امور صارفین، خوراک اور عوامی تقسیم کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیر جناب پرہلاد  جوشی نے صارفین کی حفاظت اور مصنوعات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے اگربتیوں کے لیے نیا بی آئی ایس  معیار جاری کیا

प्रविष्टि तिथि: 26 DEC 2025 3:42PM by PIB Delhi

صارفین کے امور، خوراک اور عوامی تقسیم کے مرکزی وزیر جناب پرہلاد جوشی نے آئی ایس 19412:2025 – اگربتی - تفصیلات، ایک بھارتی معیار، جو کہ بھارتی معیار بیورو (بی آئی ایس ) نے تیار کیا ہے، جاری کیا۔ یہ معیار صارفین کے قومی دن 2025 کے موقع پر بھارت منڈپم، نئی دہلی میں جاری کیا گیا۔

نئے نوٹیفائی شدہ معیار میں ان کیمیکلز اور مصنوعی خوشبو دار اجزاء کے استعمال پر پابندی کی وضاحت کی گئی ہے جو انسانی صحت، اندرون خانہ ہوا کے معیار اور ماحول کے لیے خطرہ پیدا کر سکتے ہیں۔ ان مسائل کے حل کے لیے، آئی ایس  19412:2025 اگربتیوں میں استعمال کے لیے ممنوعہ مادوں کی فہرست فراہم کرتا ہے۔ اس میں کچھ کیڑے مار کیمیکلز جیسے الیتھرن، پرمی تھرن، سائپرمی تھرن، ڈیلٹا می تھرن اور فیپرونل اور مصنوعی خوشبو کے درمیانی اجزاء جیسے بینزیل سائی نائیڈ، ایتھائل ایکریلیٹ اور ڈائی فینائل امائن شامل ہیں۔ ان میں سے کئی مادوں پر بین الاقوامی سطح پر پابند ی عائد ہے،کیونکہ یہ انسانی صحت، اندرون خانہ ہوا کے معیار اور ماحولیاتی حفاظت پر اثر ڈال سکتے ہیں۔

صارفین کی حفاظت، اندرون خانہ ہوا کے معیار، ماحولیاتی پائیداری اور انضباطی تعمیل کے پیش نظر — ساتھ ہی دنیا بھر میں کچھ خوشبو دار مرکبات اور کیمیکلز پر عالمی پابندیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے — اگربتیوں کے لیے ایک مخصوص بھارتی معیار کی ضرورت کو اجاگر کیا گیا ہے۔ یہ معیار اگربتیوں کو مشینی، دستی اور روایتی مصالحہ دار اگربتیوں میں تقسیم کرتا ہے اور خام مال، جلنے کے معیار، خوشبو کی کارکردگی اور کیمیائی پیمانوں کے لیے ضروری شرائط مقرر کرتا ہے، جس سے صارفین کے لیے محفوظ مصنوعات اور مستقل معیار یقینی بنتا ہے۔

اس معیار کے مطابق وہ مصنوعات ، بی آئی ایس اسٹینڈرڈ مارک کے اہل ہوں گی، جس سے صارفین بھروسے کے ساتھ فیصلہ کر سکیں گے۔ آئی ایس 19412:2025 کی نوٹیفکیشن سے توقع کی جاتی ہے کہ صارفین کا اعتماد بڑھے گا، اخلاقی اور پائیدار پیداوار کے عمل کو فروغ ملے گا، روایتی روزگار کو تحفظ ملے گا اور بھارتی اگربتی مصنوعات کے لیے عالمی مارکیٹ تک رسائی میں اضافہ ہوگا۔

یہ معیار بی آئی ایس  کی خوشبو اور ذائقہ سیکشنل کمیٹی (پی سی ڈی 18) نے متعلقہ فریقین کے ساتھ وسیع مشاورت کے ذریعے تیار کیا ہے۔ سی ایس آئی آر–سینٹرل انسٹی ٹیوٹ آف میڈیسنل اینڈ ایرو میٹک پلانٹس (سی آئی ایم اے پی) ، سی ایس آئی آر –انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹوکسی کولوجی ریسرچ (آئی آئی ٹی آر) ، سی ایس آئی آر –سینٹرل فوڈ ٹیکنالوجیکل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (سی ایف ٹی آر آئی) ، فرینگرینس اینڈ فلیور ڈیولپمنٹ سینٹر (ایف ایف ڈی سی) ، کانپور، اور آل انڈیا اگربتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ماہرین نے اس کی تیاری میں تعاون کیا۔

بھارت دنیا کا سب سے بڑا اگربتی تیار کرنے اور برآمد کرنے والا ملک ہے، جس کی صنعت کا تخمینہ تقریباً 8,000 کروڑ روپے سالانہ ہے اور تقریباً 1,200 کروڑ روپے کی برآمدات 150 سے زائد ممالک میں کی جاتی ہیں۔ یہ شعبہ خاص طور پر دیہی اور نیم شہری علاقوں میں کاریگروں، چھوٹے و درمیانے کاروباروں (ایم ایس ایم ایز) اور چھوٹے کاروباری افراد کے لیے ایک وسیع ماحولیاتی نظام فراہم کرتا ہے اور خاص طور پر خواتین کے لیے اہم روزگار کے مواقع مہیا کرتا ہے۔

انسینس اسٹکس، جو عوام میں اگربتی کے نام سے مقبول ہیں، بھارت کی ثقافتی اور مذہبی رسومات کا ایک لازمی حصہ ہیں اور گھروں، عبادت گاہوں، میڈیٹیشن مراکز اور ویلنس اسپیسز میں وسیع پیمانے پر استعمال ہوتی ہیں۔ یوگا، میڈیٹیشن ، اروما تھراپی اور مجموعی فلاح و بہبود میں عالمی دلچسپی کے بڑھنے کے ساتھ اگربتی مصنوعات کی مانگ میں گھریلو اور بین الاقوامی مارکیٹ دونوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

 

**************

ش ح ۔ ش ب۔ م الف

U. No.3947


(रिलीज़ आईडी: 2208911) आगंतुक पटल : 10
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , Marathi , हिन्दी , Tamil