وزیراعظم کا دفتر
وزیراعظم نے جوہانسبرگ میں منعقد جی–20 رہنماؤں کے اجلاس کے موقع پر جاپان کے وزیراعظم سے ملاقات کی
Posted On:
23 NOV 2025 9:46PM by PIB Delhi
عزت مآب وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں جی–20 رہنماؤں کے سربراہ اجلاس کے موقع پر جاپان کی وزیر اعظم محترمہ سنائے تاکائچی سے دو طرفہ ملاقات کی۔ یہ ملاقات 29 اکتوبر 2025 کی ٹیلی فونک گفتگو کے بعد وزیر اعظم مودی اور وزیر اعظم تاکائچی کی پہلی بالمشافہ ملاقات تھی۔
دونوں رہنماؤں نے ہندوستان اور جاپان کے خصوصی اسٹریٹجک اور عالمی شراکت داری کی اہمیت کو ایک بار پھر اجاگر کیا، جو تہذیبی رشتوں، مشترکہ اقدار، باہمی خیرسگالی اور آزاد و کھلے ہند بحرالکاہل کے عزم پر قائم ہے۔ دونوں قائدین نے علاقائی اور عالمی امن، خوشحالی اور استحکام کے لیے ہندوستان-جاپان شراکت داری کو مزیدمضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے 15ویں ہندوستان-جاپان سالانہ سربراہ اجلاس کے دوران دو طرفہ تعلقات میں ہونے والی مسلسل پیش رفت کا اعتراف کیا اور دفاع و سلامتی، تجارت و سرمایہ کاری، ایس ایم ایز، مصنوعی ذہانت، اہم معدنیات، سیمی کنڈکٹرز، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، ٹیکنالوجی و اختراع اور عوامی روابط سمیت وسیع شعبوں میں جن نتائج پر اتفاق ہوا اس پرفوری عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے اسٹریٹجک شعبوں میں تعاون کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا اور علاقائی و عالمی امور پر اپنے خیالات کا تبادلہ کیا۔ وزیر اعظم تاکائچی نے فروری 2026 میں ہندوستان کی میزبانی میں ہونے والی اے آئی سمٹ کے لیے بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔
دونوں قائدین نے اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان اور جاپان ایک دوسرے کے قابلِ قدر شراکت دار اور بااعتماد دوست ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات علاقائی اور عالمی امن، خوشحالی اور استحکام کے لیے ناگزیر ہیں۔
آخر میں دونوں رہنماؤں نے رابطہ برقرار رکھنے اور جلداگلی ملاقات کرنے پر اتفاق کیا۔
********
(ش ح ۔ع ح۔ع ر)
U. No. 1689
(Release ID: 2193369)
Visitor Counter : 6