صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت
مرکزی وزارتِ صحت و خاندانی بہبود نے وائبرنٹ گجرات علاقائی نمائش 2026 میں جامع ہیلتھ پویلین قائم کیا
ہیلتھ پویلین میں وزارتِ صحت و خاندانی بہبود کے 12 فلیگ شپ پروگراموں کی نمائش کے لیے 26 اسٹالز قائم کیے گئے ہیں
وائبرنٹ گجرات علاقائی نمائش 2026 میں ہیلتھ پویلین ایک بڑی توجہ کا مرکز بن کر ابھرا
प्रविष्टि तिथि:
11 JAN 2026 6:39PM by PIB Delhi
صحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت ) ایم او ایچ ایف ڈبلیو) نے حکومتِ ہند کے فلیگ شپ صحت پروگراموں کی نمائش کے لیے وائبرنٹ گجرات علاقائی نمائش 2026 میں ایک جامع ہیلتھ پویلین قائم کیا ہے۔ یہ نمائش گجرات کے شہر راجکوٹ میں واقع مارواڑی یونیورسٹی میں 11 سے 15 جنوری 2026 تک منعقد کی جا رہی ہے۔

تقریباً 700 مربع میٹر رقبے پر محیط ہیلتھ پویلین کا آج مرکزی وزارتِ صحت و خاندانی بہبود کے سینئر افسران نے ریاستی حکومت اور ضلعی صحت حکام کے نمائندوں کے ساتھ مشترکہ طور پر افتتاح کیا۔“سوستھ بھارت، شریشٹھ بھارت” کے موضوع پر ترتیب دیا گیا یہ پویلین عوامی صحت کے نظام کو مضبوط بنانے اور ایک صحت مند، باحوصلہ اور بااختیار معاشرے کے فروغ کے لیے حکومتِ ہند کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

یہ پویلین مرکزی وزارتِ صحت و خاندانی بہبود کے 12 پروگرام ڈویژنز کی نمائندگی کرنے والے 26 اسٹالز پر مشتمل ہے، جن میں ریاستی حکومت اور ضلعی صحت حکام کی فعال شرکت شامل ہے۔ یہ اسٹالز لوگوں کو مفت، صحت سے متعلق متنوع خدمات، معلوماتی معاونت اور آگاہی سرگرمیاں فراہم کر رہے ہیں۔ رسائی میں آسانی اور باخبر شرکت کو یقینی بنانے کے لیے، فراہم کی جانے والی خدمات کی پروگرام ڈویژن وار فہرست پویلین کے دونوں داخلی راستوں پر نمایاں طور پر آویزاں کی گئی ہے۔

نمائش میں وزارت کی شرکت کا مقصد احتیاطی صحت تدابیر کو فروغ دینا، حکومت کے مختلف صحت پروگراموں کے بارے میں عوامی آگاہی میں اضافہ کرنا اور کمیونٹی کی فعال شمولیت کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ عوام تک مؤثر رسائی اور باہمی رابطے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پویلین کو معلوماتی اور دلکش انداز میں تیار کیا گیا ہے، جہاں ایک مخصوص انٹرایکٹو زون قائم کیا گیا ہے تاکہ صحت سے متعلق پیغامات جدید اور آسان انداز میں عام کیے جا سکیں۔
افتتاح کے بعد مقامی ٹی بی چیمپئنز—یعنی وہ افراد جو تپِ دق (ٹی بی) سے کامیابی کے ساتھ صحت یاب ہو چکے ہیں—نے اپنے تجربات شیئر کیے اور علاج اور بحالی کے پورے عمل کے دوران حکومتی اقدامات کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔اس کے علاوہ پیئر پی ایل ایچ آئی وی (ایچ آئی وی کے ساتھ زندگی گزارنے والے افراد) نے بھی اپنے تجربات پیش کیے، جن میں انہوں نے ایچ آئی وی/ایڈز سے متاثرہ افراد کے لیے علاج تک رسائی، نفسیاتی و سماجی معاونت اور مجموعی معیارِ زندگی میں بہتری لانے میں مرکزی وزارتِ صحت و خاندانی بہبود کی مداخلتوں کے مثبت اثرات کو نمایاں کیا۔

ہیلتھ پویلین کو بین الاقوامی مندوبین سمیت عوام کی جانب سے نہایت حوصلہ افزا ردِعمل حاصل ہوا ہے اور یہ وائبرنٹ گجرات ریجنل نمائش 2026 میں ایک نمایاں توجہ کا مرکز بن کر ابھرا ہے۔ عوامی سطح پر مسلسل شمولیت اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ حکومتِ ہند کی جانب سے عوامی صحت کے نظام کو مضبوط بنانے اور جامع، قابلِ رسائی اور معیاری صحت خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی جاری کوششوں پر اعتماد اور آگاہی میں اضافہ ہو رہا ہے۔
مرکزی وزارتِ صحت و خاندانی بہبود نے مسلسل اختراع، ریاستوں اور متعلقہ شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون، اور ملک بھر میں عوام پر مرکوز صحت اقدامات کے نفاذ کے ذریعے ’’سوستھ بھارت، شریشٹھ بھارت‘‘ کے وژن کو آگے بڑھانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 424 )
(रिलीज़ आईडी: 2213488)
आगंतुक पटल : 7