سٹرک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی) نے بنگلورو–کڈپا–وجے واڑہ اکنامک کوریڈور(اقتصادی راہداری) پر متعدد گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کیے

प्रविष्टि तिथि: 11 JAN 2026 7:51PM by PIB Delhi

نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی) نے کنسیشنائر ایم/ایس راج پتھ انفراکان پرائیویٹ لمیٹڈ کے اشتراک سے کامیابی کے ساتھ چار گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کیے:

  • 24 گھنٹوں میں بٹومینس کنکریٹ کی سب سے طویل مسلسل بچھائی کا ریکارڈ، جس میں 28.89 لین کلومیٹر کا احاطہ کیا گیا
  • 24 گھنٹوں میں بٹومینس کنکریٹ کی سب سے زیادہ مقدار، یعنی 10,655 میٹرک ٹن کی مسلسل بچھائی کا ریکارڈ
  • بٹومینس کنکریٹ کی 57,500 میٹرک ٹن کی مسلسل بچھائی کا ریکارڈ
  • 156 لین کلومیٹر کی مسلسل پَیوِنگ کا ریکارڈ

 

نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی) نے اپنی انجینئرنگ مہارت اور عملیاتی برتری کو اجاگر کرتے ہوئے ایک تاریخی کامیابی کے تحت زیرِ تعمیر بنگلورو–کڈپا–وجے واڑہ اکنامک کوریڈور (این ایچ-544جی) پر کامیابی کے ساتھ چار گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کیے ہیں۔

6 جنوری 2026 کو این ایچ اے آئی نے آندھرا پردیش کے پُٹاپرتھی کے قریب دو گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کیے۔ پہلا ریکارڈ 24 گھنٹوں کے اندر بٹومینس کنکریٹ کی سب سے طویل مسلسل بچھائی کا تھا، جس میں 28.89 لین کلومیٹر یا تین لین چوڑی 9.63 کلومیٹر طویل سڑک شامل تھی۔ دوسرا ریکارڈ 24 گھنٹوں میں بٹومینس کنکریٹ کی سب سے زیادہ مقدار یعنی 10,655 میٹرک ٹن کی مسلسل بچھائی کے لیے قائم کیا گیا۔ یہ دونوں ریکارڈ پہلی مرتبہ عالمی سطح پر بنگلورو–کڈپا–وجے واڑہ اکنامک کوریڈور کے چھ لین قومی شاہراہ منصوبے کے تحت قائم کیے گئے۔

اسی رفتار کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے، 11 جنوری 2026 کو دو مزید گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کیے گئے۔ ان میں 57,500 میٹرک ٹن بٹومینس کنکریٹ کی مسلسل بچھائی اور 156 لین کلومیٹر یا تین لین چوڑی 52 کلومیٹر طویل سڑک کی مسلسل پَیوِنگ شامل ہے، جس نے سابقہ عالمی ریکارڈ 84.4 لین کلومیٹر یا دو لین چوڑی 42.2 کلومیٹر طویل سڑک کو پیچھے چھوڑ دیا۔ یہ ریکارڈ ساز کارنامے بنگلورو–کڈپا–وجے واڑہ اکنامک کوریڈور کے پیکیج-2 اور پیکیج-3 میں انجام دیے گئے۔

این ایچ اے آئی نے کنسیشنائر ایم/ایس راج پتھ انفراکان پرائیویٹ لمیٹڈ کے اشتراک سے جدید ترین تعمیراتی آلات اور مشینری کے استعمال کے ذریعے یہ تاریخی کامیابی حاصل کی، جن میں 70 ٹپرز، پانچ ہاٹ مکس پلانٹس، ایک پیور اور 17 رولرز شامل تھے۔ سخت کوالٹی ایشورنس نظام کی معاونت سے اس پورے عمل کی کوالٹی کنٹرول کے لیے آئی آئی ٹی بمبئی سمیت ممتاز اداروں اور اصل آلات ساز اداروں (او ای ایمز) کی مدد لی گئی، تاکہ معیار اور حفاظت کے اعلیٰ ترین پیمانوں پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔

343 کلومیٹر طویل، رسائی سے کنٹرول شدہ چھ لین بنگلورو–کڈپا–وجے واڑہ اکنامک کوریڈور کو محفوظ، تیز رفتار اور دلکش سفری تجربے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس میں 17 انٹرچینجز، 10 وے سائیڈ سہولیات، 5.3 کلومیٹر طویل سرنگ شامل ہے، جبکہ تقریباً 21 کلومیٹر طویل حصہ جنگلاتی علاقے سے گزرتا ہے۔

نمایاں معاشی اور لاجسٹک فوائد فراہم کرتے ہوئے، تکمیل کے بعد یہ کوریڈور موجودہ 635 کلومیٹر کے مقابلے میں سفری فاصلہ 100 کلومیٹر کم کر کے 535 کلومیٹر تک لے آئے گا اور سفری وقت کو تقریباً چار گھنٹے کم کرتے ہوئے موجودہ بارہ گھنٹوں سے گھٹا کر لگ بھگ آٹھ گھنٹے کر دے گا۔ یہ کوریڈور بنگلورو کو وجے واڑہ سے جوڑ کر علاقائی رابطہ کاری کو نمایاں طور پر بہتر بنائے گا، رائلسیما خطے اور آندھرا پردیش کے ساحلی و شمالی علاقوں کے درمیان رسائی کو مضبوط کرے گا، نیز کوپارتھی انڈسٹریل نوڈ تک رابطے کو فروغ دے گا۔

یہ گنیز ورلڈ ریکارڈز این ایچ اے آئی کے اس عزم کی واضح شہادت ہیں کہ وہ عالمی معیار کی قومی شاہراہوں کا بنیادی ڈھانچہ فراہم کرے، جو محفوظ، مؤثر اور عالمی پیمانوں کے مطابق کوریڈورز کی تعمیر کے ذریعے ملک بھر میں معاشی ترقی اور علاقائی ترقی کو تقویت دینے کے لیے حکومتِ ہند کے وژن سے ہم آہنگ ہو۔

 

***

 

UR-428

(ش ح۔اس ک  )

 


(रिलीज़ आईडी: 2213493) आगंतुक पटल : 12
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Telugu