ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت
مرکزی وزیر ماحولیات نے دہلی اور سونی پت کے فضائی آلودگی میں کمی کرنے کے ایکشن پلان پر اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی، جو دہلی-این سی آر کے لیے جائزہ میٹنگوں کی سیریز میں تیسری میٹنگ تھی
جناب بھوپیندر یادو نے آلودگی کے ذرائع کی نشاندہی کرنے اور قابل عمل حل تیار کرنے کے لیے ایک عملی نقطہ نظر اپنانے، عام لوگوں کو پریشان کرنے کے بجائے زیادہ آلودگی پھیلانے والوں کو نشانہ بنانے پر زور دیا
بے جا قبضے کو ہٹائیں، پرانی ویسٹ ڈمپ سائٹس کو ختم کریں؛ لاسٹ مائل پبلک ٹرانسپورٹ کنیکٹیویٹی کو بہتر بنائیں، دہلی میں ٹریفک کے زیادہ اوقات کے دوران سگنل سے پاک نقل و حرکت کے لیے روڈ کوریڈور کی شناخت کریں: جناب یادو
प्रविष्टि तिथि:
17 DEC 2025 3:57PM by PIB Delhi
مرکزی وزیر برائے ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی، جناب بھوپیندر یادو نے آج ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی، جس میں دہلی اور سونی پت کے بلدیاتی اداروں کے ایکشن پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، تاکہ دہلی-این سی آر کے شہروں میں فضائی آلودگی سے نمٹا جا سکے۔ یہ مقررہ پیرامیٹر اور فارمیٹ کے مطابق کیے جانے والے منظم جائزوں کے جاری سلسلے کی تیسری میٹنگ تھی، جو وزیر کی ہدایت کے مطابق 03.12.2025 کو ہونے والی سابقہ میٹنگ میں طے کی گئی تھی۔
وزیر نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ زمینی حقائق کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیں، این سی آر میں آلودگی کے بڑے ذرائع کی نشاندہی کریں، اور عملی اور قابلِ نفاذ حل وضع کریں۔ قومی دارالحکومت کی عالمی شبیہ بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے جناب یادو نے فضائی آلودگی سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے پورے نظام حکومت اور پورے معاشرے پر مشتمل نقطۂ نظر کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ تعمیر و انہدام کی سرگرمیوں کی اجازت اس وقت تک نہ دی جائے جب تک تعمیراتی مقام کے 10 کلومیٹر کے دائرے میں سی اینڈ ڈی فضلے کی ہینڈلنگ اور پروسیسنگ کے لیے انفراسٹرکچر کی نشاندہی اور اس کی تشکیل نہ کر لی جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت دی کہ این سی آر میں آلودگی کے عروج کے عرصے، یعنی اکتوبر سے دسمبر کے دوران، انہدام پر پابندی کے لیے ضروری انتظامات کیے جائیں اور قواعد میں ترمیم تک عبوری طور پر فوری ہدایات جاری کی جائیں۔ این سی آر کے شہروں میں فوراً معائنہ مہمات شروع کرنے کے احکامات بھی دیے گئے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی گئی۔ اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ چالان کرنا بذات خود مقصد نہیں ہونا چاہیے، وزیر نے عملی نقطۂ نظر اپنانے کی بات کہی، جس میں عام لوگوں کو بلا وجہ زحمت دینے کے بجائے بڑے آلودگی پھیلانے والوں کو ہدف بنایا جائے۔ انہوں نے کہا: ”اسٹیک ہولڈر کی حوصلہ افزائی کریں، عوام کو قائل کریں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سختی سے کارروائی کریں۔“
جناب یادو نے یہ بھی ہدایت دی کہ دہلی میں کثیر منزلہ پارکنگ سہولیات کی مناسب جگہوں پر تنصیب یقینی بنائی جائے، تاکہ وہ خود ٹریفک جام کا سبب نہ بنیں۔ انہوں نے شہر میں ٹریفک ازدحام کے 62 شناخت شدہ ہاٹ اسپاٹ سے غیر قانونی پارکنگ اور تجاوزات ہٹانے کی ہدایت کی۔ دہلی پولیس کے اشتراک سے ایک تفصیلی منصوبہ تیار کیا جائے گا تاکہ سڑکوں کے کوریڈور کی نشاندہی کی جا سکے اور مصروف ترین ٹریفک کے اوقات کے دوران سگنل فری آمدورفت ممکن بنائی جا سکے۔ ان کوریڈورز پر بی ایس۔IV معیار سے کم معیار والی گاڑیوں کو چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے بلدیاتی ٹھوس فضلہ کے ڈمپ سائٹ پر ویسٹ ٹو انرجی پلانٹس کی توسیع کے امکانات تلاش کرنے اور عوامی شمولیت کے ذریعے شجرکاری/ سبزہ کاری کے لیے کھلی جگہوں کی نشاندہی کرنے کی بھی ہدایت دی، جس میں پارکس اور آبی ذخائر کو گود لینے جیسے اقدامات بھی شامل ہوں۔
دہلی کے میونسپل کارپوریشن کو ہدایت دی گئی کہ وہ ایک ہمہ جہت (360 ڈگری) حکمتِ عملی اپنائے، جس میں قانون سازی میں اصلاحات، نفاذِ قانون کی کارروائیاں، اور ان افراد کے لیے متبادل حل فراہم کرنا شامل ہو جو تجاوزات میں رہائش یا کام کر رہے ہیں۔ یہ اقدامات ٹائیگر ریزروز میں اختیار کیے گئے رضاکارانہ نقل مکانی کے ماڈل کی طرز پر ہوں، تاکہ ٹریفک ازدحام اور آلودگی کے مراکز کو ختم کیا جا سکے۔ وزیر نے اوکھلا، بھلسوا اور غازی پور کے پرانے فضلہ ڈمپ سائٹ کے خاتمے کے عمل کو تیز کرنے کی بھی ہدایت کی، تاکہ 2026 کے آخر تک قابلِ مشاہدہ نتائج حاصل کیے جا سکیں۔ انہوں نے سڑکوں سے آوارہ جانوروں کو ہٹانے پر بھی زور دیا، تاکہ حادثات اور ٹریفک جام سے بچا جا سکے۔ اس کے علاوہ، کمیشن برائے فضائی معیار نظم سے درخواست کی گئی کہ وہ صنعتی یونٹ کے پی این جی پیداوار اور استعمال کے بلوں کا تجزیہ کرے، تاکہ آلودگی پھیلانے والی اکائیوں کے صاف ایندھن پر منتقلی کی حقیقی پیش رفت کا اندازہ لگایا جا سکے۔
اجلاس میں سیکریٹری (وزارت ماحولیات، جنگلات و موسمیاتی تبدیلی)، کمیشن برائے فضائی معیار نظم کے چیئرمین، وزارت ماحولیات، جنگلات و موسمیاتی تبدیلی کے سینیئر افسران، مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ اور دہلی آلودگی کنٹرول کمیٹی کے نمائندگان، حکومت قومی دارالحکومت خطہ دہلی کے سیکریٹری (ماحولیات و جنگلات) اور دہلی و سونی پت کے میونسپل کمشنروں نے شرکت کی۔
***********
ش ح۔ ف ش ع
U: 3419
(रिलीज़ आईडी: 2205575)
आगंतुक पटल : 13