نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

نائب صدر جمہوریہ نے پڈوچیری یونیورسٹی کی 30ویں کانووکیشن سے خطاب کیا، فارغ التحصیل طلبہ کو ”وکست بھارت @2047“ کے معمار قرار دیا

प्रविष्टि तिथि: 29 DEC 2025 6:45PM by PIB Delhi

نائب صدر جمہوریہ ہند جناب سی پی رادھا کرشنن نے آج پڈوچیری یونیورسٹی کی 30ویں کانووکیشن سے خطاب کیا اور فارغ التحصیل طلبا پر زور دیا کہ وہ ملک کی تعمیر کی ذمہ داری سنبھالیں، اور انہیں ”وکست بھارت @2047“ کے معمار قرار دیا۔

فارغ التحصیل طلبا کو مبارکباد دیتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ کانووکیشن محض تعلیمی کامیابی کی تقریب نہیں، بلکہ ایک سنجیدہ لمحہ ہے جو زیادہ بڑی ذمہ داری کی طرف منتقلی کی علامت ہے۔ انہوں نے گریجویٹس کو یاد دلایا کہ ان کی ڈگریوں کے ساتھ یہ فرض بھی وابستہ ہے کہ وہ اپنے علم کو معاشرے اور قوم کی ترقی کے لیے بروئے کار لائیں۔

پڈوچیری کو ثقافتی اور روحانی ورثے کی سرزمین قرار دیتے ہوئے نائب صدر نے سبرامنیا بھارتی، بھارتیداسن اور شری اروندو جیسے عظیم شعرا اور مفکرین کے دیرپا اثرات کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ شری اروندو کا فلسفہ علم، روحانیت اور عمل کو یکجا کر کے اعلیٰ تعلیم کی رہنمائی کرتا ہے اور ایسے اذہان کی آبیاری کرتا ہے جو قومی ترقی اور عالمی ہم آہنگی میں کردار ادا کر سکیں۔

نائب صدر نے پڈوچیری یونیورسٹی کو این اے اے سی کی پانچویں مرحلے کی جانچ میں باوقار اے پلس گریڈ حاصل کرنے پر مبارکباد دی اور اس کے عالمی اشتراک کو سراہا، جس میں قومی و بین الاقوامی اداروں کے ساتھ 113 مفاہمتی یادداشتیں شامل ہیں۔ انہوں نے اسٹینفورڈ یونیورسٹی کی سرکردہ سائنسدانوں کی فہرست میں یونیورسٹی کے 28 اساتذہ کے شامل ہونے کو بھی سراہا اور اسے یونیورسٹی کی علمی عمدگی کا ثبوت قرار دیا۔

وکست بھارت @2047 کی جانب بھارت کے سفر کو اجاگر کرتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی جانب سے پیش کردہ وژن ایک خوشحال، شمولیتی اور ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر کے لیے جامع روڈ میپ فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ قومی تعلیمی پالیسی 2020 ایک بنیادی تبدیلی کی نمائندگی کرتی ہے۔

نائب صدر نے وزارت تعلیم کے اہم اقدامات جیسے پی ایم-اوشا، سویم، دکشا اور نیشنل ڈیجیٹل لائبریری کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ یہ اقدامات معیاری تعلیم تک رسائی کو جمہوری بناتے ہیں اور اس یقین کی عکاسی کرتے ہیں کہ تعلیم سب کا حق ہونی چاہیے، چند افراد کی مراعت نہیں۔

طلبا کو مصنوعی ذہانت، آٹومیشن، بایوٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل رابطہ کاری کے ذریعے دنیا میں تیزی سے آنے والی تبدیلیوں کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے انہوں نے متوازن طرز فکر اپنانے پر زور دیا۔ انہوں نے نوجوانوں سے یہ بھی کہا کہ وہ منشیات کو پختگی سے ”نہ“ کہیں اور اپنے ساتھیوں کو بھی اس کی ترغیب دیں۔

قدیم تمل متن نالدیار کے حوالے سے نائب صدر نے طلبا کو یاد دلایا کہ اگرچہ علم لامحدود ہے، لیکن اسے حاصل کرنے کا وقت محدود ہوتا ہے۔ انہوں نے گریجویٹس پر زور دیا کہ وہ معلومات کے وسیع سمندر میں سے اس چیز کو پہچانیں اور جذب کریں جو قیمتی، اخلاقی اور بامعنی ہو۔

انہوں نے اختتام پر گریجویٹس سے اپیل کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کی تعلیم انہیں اچھا انسان، ذمہ دار شہری اور سماجی شعور رکھنے والا پیشہ ور بنائے، جہاں علم کی رہنمائی عاجزی پیدا کرے، ٹیکنالوجی کی رہنمائی انسانی اقدار پیدا کریں اور کامیابی کی بنیاد سماجی ذمہ داری ہو۔

اس تقریب میں لیفٹیننٹ گورنر پڈوچیری جناب کے کیلاش ناتھن، وزیر اعلیٰ جناب این رنگاسامی اور پڈوچیری یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر پی پرکاش بابو سمیت دیگر معززین نے شرکت کی۔

*********

 

ش ح۔ ف ش ع

                                                                                                                                       U: 4007


(रिलीज़ आईडी: 2209634) आगंतुक पटल : 6
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: Tamil , English , हिन्दी , Marathi , Bengali , Malayalam