمی احترام، اعتماد اور تعاون پر مبنی دوطرفہ دفاعی تعلقات اور طویل المدتی دوستی کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

یہ سیمینار 19 جنوری کو منعقد ہوا، جو دونوں ممالک کے درمیان صنعتی تعاون، مشترکہ ترقی اور صلاحیت سازی کو فروغ دینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے۔ نمائش کے دوران 21 ہندوستان کی دفاعی کمپنیوں نے مختلف شعبوں میں اپنی نمایاں مصنوعات کی نمائش کی، جن میں جہاز سازی، بکتر بند اور فوجی گاڑیاں، یو اے وی، میزائل نظام، سائبر سیکورٹی، ہتھیار، گولہ بارود، دھماکہ خیز مواد، بصری آلات اور دیگر حفاظتی نظام شامل ہیں۔

اس تقریب میں کینیا کی وزیرِ دفاع محترمہ سوئیپان تویا، کینیا ڈیفنس فورسز کے نائب سربراہ لیفٹیننٹ جنرل جان ایم۔ اومینڈا، آرمی کمانڈر، ڈی این ایس آئی اور کینیا کی وزارتِ دفاع کے 50 سے زائد سینئر افسران نے شرکت کی۔ وزیر دفاع نے اپنے کلیدی خطاب میں کہا کہ نمائش کا یہ تیسرا ایڈیشن نومبر 2022 اور جنوری 2024 میں منعقد ہونے والے سابقہ کامیاب ایڈیشنز کی بنیاد پر منعقد کیا گیا ہے۔

دفاعی پیداوار کے سکریٹری نے اپنے دورے کے دوران کینیا کی وزارتِ دفاع کے پرنسپل سکریٹری پیٹرک ماریرو اور کینیا ڈیفنس فورسز کے نائب سربراہ لیفٹیننٹ جنرل جان ایم۔ اومینڈا سے بھی ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں کے دوران دفاعی تعاون کے مختلف شعبوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر غور کیا گیا۔پیٹرک ماریرو کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں فریقوں نے ہند–کینیا دفاعی نمائش و سیمینار میں  ہندوستانی دفاعی کمپنیوں کی حوصلہ افزا شرکت پر خصوصی توجہ دی۔ اس موقع پر جہاز سازی اور بحری نظام، زمینی نظام، یو اے وی، میزائل نظام، ہتھیار، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد، بکتر بند اور فوجی گاڑیاں، بصری آلات، حفاظتی نظام اور سائبر سکیورٹی سمیت اہم دفاعی شعبوں میں تعاون کے امکانات پر گفتگو کی گئی۔ یہ بھی بتایا گیا کہ کینیا ڈیفنس فورسز شریک ہندوستانی کمپنیوں کے ساتھ علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں منعقد کریں گی۔

1.jpg

لیفٹیننٹ جنرل جان ایم اومینڈا کے ساتھ ہونے والی بات چیت میں دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر خصوصی زور دیا گیا۔ اس دوران دفاعی صنعتی شراکت داری، صلاحیت سازی، تربیت، بحری نگرانی اور دفاعی برآمدات و دیکھ بھال میں معاونت کے شعبوں میں طویل المدتی تعاون کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

سنجیو کمار نے ممباسا میں واقع کینیا شپ یارڈ لمیٹڈ کا بھی دورہ کیا اور کینیا شپ یارڈ لمیٹڈ اور گوا شپ یارڈ لمیٹڈ کے درمیان دستخط شدہ مفاہمت نامے کے جلد اور مؤثر نفاذ پر زور دیا۔

*****

ش ح- م ع ن- ش ب ن

Urdu Release Id:982


(रिलीज़ आईडी: 2217716) आगंतुक पटल : 5
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी