وزارات ثقافت
مرکزی وزیر کرن رجیجو بدھ کے مقدس آثار کی واپسی کے لیے وفد کی قیادت کرتے ہوئے بھوٹان پہنچے
بدھ کے مقدس آثار 25 نومبر کو بھارت واپس لائے جائیں گے، جو بھارت۔بھوٹان روحانی تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل ہے
Posted On:
24 NOV 2025 7:41PM by PIB Delhi
پارلیمانی امور اور اقلیتی امور کے مرکزی وزیر، جناب کرن رجیجو آج دوپہر بھوٹان پہنچے۔ وہ اس سرکاری وفد کا حصہ ہیں جو بھگوان بدھ کے مقدس آثار کی واپسی کی نگرانی کر رہا ہے، جن کی 8 نومبر 2025 سے بھوٹان میں عقیدت کے ساتھ عوامی نمائش کی گئی تھی۔

پارو ہوائی اڈّے پر پہنچتے ہی وزیر موصوف نے مقدس آثار کی واپسی کے باضابطہ عمل کا آغاز کیا۔ بھوٹان میں قیام کے دوران ان آثار نے ہزاروں عقیدت مندوں کی بے مثال عقیدت اور گہری روحانی وابستگی کو اپنی جانب متوجہ کیا۔

دورے کے دوران، جناب کرن رجیجو کو بھوٹان کے وزیراعظم عزت مآب داشو شیرنگ توگے سے ملاقات کا اعزاز حاصل ہوا۔ یہ گرمجوش اور خوشگوار تبادلہ بھارت اور بھوٹان کی دوستی کی اس پائیدار گہرائی کا عکاس تھا جو باہمی اعتماد، احترام، مشترکہ اقدار اور ثقافتی ہم آہنگی پر قائم ہے۔ وزیر موصوف نے مقدس آثار کے لیے بھوٹان کی دلی عقیدت پر گہری قدردانی کا اظہار کیا اور اس بات کی نشاندہی کی کہ بھگوان بدھ کی روحانی میراث دونوں ممالک کے درمیان ہم آہنگی کے رشتوں کو مزید مضبوط کرتی رہتی ہے۔

اس موقع کے حصے کے طور پر، دونوں فریقوں نے مشترکہ طور پر گرو رنپوچے سے منسوب 23 مقدس مقامات پر مشتمل ایک کتابچہ جاری کیا، جس نے ان کے مشترکہ ثقافتی اور روحانی ورثے کی دوبارہ توثیق کی۔ یہ کتابچہ بین الاقوامی بدھسٹ کنفیڈریشن (آئی بی سی) اور وزارتِ ثقافت، حکومتِ ہند نے انگریزی میں تیار کیا ہے، جبکہ اسے بھوٹان میں بھارتی سفارتخانے نے زونگکھا زبان میں ترجمہ کیا ہے۔

جناب رجیجو نے کہا کہ بھارت اور بھوٹان کے تعلقات ’’ایک لازوال روحانی بندھن ہیں جو صدیوں سے جاری ہے—پہاڑوں کی طرح مضبوط اور دل کے رشتوں کی طرح پاکیزہ۔‘‘

آج صبح وزیر موصوف فضائیہ اسٹیشن پالم سے روانہ ہوئے تاکہ وہ خود ان مقدس آثار کو بھارت واپس لے کر آئیں—جو بھارت اور بھوٹان کے درمیان ثقافتی تعاون کے ایک گہرے اور باوقار لمحے کی علامت ہے۔

مقدس بدھ مت کے آثار 25 نومبر 2025 کو بھارت واپس لائے جائیں گے، جو دونوں ممالک کے مشترکہ بدھ مت ورثے کی علامت ہیں اور علاقائی ہم آہنگی، روحانی سفارت کاری اور ثقافتی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے بھارت کے عزم کی توثیق کرتے ہیں۔
یہ تاریخی اور اہم منتقلی بھارت اور بھوٹان کے درمیان گہرے، قدیم اور مسلسل مضبوط ہوتے رشتوں کی ایک اور نمایاں مثال ہے۔
************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 1750 )
(Release ID: 2193806)
Visitor Counter : 5