وزارت آیوش
آیوش پویلین، انڈیا انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر 2025 میں ایک بڑی توجہ کا مرکز بنا
آیوش پویلین نے آئی آئی ٹی ایف 2025 میں بچوں کے لیے مفت مشاورت ، مفت ادویات اور مصروف سرگرمیوں کے ساتھ خاندانوں کو اپنی طرف متوجہ کیا
آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید نے صحت مند نمکین(ہلکی غذائیں) اور پریمیکس کے ساتھ آیوروید پر مبنی غذائیت کی نمائش کی
نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید نے آئی آئی ٹی ایف 2025 میں ساتوک ڈائیٹ اور آیورویدک ویلنیس پروڈکٹس کو نمایاں کیا
راشٹریہ آیوروید ودیاپیٹھ نے آیوروید غذائیت ، باجرا کوئز اور صحت مند کھانے کی اختراعات کے ساتھ عالمی زائرین کو اپنی طرف متوجہ کیا
مورارجی دیسائی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف یوگا نے آئی آئی ٹی ایف کے زائرین کو وائی بریکس ، یوگا ڈیمو اور انٹرایکٹو کوئز سے منسلک کیا
یونانی سیکشن نے روایتی پکوان، ڈیجیٹل مزاج تشخیص اور مفت مشاورت کے امتزاج سے زائرین کی بڑی تعداد کو اپنی طرف راغب کیا
سدھا سسٹم نے احتیاطی صحت، غذائیت سے بھرپور مشروبات اور کھانوں جیسے ہبسکس چائے اور پنچ موٹی کانجی کی افادیت اجاگر کی
نیشنل میڈیسنل پلانٹس بورڈ نے اٹل آیوش مہوتسو کے تحت ادویاتی پودے تقسیم کرتے ہوئے جڑی بوٹیوں سے متعلق بیداری کو فروغ دیا
آیوش اسٹارٹ اپس نے آئی آئی ٹی ایف 2025 میں جدید ویلنیس مصنوعات کی نمائش کے ساتھ انٹرپرینیورشپ کو تقویت بخشی
Posted On:
21 NOV 2025 1:18PM by PIB Delhi
وزارتِ آیوش انڈیا انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر (آئی آئی ٹی ایف) 2025 میں "آیوش کے ساتھ — سوستھ بھارت، شریشٹھ بھارت" کے موضوع کے تحت ہندوستان کے روایتی صحت کے نظام کے بہترین ورثے کو مؤثر انداز میں پیش کر رہی ہے۔آیوش پویلین میں قائم تھیمیٹک اسٹالز میلے کی نمایاں ترین کشش کے طور پر سامنے آئے ہیں، جنہوں نے ہزاروں زائرین کو اپنی جانب متوجہ کیا۔ زائرین آیوروید، یوگا، نیچروپیتھی، یونانی، سدھا، سووا-رِگپا اور ہومیوپیتھی سے جڑے جامع اور ہمہ جہت تندرستی کے حل دریافت کرنے کے لیے بڑی تعداد میں یہاں پہنچ رہے ہیں۔

ہر اسٹال آیوش صحت کے نظام کے ایک منفرد پہلو کو اجاگر کرتا ہے—جس میں ڈیجیٹل تشخیص، غذائی مظاہرے، انٹرایکٹو سرگرمیاں اور ماہرین کی مشاورت شامل ہیں۔ پویلین کو اس انداز سے ترتیب دیا گیا ہے کہ تمام عمر کے افراد لائیو ڈیمونسٹریشن، تعلیمی نشستوں اور شرکتی سرگرمیوں کے ذریعے متحرک طور پر اس میں شامل رہیں۔

پویلین کی مرکزی کشش آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید (اے آئی آئی اے) کا اسٹال ہے، جو علاج بخش خصوصیات کے حامل فعال غذائی مصنوعات اور ان کی افادیت کے مؤثر مظاہرے کے ذریعے آیوروید پر مبنی غذائیت کے طریقوں کو نمایاں کر رہا ہے۔ یہاں راگی ناچوس، سنتھیادی لڈو، راگی اُرَد لڈو، مڈگا سوپ پریمکس اور یاوادی سکتو جیسے کھانے پیش کیے جا رہے ہیں، جو مکمل طور پر کلاسیکی آیورویدک اصولوں کے مطابق تیار کیے گئے ہیں۔ ماہرین اس بات کی وضاحت کر رہے ہیں کہ یہ تیاریاں کس طرح بہتر غذائیت، بالخصوص خون کی کمی پر قابو پانے، قوتِ مدافعت بڑھانے اور نظامِ ہاضمہ کی بہتری میں معاون ہیں۔ زائرین کو تعلیمی کتابچے بھی فراہم کیے جا رہے ہیں جن میں ترکیبیں، طریقۂ تیاری اور روایتی اناج، جڑی بوٹیوں اور مصالحوں کے جسمانی مضبوطی میں کردار پر مفصل معلومات شامل ہیں۔

