نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

نائب صدرِ جمہوریہ ہند جناب سی  پی  رادھا کرشنن نے آندھرا پردیش کے پُتّاپارتھی میں سری ستیہ سائی بابا کی صد سالہ تقریبات کی رونق بڑھائی


سری ستیہ سائے بابا: امن، محبت اور بے لوث خدمت کے عظیم پیامبر تھے: نائب صدر جمہوریہ

بابا کی تعلیمات — "سب سے محبت کرو، سب کی خدمت کرو”؛ “ہمیشہ مدد کرو، کبھی نقصان نہ پہنچاؤ”—آج بھی کروڑوں دلوں کو متاثر کرتی ہیں: نائب صدر جمہوریہ

سری ستیہ سائی بابا نے اپنی زندگی ذات، مذہب اور قومیت سے بالاتر ہو کر انسانیت کی خدمت کے لیے وقف کردی: نائب صدر جمہوریہ

نائب صدر نے تلگو گنگا نہر کے احیاء میں سری ستیہ سائی بابا کے کلیدی کردار کو یاد کیا، جس نے چنئی کے لیے پینے کے پانی کو یقینی بنایا

آج کی غیر یقینی اور تنازعات سے بھری دنیا میں سری ستیہ سائی بابا کی تعلیمات پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہیں: نائب صدر جمہوریہ

نائب صدر نے سری ستیہ سائی سینٹرل ٹرسٹ کی صحت، تعلیم اور سماجی بہبود کے شعبوں میں تبدیلی لانے والی خدمات کی تعریف کی

Posted On: 23 NOV 2025 2:22PM by PIB Delhi

آج نائب صدرِ ہند جناب سی۔ پی۔ رادھا کرشنن نے آندھرا پردیش کے پُتّاپارتھی میں واقع سری ستیہ سائی ہل ویو اسٹیڈیم میں سری ستیہ سائی بابا کی صد سالہ تقریبات میں شرکت کی۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے، نائب صدر نے سری ستیہ سائی بابا کو “بھگوان کے ایک عظیم پیامبر، امن، محبت اور بے لوث خدمت کے علَم بردار” کے طور پر بیان کیا، جن کا پیغام اور مشن ذات، مذہب، طبقے اور قومیت کی تمام سرحدوں سے ماورا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بابا کے رہنما اصول — “سب سے محبت کرو، سب کی خدمت کرو” اور “ہمیشہ مدد کرو، کبھی نقصان نہ پہنچاؤ” — ان کی ہر پہل، ہر اقدام اور ہر اس زندگی میں جھلکتے ہیں جسے انہوں نے چھوا۔

سنت اور شاعر تھروّلوَور کے کُرَل کا حوالہ دیتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ سری ستیہ سائی بابا نے اس ابدی سچائی کو اپنی زندگی میں مجسم کر دکھایا، کیونکہ انہوں نے اپنی پوری زندگی انسانیت سے محبت اور اس کی خدمت کے لیے وقف کردی۔

نائب صدر نے زور دیا کہ بابا کی تعلیمات — ستیہ (سچ)، دھرم (راستی)، شانتی (امن)، پریم (محبت) اور اہنسا (عدمِ تشدد) — پر مبنی ہیں، اور یہ ابدی اقدار ایک ہم آہنگ اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بابا کا یہ پیغام کہ انسانیت نفرت کی جگہ ہم آہنگی اور خودغرضی کی جگہ قربانی کو اپنائے، آج کی غیر یقینی اور تنازعات سے بھری دنیا میں خاص طور پر اہم ہے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عوامی زندگی بھی سچائی، فرض شناسی، ہمدردی اور اخلاقی ذمہ داری سے رہنمائی حاصل کرے — وہ خوبیاں جن کی سری ستیہ سائی بابا نے پوری طاقت سے وکالت کی۔

سری ستیہ سائی سنٹرل ٹرسٹ کے دور رس اثرات کو اجاگر کرتے ہوئے، نائب صدر نے صحت، تعلیم اور سماجی فلاح کے شعبوں میں اس کی وسیع خدمات کی تعریف کی۔ انہوں نے ٹرسٹ کی موبائل دیہی طبی خدمات کو دور دراز آبادیوں کے لیے “ایک زندگی بخش سہارا” قرار دیا اور ٹرسٹ کی تعلیمی اداروں کی بھی تعریف کی جو عالمی معیار کی، اقدار پر مبنی اور مکمل طور پر بلامعاوضہ تعلیم فراہم کرتے ہیں۔

نائب صدر نے کہا کہ ٹرسٹ پینے کے صاف پانی کے منصوبوں، آفات سے نجات کے کاموں اور بے شمار انسان دوست خدمات کے ذریعے مسلسل کمیونٹیز کی ترقی میں مصروف ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ سری ستیہ سائی بابا کا تیلگو گنگا نہر کی بحالی میں اہم کردار تھا، جس نے چنئی کو پینے کے پانی کی فراہمی کو ممکن بنایا — ایک ایسی خدمت جسے تمل ناڈو کے لوگ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام اقدامات، اس بات کی پائیدار مثالیں ہیں کہ محبت جب خدمت کا روپ دھار لے تو معاشرے کی تقدیر بدل سکتی ہے۔

اس مبارک موقع پر نائب صدر نے تمام عقیدت مندوں اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ضرورت مندوں کی مدد کرکے اور خاندانوں، برادریوں اور پوری قوم میں امن و ہم آہنگی کو فروغ دے کر بابا کی وراثت کا احترام عمل کے ذریعے کریں۔

سائی برادری کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے انہوں نے آفاقی دعا کے ساتھ اپنے خطاب کا اختتام کیا: “سمستھ لوکاہ سُکھینو بھونتو!”

انہوں نے امید ظاہر کی کہ سری ستیہ سائی بابا کی تعلیمات انسانیت کی راہ کو روشن کرتی رہیں گی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ “سب سے بڑی عبادت خدمت ہے، اور سب سے عظیم نذرانہ محبت ہے۔”

صد سالہ تقریبات کے دوران، نائب صدر نے سری ستیہ سائی ہل ویو اسٹیڈیم، پُتّاپارتھی میں طلبہ کی ثقافتی پرفارمنس بھی دیکھی۔

تقریب میں آندھرا پردیش کے وزیرِ اعلیٰ جناب این چندرا بابو نائیڈو، تریپورہ کے گورنر جناب این۔ اندر سِینا ریڈی، تلنگانہ کے وزیرِ اعلیٰ جناب اے۔ ریونتھ ریڈی، آندھرا پردیش حکومت کے وزیر تعلیم، آئی ٹی، الیکٹرانکس اینڈ کمیونیکیشن اور آر ٹی جی جناب اینارا لوکیش، تمل ناڈو حکومت کے وزیر جناب شیکھر بابو، سری ستیہ سائی سنٹرل ٹرسٹ کے منیجنگ ٹرسٹی جناب آر۔ جے۔ رتھناکر، سری ستیہ سائی سیوا آرگنائزیشن کے آل انڈیا صدر جناب نمیش پانڈیا، سری ستیہ سائی انسٹی ٹیوٹ آف ہایئر لرننگ کے چانسلر جناب کے۔ چکرورتی اور دیگر معزز مہمانان موجود تھے۔

*****

ش ح۔م ع۔ ن م۔

U- 1676

                          


(Release ID: 2193227) Visitor Counter : 6