ٹیکسٹائلز کی وزارت
ہندوستان اور افغانستان کے درمیان ٹیکسٹائل شعبے میں تعاون مضبوط بنانے پر تبادلۂ خیال
Posted On:
24 NOV 2025 7:12PM by PIB Delhi
افغانستان کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے، جس کی قیادت ڈائریکٹر جنرل برائے اقتصادی تعلقات جناب شفیع اللہ اعظم کر رہے تھے، 24 نومبر 2025 کو نئی دہلی میں ہندوستانی وفد کے ساتھ ملاقات کی۔ ہندوستانی وفد کی قیادت وزارتِ ٹیکسٹائل، حکومتِ ہند کے تجارتی مشیر جناب اے۔ بپن مینن نے کی۔ اس ملاقات کا مقصد ٹیکسٹائل شعبے میں معاشی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے مواقع تلاش کرنا تھا۔دورہ کرنے والے وفد نے افغانستان کی اس ترجیح پر زور دیا کہ ملک میں ٹیکسٹائل کے ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنایا جائے، روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں، اور اُن کسانوں کے لیے تربیتی سہولیات میں بہتری لائی جائے جو سوت اور ٹیکسٹائل ویلیو چین میں شامل ہو رہے ہیں۔

ہندوستان اور افغانستان کے درمیان ٹیکسٹائل تجارت کے تعلقات مضبوط باہمی مطابقت کی عکاسی کرتے ہیں۔ 2024 میں ہندوستان افغانستان کو ٹیکسٹائل اور ملبوسات کا دوسرا سب سے بڑا سپلائر تھا، جس کی برآمدات 68.7 ملین امریکی ڈالر تک پہنچیں۔ افغانستان نے اسی سال عالمی سطح پر ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی 742.8 ملین امریکی ڈالر مالیت کی درآمدات کیں، اور اس نے دنیا کے دوسرے سب سے بڑے سوت پیدا کرنے والے ملک کی حیثیت سے ہندوستان کی مہارت سے استفادہ کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقوں نے باہمی تعاون کے مختلف امکانات پر تبادلۂ خیال کیا، جن میں افغان کپاس کے کاشتکاروں کے لیے تکنیکی معاونت اور تربیت، سامان کی ترسیل اور ویزوں میں سہولت، اور دونوں ممالک کی صنعتی تنظیموں کے درمیان قریبی رابطوں کا فروغ شامل تھا۔ وزارتِ ٹیکسٹائل نے افغانستان کو بھارت ٹیکس 2026 میں شرکت کی بھی ترغیب دی۔
ملاقات ایک مثبت اور تعمیری نوٹ پر اختتام پذیر ہوئی، جہاں دونوں جانب نے مستقبل میں ٹیکسٹائل شعبے میں تعاون میں مزید اضافہ کرنے کی صلاحیت کو تسلیم کیا۔
************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 1748 )
(Release ID: 2193767)
Visitor Counter : 4