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید (این آئی اے) جے پور نے بھی ’آیوش آہار‘ کے موضوع کے تحت ایک جامع ڈسپلے پیش کیا ہے۔ اس اسٹال میں ستوِک غذائی مصنوعات مثلاً ترپھلا جام، ریجوونیٹنگ گرینیولز اور راگی بسکٹ شامل ہیں، جبکہ ذاتی نگہداشت کی مصنوعات جیسے ایلوویرا جیل، لپ بام اور فُٹ کریم بھی نمائش میں رکھی گئی ہیں، جو مستند آیورویدک اجزاء سے تیار کی گئی ہیں۔ فیکلٹی ارکان زائرین سے گفتگو کے ذریعے یہ وضاحت کر رہے ہیں کہ ستوِک غذائی اصول ذہنی یکسوئی، توانائی کے توازن اور طویل مدتی تندرستی میں کس طرح کردار ادا کرتے ہیں۔ معلوماتی بروشر بھی دستیاب ہیں جن میں روزمرہ طرزِ زندگی میں آیوروید پر مبنی سادہ غذائی تبدیلیاں اپنانے سے متعلق رہنمائی شامل ہے۔

راشٹریہ آیوروید ودیاپیٹھ (آر اے وی) ’آیوش آہار‘ کے موضوع کے تحت آیوروید پر مبنی غذائیت سے متعلق مصنوعات کی نمائش کر رہا ہے۔ اس اسٹال میں پوشَک کوکیز (تل، اجوائن و جیرا)، اینی بریڈ، جیتایو چائے، این پی ڈرنک اور فل مون چاکلیٹ شامل ہیں، جو روزمرہ غذائی معمولات میں آیورویدک اصولوں کے انضمام کو اجاگر کرتی ہیں۔ زائرین کی دلچسپی بڑھانے کے لیے باجرے سے متعلق ایک معلوماتی کوئز بھی رکھا گیا ہے، جو باجرے کی غذائی افادیت اور آیوروید میں اس کے کردار سے آگاہی فراہم کرتا ہے۔ اس اسٹال نے طلبہ، خاندانوں اور بین الاقوامی مہمانوں کی بھرپور شرکت کو اپنی جانب راغب کیا ہے۔

مرارجی دیسائی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف یوگا (ایم ڈی این آئی وائی) پویلین میں یوگا پر مبنی تعلیمی سرگرمیوں کے ذریعے نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ یہاں کامن یوگا پروٹوکول، تال پر مبنی یوگا ڈیمونسٹریشن، انٹرایکٹو یوگا کوئزز اور مختصر ’’وائی-بریک‘‘ سیشن پیش کیے جا رہے ہیں جو کام کرنے والے افراد کے لیے فوری ذہنی و جسمانی سکون فراہم کرنے کے مقصد سے تیار کیے گئے ہیں۔ ان سرگرمیوں کے ذریعے زائرین یہ سیکھ رہے ہیں کہ تناؤ میں کمی، ارتکاز اور جسمانی لچک بہتر بنانے کے لیے یوگا کی سادہ مشقیں جدید طرزِ زندگی میں بغیر کسی رکاوٹ کے شامل کی جا سکتی ہیں۔

یونانی طب کی نمائندگی سینٹرل کونسل فار ریسرچ اِن یونانی میڈیسن (سی سی آر یو ایم) اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف یونانی میڈیسن (این آئی یو ایم) کے اشتراک سے کی جا رہی ہے۔ اسٹال میں روایتی یونانی غذائیں جیسے ہریرہ، یونانی قہوہ، حلوہ گھیکوار، گلکنڈ اور تلبینہ پر مبنی جو کی مصنوعات پیش کی جا رہی ہیں، اور ان کی علاج معالجے کی اہمیت یونانی غذائی اصولوں کی روشنی میں بیان کی جا رہی ہے۔ ڈیجیٹل مزاج تشخیص کیوسک زائرین کی خاص توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، جس کے ذریعے وہ یونانی نظام کے چار مزاج—دموی، بلغمی، صفراوی اور سوداوی—میں اپنا مزاج پہچان سکتے ہیں۔ اسٹال پر معالجین مفت مشاورت اور ادویات فراہم کر رہے ہیں۔

