ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت
نئی دہلی میں مرکزی وزیرماحولیات کی زیر صدارت نیشنل بورڈ فار وائلڈ لائف کی اسٹینڈنگ کمیٹی کی88ویں میٹنگ منعقد
اجلاس میں عوامی افادیت اور اسٹریٹجک اہمیت کے حامل منصوبوں پر غوروخوض کیا گیا، نیز مؤثر نگرانی کی پالیسی اور طریقۂ کار کا جائزہ لیا گیا
प्रविष्टि तिथि:
19 JAN 2026 2:15PM by PIB Delhi
نیشنل بورڈ فار وائلڈ لائف (اسٹینڈنگ کمیٹی) کا 88واں اجلاس آج نئی دہلی میں مرکزی وزیر برائے ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی، جناب بھوپیندر یادو کی صدارت میں منعقد ہوا۔

اجلاس کے دوران اسٹینڈنگ کمیٹی نے عوامی استعمال کی خدمات، دفاعی ضروریات اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی سے متعلق 70 تجاویز پر غور کیا، جو محفوظ علاقوں، جنگلی حیات کی پناہ گاہوں، ٹائیگر ریزرو اور ماحولیاتی طور پر حساس زون کے اندر اوران کے اطراف میں واقع ہیں۔ ان تجاویز پر جنگلی حیات(تحفظ) ایکٹ، 1972 کی دفعات کے مطابق غورکیا گیا ۔ ان تجاویز پر غور و خوض کرتے وقت ماحولیاتی شعور، قانونی تقاضوں اور مقامی برادریوں کے لیے ضروری خدمات کی فراہمی کی ضرورت کو پیشِ نظر رکھا گیا۔
کمیٹی کے زیرغور آنے والی اہم عوامی افادیت کی تجاویز میں جل جیون مشن (جے جے ایم) کے تحت پینے کے پانی کی فراہمی، پرائمری اور کمیونٹی ہیلتھ مراکز، سڑکوں کی توسیع، 4جی موبائل ٹاور اور ٹرانسمیشن لائن کے منصوبے شامل تھے۔
مزید برآں، مدھیہ پردیش میں درمیان درجے کے آبپاشی منصوبے سے متعلق تجاویز پر بھی غور کیا گیا، جس کے تحت ایک جانب بندیل کھنڈ خطے میں پینے اور آبپاشی کے پانی کی سہولت فراہم کی جائے گی،دوسری جانب جنگلی حیات اور گھڑیالوں کے لیے بہتر آبی نظام کو فروغ دیا جائے گا۔

اسٹینڈنگ کمیٹی نے دفاعی شعبہ سے متعلق 17 تجاویز پر بھی غور کیا، جو بنیادی طور پر مرکز کے زیرِ انتظام علاقے لداخ اور ریاست سکّم میں سرحدی اور بلند پہاڑی علاقوں میں قائم اسٹریٹجک بنیادی ڈھانچے سے متعلق ہیں۔ قومی سلامتی اور اسٹریٹجک ضروریات کے پیشِ نظر ان تجاویز کی سفارش کی گئی، تاہم کمیٹی کی ہدایات اور قابلِ اطلاق قانونی دفعات کے مطابق جنگلی حیات کے تحفظ کے اقدامات اور ماحولیاتی حفاظتی ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔
قائمہ کمیٹی نے سابقہ اجلاسوں میں کیے جانے والے فیصلوں اور جاری کردہ ہدایات پر عمل درآمد سے متعلق ایکشن ٹیکن رپورٹ (اے ٹی آر) کا بھی جائزہ لیا، بالخصوص پالیسی اقدامات اور طریقۂ کار کو ہموار بنانے، بشمول پریویش پورٹل میں بہتری کے حوالے سے فیصلوں پر عمل در آمد کا جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ جنگلی حیات کے تحفظ سے متعلق پالیسی اور پروگرام اور ایس سی-این بی ڈبلیو ایل کی ہدایات پر عمل درآمد کا معاملہ مؤثر نگرانی کے واسطے آئندہ اجلاسوں میں مزید غوروخوض کے لیے لایا جائے گا۔

نیشنل بورڈ فار وائلڈ لائف کی قائمہ کمیٹی ایک قانونی ادارہ ہے جو جنگلی حیات (تحفظ) ایکٹ، 1972 کے تحت قائم کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد جنگلی حیات اور جنگلات کے تحفظ و بقا سے متعلق امور پر حکومت کو مشورہ دینا ہے، اور اس بات کو بھی یقینی بنانا ہے کہ محفوظ کردہ علاقوں کے اندر اور ان کے مضافات میں ترقیاتی سرگرمیاں متوازن اور پائیدار انداز میں انجام دی جائیں۔
****
(ش ح –م ش ع۔اش ق)
U. No. 76
(रिलीज़ आईडी: 2216102)
आगंतुक पटल : 9