وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

این سی سی یومِ جمہوریہ کیمپ 2026 کا دہلی کینٹ میں شاندار آغاز


این سی سی نے ملک بھر کے 90 فیصد سے زائد اضلاع تک اپنی رسائی کو وسعت دی ہے: ڈی جی این سی سی

प्रविष्टि तिथि: 03 JAN 2026 5:32PM by PIB Delhi

نیشنل کیڈیٹ کور (این سی سی) کا یومِ جمہوریہ کیمپ (آر ڈی سی) 2026 دہلی کینٹ میں واقع ڈی جی این سی سی کیمپ میں نہایت جوش و خروش اور رسمی وقار کے ساتھ شروع ہوا۔ اس سال آر ڈی کیمپ میں مجموعی طور پر 2,406 کیڈیٹس شرکت کر رہے ہیں، جن میں جموں و کشمیر اور لداخ سے 127 کیڈیٹس اور شمال مشرقی خطے سے 131 کیڈیٹس شامل ہیں۔ اس کے علاوہ یوتھ ایکسچینج پروگرام (وائی ای پی) کے تحت 25 دوست ممالک کے کیڈٹس اور افسران بھی اس کیمپ میں حصہ لیں گے۔

ڈائریکٹر جنرل، این سی سی لیفٹیننٹ جنرل وریندر وتس نے این سی سی برادری کو 77 برس کی کامیاب خدمات کی تکمیل پر مبارکباد پیش کی۔ یومِ جمہوریہ کیمپ کی اہمیت کو دہراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کیمپ کیڈیٹس کو ملک کے بھرپور ثقافتی ورثے اور روایات سے روشناس کرانے کا ایک اہم پلیٹ فارم ہے، خصوصاً اُن اہم تقاریب کے ذریعے جو یومِ جمہوریہ سے قبل قومی دارالحکومت میں منعقد ہوتی ہیں۔

میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ملک بھر کے 90 فیصد سے زائد اضلاع میں این سی سی یونٹس کی بڑھتی ہوئی موجودگی کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ این سی سی کے قیام کے وقت 1948 میں کیڈیٹس کی تعداد تقریباً 20 ہزار تھی، جو اب بڑھ کر تقریباً 20 لاکھ ہو چکی ہے، جن میں 40 فیصد لڑکیاں شامل ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل وتس نے مختلف کیمپوں کے ذریعے نوجوانوں میں کردار سازی اور نظم و ضبط پیدا کرنے میں این سی سی کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔

انہوں نے بتایا کہ سال 2025 میں این سی سی نے 1,665 سالانہ تربیتی کیمپ، 6 خصوصی قومی یکجہتی کیمپ اور 33 ایک بھارت شریشٹھ بھارت کیمپ منعقد کیے، جن کا مقصد مختلف خطوں اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے کیڈیٹس کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینا اور باہمی ربط کو مضبوط بنانا تھا۔ اس کے علاوہ معمول کی مہماتی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ این سی سی نے درج ذیل سرگرمیاں بھی انجام دیں:

  • ماؤنٹ ایورسٹ تک خصوصی کوہ پیمائی مہم۔
  • آپریشن سندور کے دوران تقریباً 75 ہزار کیڈیٹس نے شرکت کی، جنہوں نے سول انتظامیہ کی معاونت کی اور طبی امداد فراہم کی، جن میں رضاکارانہ خون کا عطیہ بھی شامل ہے۔
  • وائبرنٹ ولیجز پروگرام کے تحت سرحدی علاقوں میں رسائی اور رابطہ مہم۔
  • ایک پیڑ ماں کے ناممہم کے تحت 8 لاکھ درخت لگائے گئے۔
  • وکست بھارت ینگ لیڈرز ڈائیلاگ کوئز میں 4 لاکھ سے زائد کیڈیٹس نے شرکت کی۔
  • بین الاقوامی یومِ یوگا کے موقع پر 8 لاکھ سے زائد کیڈیٹس نے حصہ لیا۔
  • سوچھ اتسو میں 50 ہزار سے زائد کیڈیٹس شریک ہوئے۔
  • وندے ماترمکی 150 سالہ تقریبات میں 6 لاکھ کیڈیٹس نے شرکت کی۔
  • چار ریموٹ پائلٹ ٹریننگ آرگنائزیشنز (آر پی ٹی اوز) میں کیڈیٹس کو ڈرون اُڑانے کی تربیت فراہم کی گئی۔
  • اسکل منتھن ورکشاپس کے تحت 3,000 کیڈیٹس کو تربیت دی گئی۔
  • آئیڈیا اینڈ انوویشن مقابلے کے دوران 340 کیڈیٹس نے 85 اسٹارٹ اپ خیالات اور حل پر کام کیا۔

جاری مہمات کے بارے میں بات کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل وتس نے بتایا کہ انڈمان و نکوبار کے 21 غیر آباد جزیروں کے گرد ایک خصوصی سیلنگ مہم جاری ہے جو پرم ویر چکر ایوارڈ یافتگان کے نام منسوب ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو سائیکلنگ مہمات بھی منعقد کی جا رہی ہیں، جن کا مقصد اہم سنگِ میلوں، سماجی اصلاحی سرگرمیوں اور ویر برسا منڈا اور پیشوا باجی راؤ کی وراثت کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے۔ اس کے علاوہ وزارتِ داخلہ (ایم ایچ اے) کی جانب سے مارچ 2026 تک یووا آپدا مترا اسکیم کے تحت قومی آفات نظم و نسق اتھارٹی کے اشتراک سے تربیت کے لیے 315 اضلاع سے تقریباً 94,400 این سی سی کیڈیٹس کو نامزد کیا گیا ہے۔

اس کیمپ کا دورہ متعدد معزز شخصیات کریں گی، جن میں نائب صدرِ جمہوریہ، وزیرِ دفاع، وزیرِ مملکت برائے دفاع، وزیر اعلیٰ دہلی، سکریٹری دفاع، چیف آف ڈیفنس اسٹاف اور بریہ، بحریہ اور فضائیہ کے سربراہان شامل ہیں۔ کیمپ کی سرگرمیوں کا اختتام 28 جنوری 2025 کو وزیراعظم کی ریلی کے ساتھ ہوگا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/WhatsAppImage2026-01-03at4.58.11PMN2AL.jpeg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/WhatsAppImage2026-01-03at4.58.20PMTJSP.jpeg

******

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-103


(रिलीज़ आईडी: 2211127) आगंतुक पटल : 26
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Marathi , Tamil