سدھا نظام کی نمائندگی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سدھا (این آئی ایس) چنئی اور سینٹرل کونسل فار ریسرچ اِن سدھا (سی سی آر ایس) کے اشتراک سے کی جا رہی ہے۔ یہاں احتیاطی صحت، غذائیت اور عوامی بیداری پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ ’آیوش آہار‘ کے موضوع کے تحت، ہبسکس انفیوژن چائے، پنچموٹی کانجی، کریسلائی مٹھائی اور حلیم ناچوس پیش کیے جا رہے ہیں، جن میں خاص طور پر ہبسکس چائے زائرین کی غیر معمولی دلچسپی حاصل کر رہی ہے۔ این آئی ایس نہ صرف معلوماتی مواد اور مفت طبی مشاورت فراہم کر رہا ہے بلکہ اپنے بی اے ایم ایس، ایم ڈی/ایم ایس اور پی ایچ ڈی پروگراموں سے متعلق آگاہی بھی دے رہا ہے، جس سے سدھا تعلیم و تحقیق میں نئے امکانات پیدا ہو رہے ہیں۔

سنٹرل کونسل فار ریسرچ اِن ہومیوپیتھی (سی سی آر ایچ) نے ایک جامع اسٹال قائم کیا ہے جس میں تحقیقی اشاعتیں، پوسٹرز، ڈیجیٹل مواد اور ہومیوپیتھی میں طبی مطالعات و حفاظتی پروٹوکول سے متعلق معلومات شامل ہیں۔ پویلین کے اندر قائم ہومیوپیتھک اوپی ڈی میں معالجین نہ صرف مفت مشاورت فراہم کر رہے ہیں بلکہ ضرورت مند زائرین کو ادویات بھی دے رہے ہیں۔ اس نمائش میں ہومیوپیتھی کے بنیادی اصولوں، انفرادی علاج کی اہمیت اور تحقیق و طبی توثیق کے لیے سی سی آر ایچ کے سائنسی و کلینکل طریقۂ کار کی وضاحت بھی شامل ہے۔

آیوش کے تمام نظاموں کے ادارے پویلین میں نمایاں شرکت کر رہے ہیں۔ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سووا-رگپا زائرین کو خطۂ ہمالیہ کی قدیم شفائی روایات سے روشناس کر رہا ہے۔ اسٹال میں سووا-رگپا غذا، علاج معالجے اور جڑی بوٹیوں کے فارمولیشن سے متعلق تفصیلی معلومات پیش کی گئی ہیں۔ ادارہ روزانہ تقریباً چالیس مفت مشاورت فراہم کر رہا ہے، جہاں ماہر معالج کلاسیکی متون کی بنیاد پر شخصی رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔ یہ مکالمہ زائرین کو طب کے ایک ایسے نظام کو سمجھنے کا منفرد موقع فراہم کر رہا ہے جو غذا، طرزِ عمل اور جڑی بوٹیوں کے امتزاج کے ذریعے فطرت کے ساتھ ہم آہنگی کو ترجیح دیتا ہے۔

نیشنل میڈیسنل پلانٹس بورڈ (این ایم پی بی) نے ادویاتی پودوں کی براہِ راست نمائش کا اہتمام کیا ہے، جس کے ساتھ ان کی شناخت، کاشت اور علاج میں افادیت سے متعلق تفصیلی رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔ گھروں میں جڑی بوٹیوں کے استعمال کے حوالے سے معلوماتی مواد زائرین میں تقسیم کیا جا رہا ہے۔ جاری "اٹل آیوش مہوتسو" کے تحت، این ایم پی بی بھارت رتن آنجہانی جناب اٹل بہاری واجپئی جی کے صد سالہ یومِ پیدائش کی مناسبت سے ادویاتی پودے بھی تقسیم کر رہا ہے، جس کے باعث گھریلو سطح پر جڑی بوٹیوں کی کاشت میں دل چسپی رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد اس اسٹال کی طرف متوجہ ہو رہی ہے۔

وزارتِ آیوش کے تحت حکومتِ ہند کا ادارہ انڈین میڈیسن فارماسیوٹیکل کارپوریشن لمیٹڈ (آئی ایم پی سی ایل) پویلین میں اپنی مستند آیورویدک اور یونانی ادویات کی رینج پیش کر رہا ہے۔ موہن (اتراکھنڈ) میں واقع اپنی ڈبلیو ایچ او – جی ایم پی اور آئی ایس او مصدقہ مینوفیکچرنگ سہولت کے ساتھ آئی ایم پی سی ایل مرکزی اور ریاستی سرکاری صحت اداروں کو فراہم کی جانے والی اعلیٰ معیار کی کلاسیکی ادویات کو نمایاں کر رہا ہے۔ اسٹال میں تنظیم کی قابلِ اعتماد مصنوعات اور مالی سال 2024–25 میں تقریباً 170 کروڑ روپے کے سالانہ کاروبار کو اجاگر کیا جا رہا ہے، جس سے ملک میں معیاری و محفوظ آیوش ادویات کی دستیابی یقینی بنانے میں اس کے اہم کردار پر روشنی پڑتی ہے۔

