ہنر مندی کے فروغ اور صنعت کاری کی وزارت
ہنر مندی کی ترقی اور صنعت کاری کی وزارت (ایم ایس ڈی ای) 19 تا 20 جنوری 2026 کو پونے میں جن شکشن سنستھان زونل کانفرنس اور اسٹیک ہولڈرز کے مشاورتی اجلاس کا انعقاد کرے گی
प्रविष्टि तिथि:
18 JAN 2026 1:16PM by PIB Delhi
حکومتِ ہند کی وزارتِ ہنرمندی کی ترقی و صنعت کاری (ایم ایس ڈی ای) 19 تا 20 جنوری 2026 کو مہاراشٹر کے پونے میں سمبیوسس اسکل اینڈ پروفیشنل یونیورسٹی کے آڈیٹوریم ہال میں دو روزہ جن شکشن سنستھان (جے ایس ایس) زونل کانفرنس بمعہ اسٹیک ہولڈرز کے مشاورتی اجلاس اور پیش رفت کے جائزہ ورکشاپ کا انعقاد کرے گی۔
یہ کانفرنس 11 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے تعلق رکھنے والے 152 جن شکشن سنستھانوں کے نمائندوں کے علاوہ ہنر مندی کی ترقی اور صنعت کاری کی وزارت، ڈائریکٹوریٹ آف جن شکشن سنستھان (ڈی جے ایس ایس)، نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار انٹرپرینیورشپ اینڈ اسمال بزنس ڈیولپمنٹ (این آئی ای ایس بی یو ڈی) اور دیگر اہم اسٹیک ہولڈرز کے سینئر عہدیداروں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرے گی۔
جن شکشن سنستھان اسکیم ایک مرکزی شعبے کی اسکیم ہے جسے ایم ایس ڈی ای غیر سرکاری تنظیموں کے ذریعے نافذ کر رہی ہے۔ اس اسکیم کے تحت غیر رسمی پیشہ ورانہ تربیت پر توجہ مرکوز کی جاتی ہے، جس میں غیر خواندہ اور نو خواندہ افراد، اسکول چھوڑنے والے طلبہ اور معاشرے کے پسماندہ طبقات شامل ہیں، جبکہ خواتین، درج فہرست ذاتوں، درج فہرست قبائل، اقلیتوں اور دیگر کمزور طبقات پر خصوصی زور دیا جاتا ہے۔ اس وقت 26 ریاستوں اور 7 مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں 264 جن شکشن سنستھان فعال ہیں، جو نیشنل اسکلز کوالیفکیشن فریم ورک (این ایس کیو ایف) سے منسلک 51 کورسز میں ہنر مندی کی تربیت فراہم کر رہے ہیں اور نچلی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
31 دسمبر 2025 تک جن شکشن سنستھان اسکیم کے تحت 34 لاکھ سے زائد مستفیدین کو تربیت دی جا چکی ہے، جن میں 28.3 لاکھ خواتین شامل ہیں۔ یہ اعداد و شمار خواتین کی قیادت میں ترقی کے لیے اسکیم کی مضبوط وابستگی کو نمایاں کرتے ہیں۔ تربیت کی فراہمی بڑی حد تک ذیلی مراکز کے ذریعے گھر کی دہلیز پر کی جاتی ہے، بالخصوص امنگوں والے اضلاع، قبائلی علاقوں، بائیں بازو کی انتہا پسندی سے متاثرہ علاقوں، سرحدی اور دور دراز علاقوں میں۔
پونے میں منعقد ہونے والی یہ زونل کانفرنس ایک اہم ادارہ جاتی پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گی، جس کے تحت:
- مالی سال 2025-26 کے دوران شریک جن شکشن سنستھانوں کی جسمانی اور مالی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا؛
- پالیسی، رہنما خطوط میں اصلاحات اور نفاذ سے متعلق چیلنجوں پر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ منظم مشاورت کی جائے گی؛
- ملازمت سے متعلق مہارتوں، کاروباری ترقی، روزی روٹی کے فروغ، کریڈٹ لنکیجز اور مالیاتی انتظام کے شعبوں میں جن شکشن سنستھان کے عملے کی صلاحیتوں کو مضبوط بنایا جائے گا؛
- مانگ پر مبنی اور ابھرتے ہوئے ہنر مندی کے شعبوں کی نشاندہی کی جائے گی، جن میں پروگرام کے نفاذ کے لیے مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ٹولز کے استعمال پر بھی توجہ دی جائے گی۔
کانفرنس کے دوران موضوعاتی صلاحیت سازی کے سیشنز، سمبیوسس اسکل اینڈ پروفیشنل یونیورسٹی میں جدید ہنر مندی کی لیبارٹریوں کا ایکسپوژر وزٹ، اور بہترین عملی مثالوں کے ساتھ مقامی طور پر تیار کردہ جن شکشن سنستھان مصنوعات کی نمائش پر مشتمل ایک پروڈکٹ ایگزیبیشن بھی منعقد کی جائے گی۔
20 جنوری 2026 کو منعقد ہونے والے اختتامی اجلاس سے وزارت کے سینئر حکام خطاب کریں گے، جن میں محترمہ دیبشری مکھرجی، سکریٹری، ہنر مندی کی ترقی اور صنعت کاری کی وزارت، حکومتِ ہند شامل ہیں۔ اس موقع پر کانفرنس کے اہم نتائج اور سفارشات کو یکجا کیا جائے گا تاکہ جن شکشن سنستھان اسکیم کو مستقبل میں مزید مستحکم اور مؤثر بنانے کے لیے رہنمائی فراہم کی جا سکے۔
یہ زونل کانفرنس حکومتِ ہند کے جامع ترقی اور ایک ہنر مند، خود کفیل بھارت کے وژن کے مطابق کمیونٹی پر مبنی ہنر مندی کے اقدامات کی تاثیر، معیار اور رسائی کو وسعت دینے کے لیے ایم ایس ڈی ای کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔
***
UR-732
(ش ح۔اس ک )
(रिलीज़ आईडी: 2215818)
आगंतुक पटल : 14