فارماکوپیا کمیشن فار انڈین میڈیسن اینڈ ہومیوپیتھی (پی سی آئی ایم اینڈ ایچ) اپنے مینڈیٹ، سرگرمیوں اور تحقیقی پیش رفت سے متعلق بروشرز اور آڈیو ویژول مواد کے ساتھ ساتھ اے ایس یو اینڈ ایچ فارماکوپیا، فارمولریز اور ڈرائیڈ سنگل ڈرگز سمیت اہم اشاعتوں کی نمائش کر رہا ہے۔ فارماکوپیئل معیارات کے لیے ملک کا اعلیٰ ترین ادارہ ہونے کے ناطے—اور این اے بی ایل سے تسلیم شدہ لیبارٹری و بی آئی ایس سے مصدقہ انٹیگریٹڈ مینجمنٹ سسٹم کے ساتھ—پی سی آئی ایم اینڈ ایچ آیوروید، سدھا، یونانی اور ہومیوپیتھی ادویات کے معیار، سلامتی اور سائنسی توثیق کے بارے میں عوامی بیداری بڑھانے کے لیے پویلین کو مؤثر پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔

سنٹرل کونسل فار ریسرچ اِن یوگا اینڈ نیچروپیتھی (سی سی آر وائی این) نیچروپیتھی پر مبنی غذائیت اور تندرستی سے متعلق متعدد سرگرمیوں کا اہتمام کر رہی ہے۔ اسٹال میں ’آیوش آہار‘ کو جسمانی اور ڈیجیٹل دونوں شکلوں میں پیش کیا گیا ہے، جس میں دستاویزی فلمیں اور آڈیو ویژول مواد شامل ہیں۔ قدرتی علاج اور یوگا کے اصولوں سے متعلق آئی ای سی مواد بھی زائرین میں تقسیم کیا جا رہا ہے۔ زائرین کو تل لڈو، مونگ پھلی–تل لڈو، مکھانا لڈو اور باجرے کے نمکین چکھنے کا بھی موقع فراہم کیا جا رہا ہے، جو کلاسیکی قدرتی علاج کی کتب میں مذکور سادہ اور صحت بخش غذائی اختیارات کی عملی مثال پیش کرتے ہیں۔

پویلین میں متعدد آیوروید پر مبنی اسٹارٹ اَپس بھی شامل ہیں، جو جلد اور بالوں کی دیکھ بھال کی مصنوعات، ڈیٹوکس ڈرنکس، آیورویدک غذائی اشیا اور دیگر تندرستی مصنوعات کی نمائش کر رہے ہیں۔ ان کی شرکت وزارتِ آیوش کے نوجوان کاروباریوں کی سرپرستی اور اختراعات کے فروغ کے عزم کی عکاس ہے، جو نئے اداروں کو زائرین سے براہِ راست رابطے کا موقع فراہم کرتی ہے اور انہیں روایتی شفائی علوم کے جدید استعمالات سے روشناس کراتی ہے۔

پویلین کی دلکشی میں اضافہ کرتے ہوئے ایک خصوصی سرگرمی زون بھی قائم کیا گیا ہے، جو بچوں، نوجوانوں اور خاندانوں کی دلچسپی کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔ یہاں ڈرائنگ مقابلے، صحت پر مبنی سانپ اور سیڑھی کے کھیل، پرکروتی و میزاج ٹیسٹ، نعرہ نویسی و پوسٹر سازی، اسپِن دی وہیل گیم، باجرہ کوئز اور خصوصی فوٹو بوتھ شامل ہیں۔ یہ سرگرمیاں نہ صرف بھرپور شمولیت کو یقینی بناتی ہیں بلکہ زائرین کو خوشگوار اور تعاملی انداز میں تندرستی کے تصورات کو سمجھنے کا بہترین موقع بھی فراہم کرتی ہیں۔

آئی آئی ٹی ایف 2025 میں آیوش پویلین اپنی ہمہ جہت نمائشوں اور زائرین کی بھرپور شرکت کے باعث مسلسل مرکزِ نگاہ بنا ہوا ہے۔
پویلین میں ہندوستان کی مجموعی اور روایتی نظامِ صحت کی بھرپور میراث کو نہایت مؤثر انداز میں اجاگر کیا گیا ہے، جہاں یہ نمایاں طور پر سامنے آتا ہے کہ کس طرح کلاسیکی آیوش علوم کو جدید سائنسی طریقۂ کار کے ساتھ ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔مزید برآں، زائرین کے لیے مفت صحت جانچ کی سہولت اور آیوش ادویات کی فراہمی بھی یقینی بنائی گئی ہے، جو وزارتِ آیوش کی احتیاطی، کم خرچ اور کمیونٹی پر مبنی صحت کے فروغ کے عزم کی عملی مثال ہے۔




*********
( ش ح۔ اس ک۔ ش ہ ب )
U.No.1593
(Release ID: 2192505)
Visitor Counter : 11